شہر قائد میں تقریباً نصف صدی کے بعد ڈبل ڈیکر بسیں آج سڑکوں پر رواں دواں ہیں، جس سے کراچی کے باسیوں کی پرانی یادیں تازہ ہو گئیں۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کراچی میں ڈبل بسوں کا افتتاح کردیا، جو آزمائشی طور پر ملیر سے شاہراہ فیصل تک چلائی گئی ہیں۔ اس موقع پر حکام کی جانب سے وزرا کو بسوں کی خصوصیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہم نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا اور کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز ہوگیا ہے۔ 2026ء میں عوام کو ٹرانسپورٹ کی پہلے سے زیادہ سہولیات دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر نئے سال میں ہر سڑک پر ڈبل ڈیکر بسیں ہوں گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عوام کو سفر کے لیے ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ پیپلز بس میں روزانہ ایک لاکھ مسافر سفر کررہے ہیں۔ سندھ کے ہر ضلع میں بس سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں انڈسٹریل ایریا کی سڑکوں کے لیے9 ارب روپے دیں گے۔ سندھ حکومت کا شاہراہ بھٹو ایک عظیم منصوبہ ہے۔
انہوں نے پاکستانی قوم کو نئے سال کی پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن ار گرین لائن کے ذریعے بڑی تعداد میں کراچی کے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی کرے گی۔





































