عطر سازی میں مصنوعی ذہانت کا استعمال، تیاری کا وقت 25 سے 30 فیصد تک کم ہوگیا

مصنوعی ذہانت نے عطر سازی کی صنعت میں بھی جگہ بنا لی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عطروں کی تیاری اور پیداوار کے لیے درکار وقت میں 25 سے 30 فیصد تک کمی آگئی ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت نئی اقسام کی خوشبوئیں تخلیق کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تاہم اس شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی انسانی حسی تجربے اور تخلیقی صلاحیتوں کا مکمل متبادل نہیں بن سکتی۔

امریکی کاسمیٹکس کمپنی ایسٹی لاڈر نے 2025 میں پیرس میں عطر سازی کا ایک مرکز قائم کیا، جہاں روایتی فنی مہارت کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ یکجا کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے مدد لی جاتی ہے۔

گروپ کے نائب صدر برائے تخلیقِ عطر لوکاس نانینی کے مطابق اس مرکز کا مقصد کمپنی کے اربوں ڈالر مالیت کے برانڈز، جن میں جو مالون لندن، کیلیان پیرس، لو لابو اور ٹام فورڈ بیوٹی شامل ہیں، کی مصنوعات کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

لوکاس نانینی نئی خوشبوؤں کی کچھ ترکیبوں کا تجربہ مرکز آنے والے افراد پر بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت ایسے امتزاج تیار کرنے میں مدد دیتی ہے جنہیں بظاہر ایک دوسرے کے متضاد سمجھا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ایسا خوشبودار تیل تیار کرنا جو بھرپور مہک رکھنے کے ساتھ ساتھ اتنا ہلکا بھی ہو کہ ہوا میں پھیل سکے۔

مصنوعی ذہانت عطر سازوں کو مخصوص خصوصیات رکھنے والے تیلوں کی شناخت میں مدد دیتی ہے، جس کے لیے ماضی میں برسوں تک آزمائش اور غلطی کے مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔

یہ ٹیکنالوجی ضابطہ جاتی امور کی تکمیل میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔ لوکاس نانینی کے مطابق اب ایک کلک کے ذریعے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ ایک ہزار سے زائد اجزا میں سے کوئی جزو کسی مخصوص ملک میں استعمال کرنے کے لیے قانونی طور پر قابلِ قبول ہے یا نہیں، جبکہ اس کے استعمال کی زیادہ سے زیادہ مجاز مقدار بھی معلوم کی جا سکتی ہے۔

جانوروں کے حقوق سے متعلق تنظیموں کے دباؤ کے بعد بعض جانوروں سے حاصل ہونے والے اجزا کے استعمال پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، ایسے میں مصنوعی ذہانت ان اجزا کے متبادل مالیکیولز تلاش کرنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔

امریکی کمپنی انٹرنیشنل فلیورز اینڈ فریگرنسز نے بھی تصدیق کی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے عطروں کی تیاری اور پیداوار کا وقت 25 سے 30 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

مسلسل ترقی کرتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں مخصوص خوشبوؤں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر سوئس کمپنی جیوڈان اور فرانسیسی کمپنی روبرٹیٹ نے بھی خوشبو کے نئے مالیکیولز دریافت کرنے والے آلات میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔

انٹرنیشنل فلیورز اینڈ فریگرنسز نے کئی دہائیوں کے دوران جمع کیے گئے اپنے ڈیٹا کی مدد سے مصنوعی ذہانت پر مبنی خصوصی آلات تیار کیے ہیں۔ ان میں سے ایک آلہ ایسے اجزا تجویز کرتا ہے جو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکتے ہیں اور اسے کمپنی کے ماہرین عطر سازی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق عطر ساز ہمیشہ ایسے اجزا اور خوشبوؤں کا امتزاج تلاش کرتے ہیں جو مستقبل میں لوگوں کے جذبات کو متاثر کر سکے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ آلہ کسی ایک جزو میں موجود مالیکیولز کا تجزیہ کرکے ایسے دیگر اجزا تجویز کرتا ہے جن میں ملتی جلتی خصوصیات پائی جاتی ہوں۔

مثال کے طور پر پودینے کے جوہر میں موجود مینتھون مرکب کی بنیاد پر یہ آلہ ایسے دوسرے اجزا کی نشاندہی کر سکتا ہے جن میں یہی مرکب موجود ہو۔

ماہر عطریات گینے کے مطابق بعض امتزاج فطری محسوس ہوتے ہیں، جبکہ کچھ بظاہر عجیب لگ سکتے ہیں، لیکن یہی وہ مقام ہے جہاں مصنوعی ذہانت کا آلہ اپنی اہمیت ظاہر کرتا ہے، کیونکہ یہ ماہرین کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتا اور انہیں جدت طراز امتزاج پر غور کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

مصنوعی ذہانت انسانی تخلیقی صلاحیتوں کا متبادل نہیں، ماہرین

دوسری جانب عطر سازی کے شعبے سے وابستہ تمام افراد مصنوعی ذہانت کے استعمال کو یکساں طور پر مفید نہیں سمجھتے۔

فرانسیسی پرفیوم ہاؤس ایلیوس کے شریک بانی گیوم تولے کا کہنا ہے کہ عطروں کی تیاری اور ان کے اجزا کے انتخاب کا حتمی فیصلہ انسان ہی کرتا ہے اور وہ اپنے ذاتی تخلیقی وژن کو ترجیح دیتے ہیں۔

ان کے مطابق موسیقی کی طرح خوشبوؤں میں بھی مختلف اجزا کو یکجا کرنے سے بعض اوقات بظاہر بے آہنگ امتزاج سامنے آتے ہیں، لیکن یہی چیز تخلیق کو دلچسپ بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کے سوا کوئی نہیں جان سکتا کہ ایسے اجزا کو مؤثر انداز میں کیسے استعمال کیا جائے۔

گیوم تولے نے 1992 میں تھیری موگلر کی جانب سے متعارف کرائے گئے مشہور عطر اینجل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ مصنوعی ذہانت کبھی اس طرز کی خوشبو تخلیق کرنے کی تجویز دے سکتی تھی۔ اس عطر کو اس وقت اپنی غیر معمولی میٹھی خوشبو کی وجہ سے انقلابی قرار دیا گیا تھا۔

Share On Social Media

KARACHI

کراچی؛ سولجر بازار گل رعنا کالونی میں گیس سلینڈر دھماکہ، چھت گرنے سے 4 جاں بحق اور 12 زخمی

شہر قائد کے علاقے گل رعنا کالونی سولجر بازار میں ایک گھریلو عمارت میں گیس

Read More

TECHNOLOGY

مصنوعی ذہانت نے فلم انڈسٹری کا انداز بدل دیا، کیا روایتی فلم سازی ختم ہوجائے گی؟

فلم انڈسٹری میں ایک بڑی تبدیلی جنم لے رہی ہے جہاں روایتی فلم سازی کے

Read More

آسان اقساط پر اسمارٹ فونز کی فراہمی کے منصوبے میں اہم پیشرفت

آسان اقساط پر اسمارٹ فونز کی فراہمی کے منصوبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.