پاکستان میں ریلوے کراسنگ پر موٹر سائیکل سوار کی جانب سے تیز رفتار ٹرین کی آمد کے باوجود پٹری عبور کرنے کی کوشش کا خطرناک واقعہ سامنے آیا ہے تاہم خوش قسمتی سے موٹر سائیکل سوار آخری لمحے میں ٹرین کی زد میں آنے سے بچ گیا اور ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار ٹرین ریلوے کراسنگ کی جانب بڑھ رہی ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار ٹرین کی آمد کے باوجود پٹری عبور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ٹرین انتہائی قریب پہنچنے کے باوجود موٹر سائیکل سوار چند لمحوں کے فرق سے محفوظ نکلنے میں کامیاب رہا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں کو نظرانداز کرنے پر تنقید کی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ چند سیکنڈ انتظار کرنے کے بجائے اپنی جان خطرے میں ڈالنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔



































