بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6.6 ارب کی گرانٹ منظور، ای سی سی اجلاس میں اہم فیصلے

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ستمبر 2027 میں پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کی آمدورفت کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی خاطر 6.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔

ای سی سی نے فاطمہ فرٹیلائزرز اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظامات کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی بھی منظوری دیدی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے پیش کی گئی سمریوں کا جائزہ لیا گیا۔

30 بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے 6.6 ارب روپے کی گرانٹ منظور

اجلاس میں ستمبر 2027 میں پاکستان میں منعقد ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کی آمدورفت کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری سے متعلق 12.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے اور بھرپور مشاورت کے بعد 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ اضافی ضرورت پیش آنے کی صورت میں دوبارہ سمری پیش کی جائے، جبکہ کسی بھی اضافی طلب کے لیے ضرورت کا جامع تجزیہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر معاملہ دوبارہ ای سی سی کے سامنے رکھا جائے۔

تمباکو کی کم از کم اشاری قیمتوں سے متعلق سمری موخر

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے تمباکو کی فصل کی کم از کم اشاری قیمتوں اور مالی سال 2027 کے لیے سیس کی شرح میں نظرثانی سے متعلق سمری کا بھی جائزہ لیا گیا۔

جامع بحث کے بعد ای سی سی نے قرار دیا کہ اس تجویز کے لیے مزید مدلل بنیادوں کی ضرورت ہے۔ کمیٹی نے ایجنڈا موخر کرتے ہوئے وزارت کو قابل جواز تجزیے کے ساتھ تجویز دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی منظوری

کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا۔

ای سی سی نے متعلقہ وزارت کی جانب سے تجویز کردہ تمام لازمی حفاظتی تدابیر کے ساتھ سفارشات کی منظوری دے دی۔

فاطمہ فرٹیلائزرز اور ایگری ٹیک کو 30 ستمبر تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

اجلاس میں فاطمہ فرٹیلائزرز اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظامات کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے سے متعلق وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تجویز بھی منظور کرلی گئی۔

دانش اسکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور

ای سی سی نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے دانش سکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے انڈومنٹ فریم ورک کے تحت تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق سمری کی بھی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو حکومت پاکستان کی ضمانت کی مدت میں توسیع سے متعلق اس اقدام پر ٹھوس پیش رفت سے آگاہ کرنے کے لیے 30 ستمبر 2026 کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے حکام، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

Share On Social Media

KARACHI

ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں جانوروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی

کراچی کے ناردرن بائی پاس پر قائم ’عوام دوست مویشی منڈی‘ کو ایک ماہ مکمل

Read More

کراچی پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں تیزی، وزیر بحری امور کا اظہار اطمینان

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا

Read More

TECHNOLOGY

جعلسازی کی نئی مہم، 30 ہزار اکاؤنٹس ہیک ہونے کا انکشاف!

تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ویتنام سے آپریٹ کی جانے والی

Read More

گوگل کروم میں سکیورٹی مسائل کو ختم کرنے کیلئے نئی اپ ڈیٹ جاری

گوگل نے کروم ویب براؤزر میں موجود متعدد سکیورٹی مسائل کو ختم کرنے کے لیے نئی

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.