مصدق ملک کا دورہ بھارت: سفارتی پیشرفت یا محض رسمی شرکت، پاکستان نے کیا کامیابی حاصل کی؟

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک کا 20 سے 22 نومبر تک بھارت کا دورہ پاکستان اور بھارت کے کشیدہ تعلقات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل رہا۔ پاکستان اور بھارت کے میڈیا نے نہ صرف ان کے دورے کو خصوصی اہمیت دی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بہت زیادہ بات ہوئی، جس کو اس دورے کی کامیابی کے طور پر شمار کیا جا سکتا ہے۔

اِس دورے پر ایک طرف انتہا پسند بھارتی تو دوسری طرف معتدل کانگریس بھی معترض رہی کہ بی جے پی حکومت نے پہلگام حملے کے بعد ایک پاکستانی وزیر کو اپنے ہاں کیوں مدعو کیا۔

یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ پاکستان نے ایسے وقت میں بھارت کے زیر اہتمام فورم میں شرکت کی جب دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات اور سیاسی رابطے انتہائی محدود ہیں۔ پاکستان کی یہ شرکت اس بات کا اظہار بھی تھی کہ اسلام آباد علاقائی تنظیموں کے پلیٹ فارم پر فعال اور متحرک کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

’مئی 2025 کے بعد پاکستانی وزیر کا پہلا دورہ جو یادگار بن گیا‘

مئی 2025 کی فوجی کشیدگی کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ پہلا دورہ بھارت تھا۔ بظاہر یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کے لیے کیا گیا تھا، تاہم ڈاکٹر مصدق ملک کے تحمل مزاج رویے، برجستہ جوابات اور بھارتی صحافیوں کے جارحانہ اور بے محل سوالات کا جس شائستگی اور خوش اسلوبی سے انہوں نے سامنا کیا، اس نے اس دورے کو خاص بنا دیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک کا ہر جواب اور ان کا ہر انداز بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنتا رہا۔ بظاہر یوں محسوس ہوتا تھا جیسے پورے بھارتی میڈیا کی توجہ ڈاکٹر مصدق ملک پر مرکوز ہو اور ان کی گفتگو اور جوابات ہی خبروں کی نمایاں سرخیاں بن رہے ہوں۔

مصدق ملک کے اس دورے کے سیاسی، سفارتی اور علاقائی اثرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس دورے کے حوالے سے بنیادی سوالات یہ ہیں کہ کیا ڈاکٹر مصدق ملک نئی دہلی میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے میں کامیاب رہے؟ کیا ان کے اس دورے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی اور برف پگھلنے کے امکانات پیدا ہوئے؟ اور کیا پاکستان نے اس موقع کو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کرنے کے لیے استعمال کیا یا یہ دورہ محض ایک کثیرالملکی اجلاس میں شرکت اور پاکستان کا مؤقف پیش کرنے تک محدود رہا؟

پاکستان نے بھارت کے ساتھ شدید کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطے کا راستہ کھلا رکھا، اپنے مؤقف کی وضاحت کی اور ایس سی او میں اپنی موجودگی اور اہمیت کا احساس دلایا، تاہم دوطرفہ تنازعات کے حل یا مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

دورے کی اہمیت اور پاکستان کا سفارتی مؤقف

پاکستان کے وفاقی وزیر مصدق ملک گو کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے لیے شریک ہوئے لیکن بھارتی میڈیا نے ان سے دہشتگردی کے حوالے سے بہت سے جارحانہ سوالات کیے جس کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی بات کرتا رہا ہے اور اس سلسلے میں بات شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے جس کے لیے پاکستان دوطرفہ یا ملٹی لیٹرل (کثیرالجہتی فورمز) پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک کی اِس بات کو میڈیا میں اس بات سے تعبیر کیا گیا کہ پاکستان دوطرفہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

بھارت کے معروف دفاعی تجزیہ نگار پراوین ساہنی نے کہا ’پاکستان کو اگر دعوت دی جائے تو وہ دہشت گردی کے بارے میں بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن بات تو شروع کی جائے، اگر وہاں سے بات شروع ہو گی تو آگے بڑھے گی۔ پاکستان کے ساتھ بات چیت بھارت کے فائدے میں ہے۔‘

ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تہذیبوں کے درمیان مکالمے، علاقائی تعاون اور امن کے فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے اس مؤقف کا اظہار کیا کہ خطے کے مسائل الزام تراشی کے بجائے ٹھوس شواہد اور باہمی مکالمے کے ذریعے حل ہونے چاہییں۔

بھارتی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کے معاملے پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے الزامات کے تبادلے کے بجائے ایک شفاف اور قابل تصدیق طریقہ کار ہونا چاہیے۔

بھارتی مبصرین کیا کہتے ہیں؟

پاکستان میں بھارت کے سابق ہائی کمشنر اجے بساریہ نے اس دورے کو ایک مثبت علامت قرار دیا۔ ان کے مطابق اس بات کی اہمیت ہے کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے سے گریز نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ ظاہر کرتا ہے کہ تعلقات اس حد تک خراب نہیں ہوئے کہ دونوں ممالک کسی مشترکہ پلیٹ فارم پر بھی اکٹھے نہ بیٹھ سکیں، تاہم انہوں نے اس دورے کو کسی بڑی سفارتی پیش رفت کا نتیجہ قرار دینے سے گریز کیا۔

ان کے مطابق پاکستان کو دعوت دینے کی بنیادی وجہ ایس سی او کا طریقہ کار تھا، کیونکہ بھارت نے اس فورم کے لیے تنظیم کے تمام رکن ممالک کو مدعو کیا تھا۔

پاکستانی ماہرین کے نزدیک دورے کی سفارتی اہمیت

انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اسلام آباد کے صدر اور سابق سیکریٹری خارجہ جوہر سلیم نے اپنے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بین الاقوامی فورم میں ملک کی نمائندگی کے لیے نمائندے کا انتخاب متعلقہ ریاست کا اختیار ہوتا ہے۔

ان کے نزدیک تہذیب کا تصور صرف ثقافت اور ورثے تک محدود نہیں بلکہ معاشروں کے اپنی سرزمین، دریاؤں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات سے بھی جڑا ہوا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر سلمان بشیر نے کہا کہ ان کے مطابق ایس سی او ایسا پلیٹ فارم ہے جو پاکستان اور بھارت کو کم از کم تہذیب اور شائستگی کے ساتھ ایک دوسرے کے سامنے بیٹھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، لیکن اسے دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کا راستہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ان آرا سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے سفارتی حلقوں میں بھی اس دورے کو فوری سیاسی کامیابی کے بجائے ایک محدود مگر ضروری سفارتی رابطے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

بھارت نے کیا مثبت اشارہ دیا اور کہاں رکاوٹ برقرار رہی؟

اس دورے کے دوران بھارت کی جانب سے سب سے اہم سیاسی پیغام یہ تھا کہ پاکستان کو ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی، لیکن نئی دہلی نے واضح کیا کہ اس کا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ پالیسی میں تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے واضح کیا کہ یہ ایس سی او کے دائرہ کار میں ایک کثیرالجہتی تقریب تھی، جس میں تمام رکن ممالک کو مدعو کیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھارت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

اس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت نے مصدق ملک کی موجودگی کو ایک بین الاقوامی تنظیم کے اجلاس تک محدود رکھا اور اسے دوطرفہ سیاسی رابطوں کی بحالی کا اشارہ نہیں بننے دیا۔

سندھ طاس معاہدہ

بھارت نے اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد 1960 کے اس معاہدے کو غیر مؤثر رکھنے کا اعلان کیا تھا، جسے پاکستان نے مسترد کیا ہے۔

مصدق ملک نے نئی دہلی میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے پر بات چیت کے لیے پاکستان کو باضابطہ دعوت دیتا ہے تو پاکستان مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت بھارت کی جانب سے اس مخصوص معاملے پر دوطرفہ مذاکرات کی دعوت نہیں دی گئی۔ جب بھارت اس معاملے پر بات چیت کے لیے بلائے گا تو وہ اس کے لیے دستیاب ہوں گے۔

کیا اس دورے سے 2027 کے ایس سی او سربراہی اجلاس کی راہ ہموار ہوئی؟

اس دورے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ پاکستان 27-2026 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کررہا ہے اور اگست 2027 میں اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہونا ہے۔

اس تناظر میں پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ تنظیم کے تمام رکن ممالک کے ساتھ رابطے برقرار رکھے۔

بھارت بھی ایس سی او کا رکن ہے اور اس کے سربراہ نریندر مودی کی اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ سربراہی اجلاس میں شرکت علاقائی سفارت کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

حکومت کا منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

حکومت نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

Read More

مستحقین کا پیسہ ہڑپ ہونے کا انکشاف، ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، اہم شواہد برآمد

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن اور مستحقین کا پیسہ ہڑپ کرنے کی

Read More

TECHNOLOGY

ایلون مسک کی ‘اسپیس ایکس’ کا پاکستانی نژاد انٹرپرینیور کی کمپنی سے 60 ارب ڈالر کا معاہدہ

مصنوعی ذہانت کے ذریعے کمپیوٹر کوڈ لکھنے والی کمپنی ”کرسر“ نے ایک بڑی پیش رفت

Read More

ٹک ٹاک کا نیا اے آئی فیچر، ویڈیوز کا انداز ہی بدل جائے گا

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے ایک نئے اور منفرد اے آئی فیچر کی

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.