جاپان میں 7.1 شدت کے زلزلے سے ہلاکتیں 13 ہو گئیں، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری

جاپان کے جنوبی علاقے میں آنے والے 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے، جبکہ امدادی کارکن تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں، لاکھوں متاثر ہوئے ہیں اور خطے میں معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی صوبے کوماموتو کے قریب تھا، جس کے شدید جھٹکے پورے کیوشو جزیرے میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد کوماموتو کے قریب واقع ایک بڑے شاپنگ مال میں دھماکا ہوا، جس کے باعث عمارت کا ایک بڑا حصہ منہدم ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے 8 افراد کو زندہ نکال لیا، تاہم 2 نوجوان خواتین جان کی بازی ہار گئیں۔ حکام کے مطابق شاپنگ مال میں گیس کے اخراج اور ممکنہ دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم سانی تاکائیچی نے کہا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے لیے وقت کے خلاف جنگ جاری ہے اور حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ، پولیس، خصوصی ریسکیو ٹیموں اور ساڑھے 4 ہزار سے زائد فوجی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

ادھر ایک کاغذ بنانے والی فیکٹری کی چمنی گرنے سے 7 کارکن لاپتا ہو گئے، جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ مختلف اسپتالوں میں درجنوں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، تاہم بجلی کی بندش اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث بعض اسپتالوں نے نئے مریضوں کا داخلہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔

حکام نے تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ زلزلے کے بعد 36 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہے، جبکہ شدید گرمی کے باعث شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔

زلزلے سے متعدد شاہراہیں پھٹ گئیں، کئی عمارتیں اور تاریخی مقامات کو نقصان پہنچا، جبکہ تیز رفتار ریل سروس بھی معطل کر دی گئی۔ سونی، ہونڈا اور دیگر بڑی کمپنیوں نے احتیاطاً اپنی مقامی فیکٹریوں میں پیداوار عارضی طور پر روک دی ہے۔

جاپانی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک مزید طاقتور آفٹر شاکس اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔ واضح رہے کہ جاپان بحرالکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ میں واقع ہے، جہاں دنیا کے تقریباً 20 فیصد طاقتور زلزلے آتے ہیں۔ 2016 میں بھی کوماموتو میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں 275 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

Share On Social Media

KARACHI

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کےبعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان

Read More

TECHNOLOGY

اوپن اے آئی نے نوجوانوں کے لیے زیادہ محفوظ چیٹ جی پی ٹی متعارف کرا دیا

امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے منگل کو نوجوانوں کے لیے چیٹ جی پی ٹی

Read More

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی

معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.