نیٹ فلکس کی نئی مشکل، ناظرین اپنی پسند کا پروگرام تلاش کرنے میں بھی پریشان

دنیا کی مقبول ترین آن لائن اسٹریمنگ سروسز میں شامل نیٹ فلکس کے شریک سربراہ ٹیڈ سرینڈوس نے اعتراف کیا ہے کہ کمپنی کی ایپ میں بعض اوقات صارفین کے لیے اپنی پسند کا پروگرام تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

کمنی کا کہنا ہے کہ نئی فلموں اور سیریز کو نمایاں کرنے کی کوشش میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ پروگرام پیچھے رہ جاتے ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے صارف ایپ کھولتا ہے۔

یہ اعتراف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسٹریمنگ کمپنیوں کے لیے اب صرف زیادہ سے زیادہ فلمیں اور ڈرامے پیش کرنا کافی نہیں رہا بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ صارفین آسانی سے اپنی پسند کا مواد تلاش کرسکیں۔

بلوم برگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹیڈ سرینڈوس نے کہا کہ اسٹریمنگ سروسز کے درمیان مقابلہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ نیٹ فلکس کے دنیا بھر میں 32 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ صارفین ہیں لیکن اس کے باوجود لوگ روایتی ٹیلی وژن بھی بڑی تعداد میں دیکھ رہے ہیں۔

ان کے مطابق امریکا میں ٹیلی وژن دیکھنے کے مجموعی وقت کا تقریباً نصف حصہ اب بھی روایتی ٹی وی نشریات پر صرف ہوتا ہے۔ نیلسن کے اعدادوشمار کے مطابق اگست میں امریکا میں ٹی وی دیکھنے کے کل وقت میں اسٹریمنگ کا حصہ 49.6 فیصد تھا جبکہ روایتی نشریاتی اور کیبل ٹی وی کا حصہ 36.4 فیصد رہا۔

زیادہ مواد لیکن اچھی کہانیاں کہاں؟

نیٹ فلکس کو اب یوٹیوب اور دیگر حریف کمپنیوں سے بھی سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ کمپنی کے لیے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ ایسی فلمیں اور ڈرامے پیش کرے جنہیں دیکھنے کے لیے لوگ خاص طور پر وقت نکالیں۔

ایک وقت تھا جب نیٹ فلکس اپنے منفرد اور مقبول پروگراموں کے باعث پہچانا جاتا تھا۔ ’ہاؤس آف کارڈز‘ اور ’اورنج از دی نیو بلیک‘ جیسی سیریز نے اسے دنیا بھر میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

لیکن اب اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر فلموں اور ڈراموں کی اتنی بڑی تعداد موجود ہے کہ ناظرین کے لیے اپنی پسند کا پروگرام چننا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب کسی نئی سیریز یا فلم کا پہلے جیسا غیر معمولی مقبول ہوجانا بھی کمپنیوں کے لیے آسان نہیں رہا۔

سرینڈوس کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس کو اپنی مقبول فلموں اور سیریز کی کامیابی کی شرح برقرار رکھنے پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔ ان کے بقول کمپنی دنیا بھر میں اچھا کام کررہی ہے لیکن امریکا میں اسے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

مصنوعی ذہانت نہیں اچھی کہانی اصل اہمیت رکھتی ہے

نیٹ فلکس کے سربراہ کے مطابق کمپنی کی توجہ ایسی کہانیوں پر ہے جو زیادہ معیاری، تخلیقی اور متاثر کن ہوں نہ کہ صرف ایسے مواد پر جو ناظرین چند سیکنڈ کے لیے دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا میں کم معیار کے مواد کی بھرمار ہوگی تو لوگ زیادہ محنت سے تیار کی گئی اور بہتر کہانیوں کو ترجیح دیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نیٹ فلکس خود بھی مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ کمپنی نے اپنی کئی فلموں اور سیریز کی تیاری میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی استعمال کی ہے مثلاً بڑے ہجوم یا تاریخی جنگوں کے مناظر تیار کرنے کے لیے۔ اس طریقے سے اخراجات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے رواں سال اپنے مواد کی تیاری پر اخراجات میں تقریباً 10 فیصد اضافہ بھی کیا ہے۔

سرینڈوس کے خیال میں مصنوعی ذہانت صرف فلمیں اور ڈرامے بنانے میں ہی نہیں بلکہ ناظرین کو ان کی پسند کا مواد تلاش کرنے میں بھی مدد دے سکتی ہے۔

سنیما گھروں کی طرف بھی واپسی

نیٹ فلکس کی حکمت عملی میں ایک اور تبدیلی یہ ہے کہ کمپنی اب اپنی فلمیں سنیما گھروں میں دکھانے کے لیے بھی پہلے سے زیادہ تیار نظر آتی ہے۔

ماضی میں نیٹ فلکس کی توجہ زیادہ تر اپنی فلموں اور سیریز کو براہ راست اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر پیش کرنے پر رہی ہے لیکن اب کمپنی سنیما گھروں میں فلموں کی نمائش کو بھی ایک اہم موقع سمجھ رہی ہے۔

اس تبدیلی کی ایک مثال ’نارنیا: دی میجیشنز نیفیو‘ ہے، جسے سنیما گھروں میں دکھانے کا دورانیہ پہلے دو ہفتے مقرر کیا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے بڑھا کر 7 ہفتے کردیا گیا۔

سرینڈوس نے نیٹ فلکس کی اب تک کی سب سے زیادہ مقبول فلم ’کے پاپ ڈیمن ہنٹرز‘ کے اگلے حصے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم سنیما گھروں اور نیٹ فلکس دونوں جگہ بڑی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔

یوں نیٹ فلکس کے سامنے اب 2 بڑے چیلنج ہیں جن میں سے ایک تو یہ ہے کہ ایسی معیاری فلمیں اور سیریز بنانا جنہیں لوگ دیکھنا چاہیں اور دوسرا اپنی ایپ کو اس قدر آسان بنانا کہ ناظرین کو اپنی پسند کی چیز تلاش کرنے کے لیے طویل وقت ضائع نہ کرنا پڑے۔

Share On Social Media

KARACHI

TECHNOLOGY

چھوٹے کاروبار کی ترقی کے لیے واٹس ایپ بزنس کے 5 فیچرز کیا ہیں؟

تہواروں کا سیزن چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے سنہری موقع ثابت ہوتا

Read More

اردو کے فروغ کے لیے پاکستان کا نیا قدم، اے آئی سافٹ ویئر ’گرامورا‘ تیار

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اردو زبان کے فروغ اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے ہم

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.