سال2026 میں نوجوانوں کی زبان پر چھائے 10 نئے الفاظ، جانیے ان کے دلچسپ معنی

سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ثقافت کے زیر اثر نوجوانوں کی زبان تیزی سے بدل رہی ہے جہاں ہر سال نئے الفاظ مقبول ہوتے ہیں۔ سال 2026 میں بھی ایسے 10 الفاظ خاصے زیر استعمال رہے جن کے معنی جاننا دلچسپ ہوگا۔

نوجوان نسل سوشل میڈیا کے ذریعے زبان میں ایسے الفاظ اور اصطلاحات متعارف کرا رہی ہے جنہیں سمجھنا بڑی عمر کے لوگوں کے لیے بعض اوقات مشکل ہوجاتا ہے۔ سال 2026 میں ’موگنگ‘ کو کولنز ڈکشنری نے سال کا بہترین لفظ قرار دیا جبکہ ’آورا فارمنگ‘، ’وِمزی‘، ’سلَپ‘ اور ’کلینکر‘ جیسی اصطلاحات بھی خاصی مقبول ہوئیں۔ ان الفاظ سے نہ صرف نوجوانوں کے مزاج اور دلچسپیوں کا پتا چلتا ہے بلکہ مصنوعی ذہانت خود کو بہتر بنانے اور سوشل میڈیا کے بڑھتے اثرات کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

جنریشن زی (تقریباً سنہ 1997 سے سنہ 2012 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد) اور جنریشن الفا (تقریباً سنہ 2012 سے سنہ 2025 کے درمیان پیدا ہونے والے بچے) نئی اصطلاحات تخلیق کرنے کے ساتھ پرانے الفاظ کو بھی نئے معنی دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا نے اس عمل کو مزید تیز کردیا ہے جہاں کوئی لفظ یا جملہ دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کے نوجوانوں کی گفتگو کا حصہ بن جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نوجوانوں کے استعمال میں آنے والے کئی الفاظ کی تاریخ ان کی موجودہ مقبولیت سے کہیں زیادہ پرانی ہے۔ مثال کے طور پر ’سلے‘ (Slay) کا موجودہ مقبول استعمال سال 1970 اور سال 1980 کی دہائیوں میں سیاہ فام، لاطینی اور ایل جی بی ٹی کیو برادریوں کے بال روم اور ڈریگ کلچر سے جڑا ہوا ہے۔

لندن کے کنگز کالج میں سلینگ اور نئی زبان کے آرکائیو کے ڈائریکٹر ٹونی تھورن کے مطابق نوجوانوں کی زبان محض نئے الفاظ بنانے کا نام نہیں بلکہ اس میں خیالات کے ساتھ کھیلنے اور پرانی اصطلاحات کو نئے انداز میں برتنے کی تخلیقی صلاحیت بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ الفاظ بتاتے ہیں کہ نوجوان کیا سوچ رہے ہیں، کیا کررہے ہیں اور ان کے لیے کون سی چیزیں اہم ہیں۔

آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کے سینیئر ایڈیٹر جوناتھن ڈینٹ کے مطابق اس سال ان کی سال کے بہترین لفظ کی فہرست میں شامل ’ڈومرزم‘ اور ’سلَپ گنڈا‘ جیسے الفاظ عام بول چال کا حصہ ضرور ہیں، لیکن انہیں روایتی معنوں میں نوجوانوں کی مخصوص سلینگ قرار دینا درست نہیں۔

آئیے سال 2026 میں نوجوانوں کی گفتگو اور سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی 10 اصطلاحات اور ان کے معنی جانتے ہیں۔

آورا، آورا پوائنٹس اور آورا فارمنگ

’آورا‘ سے مراد کسی شخص کی شخصیت کا تاثر، اعتماد، انداز اور دوسروں پر پڑنے والا اثر ہے۔ آسان الفاظ میں یہ کسی کے ’کول‘ یا متاثر کن ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔

’آورا پوائنٹس‘ کسی شخص کے اسی تاثر کو مزاحیہ انداز میں ناپنے کا طریقہ ہے۔ اگر کوئی شخص کوئی متاثر کن کام کرے تو اس کے آورا پوائنٹس بڑھ جاتے ہیں لیکن کوئی شرمندگی والا یا بے وقوفانہ کام کرنے پر یہ پوائنٹس کم بھی ہوسکتے ہیں۔

جب کوئی شخص دوسروں کو متاثر کرنے اور خود کو بہت باکمال دکھانے کے لیے ضرورت سے زیادہ کوشش کرے تو اسے ’آورا فارمنگ‘ کہا جاتا ہے۔

موگنگ

’موگنگ‘ اس وقت استعمال ہوتا ہے جب کوئی شخص اپنی ظاہری شکل، لباس، اعتماد یا کارکردگی کے باعث کسی دوسرے کو پیچھے چھوڑ دے یا اس کے مقابلے میں زیادہ نمایاں دکھائی دے۔

اس لفظ کی ابتدا مردوں کی بالادستی کے حامی آن لائن حلقوں سے ہوئی، جہاں ’اے موگ‘ (AMOG) کی اصطلاح کسی گروہ کے سب سے زیادہ بااثر یا طاقتور مرد کے لیے استعمال ہوتی تھی۔ تاہم اب اس کا مفہوم وسیع ہوچکا ہے اور اسے کسی بھی شخص کے دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

کولنز ڈکشنری کے مطابق سنہ 2026 میں اس لفظ کے استعمال میں 210 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اسے سال کا بہترین لفظ قرار دیا گیا۔

ماہر لسانیات گرانٹ بیرٹ کے مطابق الفاظ اکثر ان مخصوص برادریوں سے نکل کر عام لوگوں تک پہنچ جاتے ہیں جہاں وہ ابتدا میں استعمال ہوتے تھے۔ لوگ کسی لفظ کو اس کا پس منظر جانے بغیر بھی اپنا سکتے ہیں، تاہم اس کی تاریخ کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

وِمزی

’وِمزی‘ محض ایک لفظ نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی اور سوچ کا اظہار ہے۔ اس سے مراد روزمرہ زندگی میں خوشی، تخیل، معصومیت اور غیرمعمولی سرگرمیوں کے لیے جگہ پیدا کرنا ہے۔

اس رجحان میں رنگ برنگے کپڑے پہننا، بچوں جیسی حیرت اور خوشی کو دوبارہ محسوس کرنا، موبائل فون اور اسکرینوں سے دور ہوکر روایتی مشاغل مثلاً بُنائی اختیار کرنا اور کچھ منفرد یا غیرروایتی سرگرمیاں کرنا شامل ہے۔

مثال کے طور پر اکتوبر میں لندن میں الیکٹرک سائیکلوں پر 2 ٹیموں کے درمیان نیزہ بازی کے مقابلے منعقد ہوئے جنہیں اس رجحان کی ایک دلچسپ مثال قرار دیا گیا۔

اس رجحان کو بعض اوقات ’وِم زی‘ بھی لکھا جاتا ہے جو لفظ وِمزی میں جنریشن زی کے حوالے سے ایک لفظی کھیل ہے۔

ماہرین کے مطابق نوجوان ہمیشہ نئے الفاظ ایجاد نہیں کرتے بلکہ پرانی اصطلاحات کو نئے انداز اور نئے معنی دے کر بھی انہیں اپنی شناخت کا حصہ بنا لیتے ہیں۔

میکسنگ

’میکسنگ‘ (Maxxing) دراصل لفظ ’میکسمائزنگ‘ یعنی کسی چیز کو زیادہ سے زیادہ بہتر یا مؤثر بنانے سے نکلا ہے۔ نوجوان اسے مختلف الفاظ کے ساتھ جوڑ کر اپنی زندگی کے کسی شعبے کو بہتر بنانے کی کوشش کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

مثلاً ’لُکس میکسنگ‘ سے مراد اپنی ظاہری شخصیت کو زیادہ بہتر بنانا، ’سلیپ میکسنگ‘ سے مراد نیند کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش، جبکہ ’پروٹین میکسنگ‘ اور ’فائبر میکسنگ‘ سے مراد غذا میں پروٹین یا فائبر کی مقدار بڑھانے پر توجہ دینا ہے۔

ڈکشنری ڈاٹ کام نے بھی ’میکسنگ‘ کو سال کا بہترین لفظ قرار دیا ہے۔ اس اصطلاح کے ذریعے نوجوان یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ کسی کام کو بہترین ممکنہ سطح تک پہنچانے یا اپنی کارکردگی زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

سلوپ

مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے والے غیرمعیاری مواد کے لیے نوجوانوں میں ’سلوپ یا سلاپ‘ (Slop) کی اصطلاح مقبول ہے۔

یہ لفظ پہلے سے موجود ہے اور اس کے روایتی معنی گندے یا غیرمعیاری کھانے اور فضلے سے متعلق ہیں، لیکن اب اسے اے آئی سے تیار کردہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جن کا معیار کم ہو اور جن میں تخلیقی محنت یا معلوماتی قدر نہ ہونے کے برابر ہو۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین ایسے مواد سے تنگ آکر ’سلوپ فری سوشل میڈیا‘ کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔

اسی سے ملتا جلتا لفظ ’سلوپ گنڈا‘ (Slopaganda) ہے جو سلوپ اور پروپیگنڈا کو ملا کر بنایا گیا ہے۔ اس سے مراد مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا گیا کم معیار کا پروپیگنڈا مواد ہے۔ سال 2026 میں اس اصطلاح کے استعمال کی شرح میں 1300 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سلج

’سلج‘ (Sludge) کا تعلق بھی غیرمعیاری ڈیجیٹل مواد سے ہے تاہم اس کا مطلب ’سلوپ‘ سے مختلف ہے۔

ماہر لسانیات گرانٹ بیرٹ کے مطابق یہ اصطلاح ایسی ویڈیوز کے لیے استعمال ہوتی ہے جن میں ایک ہی اسکرین پر کئی مختلف سرگرمیاں یا مناظر دکھائے جاتے ہیں۔ مثلاً ایک طرف کوئی شخص کہانی سنا رہا ہوتا ہے اور دوسری جانب ویڈیو گیم چل رہا ہوتا ہے اور اس کے ساتھ کوئی ایسا منظر بھی دکھایا جاتا ہے جو بظاہر دیکھنے میں تسکین بخش محسوس ہو۔

اس طرح کی ویڈیوز کا بنیادی مقصد ناظرین کو زیادہ دیر تک اسکرین سے جوڑے رکھنا ہوتا ہے۔ یعنی یہ مواد اس انداز میں تیار کیا جاتا ہے کہ دیکھنے والا اسے چھوڑنے کے بجائے مسلسل دیکھتا رہے۔

کلینکر

’کلینکر‘ (Clanker) کا لفظ سال 2005 میں ریلیز ہونے والی ویڈیو گیم ’اسٹار وارز: ریپبلک کمانڈو‘ میں روبوٹ یا مشینی کرداروں کے لیے توہین آمیز انداز میں استعمال ہوا تھا۔

اب نوجوان اسے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے روبوٹس اور چیٹ بوٹس کے لیے طنزیہ یا مذاق کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس طرح یہ لفظ مشینوں اور انسانوں کے درمیان فرق ظاہر کرنے والی نئے ڈیجیٹل سلینگ کا حصہ بن گیا ہے۔

اَنک

’اَنک‘ (Unc) دراصل انکل یعنی چچا یا ماموں کا مختصر لفظ ہے لیکن نوجوان اسے اپنے حقیقی رشتہ داروں کے علاوہ دوسرے لوگوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

جب کوئی نوجوان کسی شخص کو مذاق میں ’اَنک‘ کہتا ہے تو اس کا مطلب ہوسکتا ہے کہ وہ شخص پرانے خیالات رکھتا ہے، زمانے کے ساتھ نہیں چل رہا یا اس کا انداز کسی بڑی عمر کے فرد جیسا ہے۔

اس لفظ کی جڑیں افریقی امریکی انگریزی میں بھی ملتی ہیں جہاں رشتوں سے متعلق الفاظ حقیقی رشتہ داروں کے علاوہ دوسرے لوگوں کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔

تاہم اس لفظ کو ہمیشہ توہین آمیز نہیں سمجھنا چاہیے۔ ماہر لسانیات گرانٹ بیرٹ کے مطابق بعض اوقات اس میں اپنائیت اور دوستانہ مذاق کا پہلو بھی شامل ہوتا ہے۔ اس کا مطلب اس بات پر منحصر ہے کہ کون کس سے اور کس لہجے میں بات کررہا ہے۔

لندن کے کنگز کالج کے ٹونی تھورن کے مطابق بڑی عمر کے لوگوں کے لیے نوجوانوں کی زبان سمجھنا اس لیے بھی مشکل ہوتا ہے کہ وہ اکثر الفاظ کو سنجیدہ معنی کے بجائے طنز، مذاق یا کسی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

چڈ

’چڈ‘ (Chud) ایک توہین آمیز لفظ ہے جس کی ابتدا سنہ 1984 کی سائنس فکشن ہارر فلم ’سی ایچ یو ڈی‘ سے ہوئی۔ اس فلم کے نام کا مطلب زیر زمین رہنے والے آدم خور انسان نما مخلوق تھا جو نیویارک کے گٹروں میں رہتی ہے۔

بعد میں یہ لفظ سیاسی حلقوں میں بھی استعمال ہونے لگا جہاں اسے دائیں بازو کے انتہا پسند نظریات رکھنے والوں کے لیے بائیں بازو کے افراد کی جانب سے بطور طنز استعمال کیا جاتا تھا۔ تاہم اب عام بول چال میں اس کا مطلب کسی ناکام، بے وقوف یا ناپسندیدہ شخص کے لیے بھی لیا جاتا ہے۔

ماہر لسانیات گرانٹ بیرٹ کے مطابق اس لفظ کے سیاسی اور عام توہین آمیز استعمال کی اپنی الگ الگ جہتیں ہیں۔ ضروری نہیں کہ کوئی نوجوان اسے استعمال کرتے ہوئے اس کی فلمی تاریخ یا سیاسی پس منظر سے بھی واقف ہو۔

کوڈڈ

’کوڈڈ‘ (Coded) بھی ایک ایسی اصطلاح ہے جسے مختلف الفاظ کے ساتھ جوڑ کر کسی شخص یا چیز کی شخصیت، انداز یا کیفیت بیان کی جاتی ہے۔

مثلاً ’گولڈن ریٹریور کوڈڈ‘ کہنے کا مطلب ہے کہ کسی شخص میں گولڈن ریٹریور نسل کے کتے جیسی دوستانہ، خوش مزاج اور پرجوش خصوصیات ہیں۔ اسی طرح ’می کوڈڈ‘ سے مراد کوئی ایسی چیز ہوسکتی ہے جس میں کسی شخص کو اپنی شخصیت یا عادات کی جھلک دکھائی دے۔

اس اصطلاح کے ساتھ ’کورٹیسول کوڈڈ‘ کا استعمال بھی سامنے آیا ہے۔ کورٹیسول جسم میں تناؤ کے ردعمل کو منظم کرنے والا ہارمون ہے اس لیے کسی صورت حال کو ’کورٹیسول کوڈڈ‘ کہنے کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ ذہنی دباؤ یا بے چینی پیدا کرنے والی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس اصطلاح کا پرانے زمانے کا قریب ترین متبادل یہ ہوسکتا ہے کہ کوئی چیز کسی شخص یا کیفیت جیسی محسوس ہوتی ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

پاکستان اور کینیڈا کے معاشی تعلقات کا نیا باب، کراچی کے لیے بڑے منصوبے کا عندیہ

پاکستان اور کینیڈا نے اہم معدنیات، قابل تجدید توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ

Read More

ینگ مسلم فٹبال گراؤنڈ اورنگی ٹاؤن ویسٹ کے وفد کی ڈپٹی کمشنر ویسٹ سے اہم ملاقات

کراچی: یوتھ اسپورٹس اور کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں ینگ مسلم فٹبال گراؤنڈ اورنگی

Read More

TECHNOLOGY

اوپن اے آئی نے نوجوانوں کے لیے زیادہ محفوظ چیٹ جی پی ٹی متعارف کرا دیا

امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے منگل کو نوجوانوں کے لیے چیٹ جی پی ٹی

Read More

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی

معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.