جرمنی نے ہنر مند آئی ٹی پروفیشنلز کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ویزا اور رہائشی اجازت ناموں کے نئے راستے متعارف کرا دیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی افرادی قوت کی ضرورت کو پورا کرنا اور غیر ملکی ماہرین کے لیے جرمن ملازمتی منڈی تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت پاکستانی آئی ٹی ماہرین مختلف ویزا پروگراموں سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن میں ہنر مند کارکنوں کے لیے رہائشی اجازت نامہ، یورپی یونین بلیو کارڈ اور تجربہ کار پیشہ ور افراد کے لیے خصوصی ورک ویزا شامل ہیں۔
البتہ بعض کیٹیگریز میں جرمن کمپنی کی جانب سے ملازمت کی پیشکش، متعلقہ تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ اسناد کا ہونا ضروری ہوگا۔
اس کے علاوہ ’اپرچونٹی کارڈ‘ پروگرام بھی دستیاب ہے جس کے تحت اہل امیدوار پیشگی جاب آفر کے بغیر جرمنی جا کر ملازمت تلاش کر سکتے ہیں۔ یہ کارڈ محدود مدت کے لیے جرمنی میں قیام اور جز وقتی ملازمت کی بھی اجازت فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستانی آئی ٹی گریجویٹس اور تجربہ کار سافٹ ویئر انجینیئرز کے لیے یورپ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے جبکہ جرمنی کو درپیش ٹیکنالوجی کے شعبے میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔
جرمنی میں آئی ٹی ماہرین کے لیے کون سی ملازمتیں دستیاب ہیں؟
اگر آپ آئی ٹی کے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں تو جرمنی میں آپ کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔ جرمنی میں سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، ایپلیکیشن مینجمنٹ، آئی ٹی سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں ہنر مند افراد کی مسلسل طلب موجود ہے۔
خصوصی طور پر جاوا، ایس کیو ایل، پائتھون، پی ایچ پی اور سی پروگرامنگ لینگویجز پر عبور رکھنے والے ماہرین کے لیے ملازمت کے امکانات روشن ہیں۔ اگر آپ ان پروگرامنگ زبانوں میں مہارت رکھتے ہیں اور آئی ٹی کے شعبے میں پیشہ ورانہ ڈگری کے حامل ہیں تو جرمنی میں ملازمت حاصل کرنے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔
وہ افراد جن کے پاس آئی ٹی کی باقاعدہ پیشہ ورانہ ڈگری موجود نہیں لیکن آئی ٹی سے متعلق کسی شعبے میں عملی مہارت رکھتے ہیں وہ بھی خصوصی آئی ٹی ورک ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم اس کے لیے جرمن یا بین الاقوامی آئی ٹی کمپنی کی جانب سے ملازمت کا آفر لیٹر، آئی ٹی کے شعبے میں کم از کم 3 سال کا تجربہ، اور جرمن زبان کی بنیادی سمجھ بوجھ اور گفتگو کی صلاحیت درکار ہوگی۔
واضح رہے کہ اگر آپ کے پاس پہلے سے ملازمت کی پیشکش موجود ہے تو آپ کوالیفائیڈ پروفیشنلز کے لیے ورک ویزا کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔ جرمنی میں آئی ٹی ماہرین کی ماہانہ تنخواہ 6 ہزار یورو تک ہو سکتی ہے جبکہ ٹیکس اور دیگر کٹوتیوں کے بعد ایک ملازم تقریباً 3 ہزار 600 یورو تک آمدن حاصل کر سکتا ہے۔
یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کو درپیش افرادی قوت کی کمی کی شدت کا اندازہ حالیہ اعداد و شمار سے لگایا جا سکتا ہے جن کے مطابق سنہ 2040 تک جرمنی کو ہر سال تقریباً 2 لاکھ 88 ہزار غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کی ضرورت ہوگی۔
اسی ضرورت کے پیش نظر جرمنی نے گزشتہ چند برسوں کے دوران امیگریشن، ملازمتوں اور ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کی بھرتی سے متعلق پالیسیوں میں نمایاں اصلاحات اور نرمی متعارف کرائی ہے۔
زنیرہ رفیع


































