سوتے ہی اچانک جھٹکا کیوں لگتا ہے، یہ کیفیت کیا ہے اور اس سے کیسے بچیں؟

کیا کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے کہ آپ بستر پر لیٹے ہوں، نیند آنے ہی والی ہو اور اچانک جسم کو ایک زور دار جھٹکا لگے؟ کبھی یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کسی اونچی عمارت، پہاڑ یا گہری کھائی سے نیچے گر رہے ہوں تو کبھی ایسا لگتا ہے جیسے کسی نے اچانک آپ کو دھکا دے دیا ہو۔ اس غیر متوقع جھٹکے سے انسان کی آنکھ کھل جاتی ہے اور چند لمحوں کے لیے وہ حیران رہ جاتا ہے کہ آخر ہوا کیا ہے۔

یہ تجربہ صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین، بچوں اور ہر عمر کے افراد کو پیش آ سکتا ہے۔ طبی اصطلاح میں اسے ’ہائپنک جرک‘ کہا جاتا ہے۔ یہ نیند اور بیداری کے درمیان منتقلی کے دوران پٹھوں میں ہونے والا ایک غیر ارادی اچانک کھچاؤ یا جھٹکا ہے۔ اسے ’ہائپناگاگک جرک‘ یا ’سلیپ اسٹارٹ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ کیفیت عام ہے اور عموماً بے ضرر ہوتی ہے تاہم بعض افراد میں یہ اتنی شدید ہو سکتی ہے کہ ان کی نیند بار بار ٹوٹ جاتی ہے۔

نیند آتے وقت جسم کو جھٹکا کیوں لگتا ہے؟

ہائپنک جرک دراصل پٹھوں کی غیر ارادی حرکت کی ایک قسم ہے جسے طبی زبان میں ’مائیوکلونس‘ کہتے ہیں۔ ہچکی بھی اسی طرح کی غیر ارادی پٹھوں کی حرکت کی ایک عام مثال ہے۔

یہ جھٹکے عموماً نیند کے ابتدائی مرحلے میں اس وقت محسوس ہوتے ہیں جب دماغ اور جسم بیداری کی حالت سے نیند کی طرف منتقل ہو رہے ہوتے ہیں۔ نیند کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں یہ کیفیت پیش آ سکتی ہے جبکہ گہری نیند کے مرحلے میں عموماً ایسا نہیں ہوتا۔

ان جھٹکوں کی شدت ہر شخص میں مختلف ہو سکتی ہے۔ بعض افراد کو اتنا ہلکا جھٹکا لگتا ہے کہ انہیں خود اس کا احساس بھی نہیں ہوتا اور ان کے ساتھ سونے والا شخص ہی اس حرکت کو محسوس کرتا ہے۔ اس کے برعکس بعض لوگوں کو اتنا شدید جھٹکا لگتا ہے کہ وہ فوراً جاگ جاتے ہیں۔

تاہم ان کی کوئی مقررہ تعداد نہیں۔ بعض افراد کو کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگوں کو نسبتاً زیادہ مرتبہ جھٹکے لگ سکتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جن افراد کو یہ کیفیت ہوتی ہے ضروری نہیں کہ انہیں ہر بار سوتے وقت اس کا سامنا کرنا پڑے۔

نیند میں جھٹکے لگنے کی ممکنہ وجوہات کیا ہیں؟

سائنس دان ابھی تک اس بات کا حتمی تعین نہیں کر سکے کہ نیند آتے وقت جسم کو اچانک جھٹکا کیوں لگتا ہے۔ تاہم کچھ عوامل ایسے ہیں جو اس کیفیت کے امکانات بڑھا سکتے ہیں۔

حد سے زیادہ تھکاوٹ اور نیند کی کمی

ضرورت سے زیادہ تھکا ہوا ہونا ہائپنک جرک کی ایک عام ممکنہ وجہ ہے۔ جب انسان کئی گھنٹے جاگتا رہے یا اسے مناسب نیند نہ ملے تو سوتے وقت اس کیفیت کا امکان بڑھ سکتا ہے۔ اسی طرح غیر آرام دہ انداز میں سونے سے بھی یہ جھٹکے محسوس ہو سکتے ہیں۔

کیفین کا زیادہ استعمال

چائے، کافی اور چاکلیٹ میں پائی جانے والی کیفین جسم اور دماغ کو چوکنا رکھنے والا مادہ ہے۔ اس کا خاص طور پر دن کے آخری حصے یا سونے سے پہلے استعمال دماغ کو ضرورت سے زیادہ متحرک رکھ سکتا ہے جس سے نیند آنے میں دشواری اور ہائپنک جرک کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

ذہنی دباؤ اور بے چینی

مسلسل ذہنی دباؤ، پریشانی اور بے چینی بھی اس کیفیت کی شدت میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ جب دماغ سونے کے وقت بھی پریشانیوں اور خیالات میں الجھا رہے تو جسم کو پرسکون ہونے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔ ایسی حالت میں نیند کے دوران اچانک پٹھوں کا کھچاؤ انسان کو زیادہ آسانی سے بیدار کر سکتا ہے۔

دماغ اور اعصابی نظام کی سرگرمی

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہائپنک جرک کے دوران دماغ میں مخصوص برقی سرگرمی بھی دیکھی جا سکتی ہے جسے’ ورٹیکس شارپ ویوز  کہا جاتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیند کی طرف منتقلی کے دوران دماغ میں مخصوص اعصابی تبدیلیاں بھی رونما ہوتی ہیں تاہم ان کا اس جھٹکے سے مکمل تعلق ابھی واضح نہیں ہو سکا۔

کیا بچوں اور نومولود میں بھی نیند کے دوران جھٹکے لگتے ہیں؟

ہائپنک جرک صرف بالغ افراد کا مسئلہ نہیں۔ یہ بچوں اور نومولود میں بھی ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا درجہ حرارت بھی ہماری نیند گہری اور پرسکون بنانے میں کوئی کردار ادا کرتا ہے؟ حیران کن انکشاف

امریکن اکیڈمی آف سلیپ میڈیسن کے مطابق بالغ افراد بچوں کے مقابلے میں نیند کے دوران بار بار یا شدید جھٹکوں کی شکایت زیادہ کرتے ہیں تاہم بچوں میں بھی یہ کیفیت موجود ہو سکتی ہے۔

سنہ2003  میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مصنف نے مائیوکلونس یعنی جسم کی غیر ارادی حرکات کو انسانی اعصابی نظام کی نشوونما کا ایک حصہ قرار دیا تھا جو انسانی نشوونما کے ابتدائی مراحل، حتیٰ کہ رحمِ مادر میں بھی موجود ہوتا ہے۔

کیا یہ جھٹکے انسان کو نیند سے جگا دیتے ہیں؟

اس کا انحصار جھٹکے کی شدت پر ہوتا ہے۔ اگر پٹھوں میں معمولی کھچاؤ ہو تو ممکن ہے انسان کی نیند متاثر نہ ہو اور اسے اس کا احساس بھی نہ ہو۔

تاہم اگر جھٹکا شدید ہو تو انسان فوراً جاگ سکتا ہے۔ بعض اوقات گرنے یا کسی گہرائی میں جانے کا احساس بھی اتنا حقیقی محسوس ہوتا ہے کہ انسان خوفزدہ ہو کر آنکھیں کھول دیتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض افراد کو خواب میں خود کو بستر سے، کسی درخت سے یا کسی بلندی سے گرتے ہوئے محسوس ہوتا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ پہلے جسم میں جھٹکا پیدا ہوتا ہے یا گرنے کا احساس خواب کا حصہ بنتا ہے لیکن دونوں کی وجہ سے انسان اچانک جاگ سکتا ہے۔

نیند کے جھٹکوں سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟

اگرچہ ہائپنک جرک سے مکمل طور پر بچنے کا کوئی یقینی طریقہ موجود نہیں تاہم روزمرہ زندگی میں چند تبدیلیاں اس کی تعداد اور شدت کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

مناسب اور مکمل نیند لیں

ضرورت سے زیادہ تھکاوٹ اور نیند کی کمی سے بچنے کے لیے روزانہ مناسب دورانیے کی معیاری نیند لینا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے سونے کا کمرہ پرسکون، تاریک اور مناسب درجہ حرارت پر رکھیں۔ موبائل فون، ٹیبلٹ اور دیگر الیکٹرانک آلات کو بستر سے دور رکھیں۔ کوشش کریں کہ روزانہ ایک ہی وقت پر سوئیں اور صبح ایک ہی وقت پر بیدار ہوں۔ اور دن کے اوقات میں جسمانی سرگرمی اور ورزش کو معمول بنائیں۔

سونے سے پہلے چائے اور کافی سے پرہیز کریں

کیفین دماغ اور جسم کو چوکنا رکھتی ہے اس لیے دن کے آخری حصے میں چائے، کافی اور دیگر کیفین والے مشروبات کا استعمال کم کرنا بہتر ہے۔ خصوصاً سونے سے پہلے ان کا استعمال نیند کے قدرتی عمل میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔

سگریٹ اور دیگر محرک اشیا سے دور رہیں

نکوٹین اور بعض دیگر محرک مادے بھی نیند کے معمول کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کے استعمال سے نیند میں کمی یا خلل پیدا ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں ہائپنک جرک کی کیفیت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔

ذہنی دباؤ کم کرنے کی کوشش کریں

اگر آپ مسلسل پریشانی یا ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں تو سونے سے پہلے خود کو پرسکون کرنے کے لیے کچھ وقت نکالیں۔ گہری سانسیں لینے، مراقبے اور ہلکی پھلکی جسمانی ورزش جیسی سرگرمیاں ذہنی تناؤ کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

سونے سے پہلے ایک معمول بنائیں

سونے سے پہلے روزانہ ایک جیسا معمول اپنانے سے جسم کو نیند کے لیے تیار ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔ مثلاً کوئی اچھی کتاب پڑھنا، نیم گرم دودھ یا سکون بخش جڑی بوٹیوں کی چائے پینا، ہلکی پھلکی ورزش یا پرسکون موسیقی سننا مفید ہو سکتا ہے۔

سونے سے پہلے روشنی کم کردیں

روشنی دماغ کو چوکنا رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے۔ خصوصاً موبائل فون، ٹی وی اور کمپیوٹر اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی جسم کو یہ پیغام دے سکتی ہے کہ ابھی جاگنے کا وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اچھی نیند کا ایسا راز جو شکاری قبائل آج بھی جانتے ہیں لیکن جدید انسان بھول گیا، جانیے اہم گُر

اس لیے سونے سے پہلے ان آلات کا استعمال کم کرنا اور کمرے کی روشنی مدھم رکھنا بہتر ہے۔ اگرچہ اس بات کے براہ راست شواہد موجود نہیں کہ روشنی کم کرنے سے ہائپنک جرک لازماً رک جاتے ہیں، تاہم اس سے نیند کے لیے سازگار ماحول بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

سانس کی مشقیں اور مراقبہ کریں

بعض افراد کو سونے سے پہلے چند منٹ گہری اور آہستہ سانسیں لینے یا رہنمائی کے ساتھ مراقبہ کرنے سے ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے۔ 5 منٹ تک آہستہ آہستہ گہری سانسیں لینے کی مشق ذہنی دباؤ کم کرنے اور جسم کو آرام کی حالت میں لانے میں مدد دے سکتی ہے۔

کیا نیند کے جھٹکوں پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے؟

عام طور پر ہائپنک جرک خطرناک نہیں ہوتے اور ان کے لیے کسی خاص علاج یا دوا کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اگر کبھی کبھار سوتے وقت جسم کو جھٹکا لگے اور اس کے علاوہ کوئی مسئلہ نہ ہو تو عموماً پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

تاہم اگر یہ جھٹکے بہت زیادہ ہونے لگیں، نیند مسلسل متاثر ہو، جسم کو چوٹ پہنچے، درد ہو، پیشاب پر قابو نہ رہے یا جھٹکوں کے بعد الجھن اور غیر معمولی کیفیت محسوس ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

یہ علامات معمول کے ہائپنک جرک سے ہٹ کر کسی دوسرے مسئلے کی طرف بھی اشارہ کر سکتی ہیں اس لیے انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

الغرض نیند آتے وقت اچانک جسم کو جھٹکا لگنا ایک عام انسانی تجربہ ہے جس سے خواتین اور مرد دونوں متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کی حتمی وجہ ابھی معلوم نہیں تاہم تھکاوٹ، نیند کی کمی، کیفین کا استعمال اور ذہنی دباؤ اس کیفیت کو بڑھا سکتے ہیں۔

مناسب نیند، پرسکون ماحول اور صحت مند معمولات اپنا کر ان جھٹکوں کی شدت اور تعداد کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ کبھی کبھار نیند آتے وقت جھٹکا لگنے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کسی بیماری میں مبتلا ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

ادویات کی برآمدات 30 فیصد کم ہو کر تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئیں

مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کی ادویات کی برآمدات 30 فیصد کمی کے بعد

Read More

امیرِ جماعتِ اسلامی کا وزیرِاعظم سے ملاقات کے بعد نومبر میں لانگ مارچ کا اعلان

جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں

Read More

TECHNOLOGY

سپریم کورٹ مکمل اے آئی سے بنی ہو تو کیا ہوگا؟ قانون کے اسکول میں دلچسپ تجربہ

امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کی ایک لاء یونیورسٹی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صلاحیتوں

Read More

فالج کی علامات ظاہر ہوں تو پہلے چند منٹ میں کیا کریں؟

فالج یا اسٹروک ایک ایسی خطرناک طبی حالت ہے جس میں ہر گزرتا منٹ اہم

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.