سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے نئے سال کے آغاز پر شہر قائد میں رہنے والوں کے لیے خوش خبری سنا دی۔
اورنج لائن کے گرین لائن میں انضمام کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایدھی اورنج لائن کے 4 کلومیٹر ٹریک کو اب گرین لائن سے منسلک کردیا گیا ہے۔ دونوں بی آرٹی لائن کےانضمام سےاورنگی کے مکینوں کو نمائش اور ناگن چورنگی تک سفر میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نےایدھی اورنج لائن بی آرٹی کوریڈور بنالیا گیا ہے۔ مسافروں کی شکایت تھی کہ ایدھی اورنج لائن کےبعد دِقت آتی تھی۔ سندھ حکومت نےدونوں بی آرٹی لائن کا انضمام کردیاہے۔ اب مسافروں کو الگ الگ کرایہ ادا نہیں کرنا ہوگا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گرین لائن بی آرٹی کا انتظام سندھ حکومت کو ملنےکے بعد یومیہ رائیڈرشپ 55ہزار سے بڑھ کر 75ہزار ہوچکی ہے جب کہ ہمارا ہدف ہےکہ یومیہ ایک لاکھ مسافر گرین،ایدھی اورنج لائن بی آرٹی میں سفر کریں۔ سندھ حکومت نے خطےمیں پہلی مرتبہ خواتین کےلیے الگ بی آرٹی شروع کی ہے۔

































