گھروں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی زندگی کو آسان ضرور بناتی ہے لیکن بعض اوقات انٹرنیٹ کی کم رفتار، موبائل فون کی محدود اسٹوریج، ٹی وی کی ناقص آواز اور پاس ورڈ بھول جانے جیسے مسائل پریشانی کا سبب بن جاتے ہیں۔ تاہم کچھ مسائل ایسے بھی ہیں جن کو بآسانی حل کیا جاسکتا ہے۔
جب والدین اور خاندان کے بزرگ افراد کو ان مسائل کا سامنا ہو تو انہیں حل کرنے کے لیے گھر کے نوجوانوں یا ٹیکنالوجی سے واقف افراد کی مدد لینا پڑتی ہے۔ ماہرین کے مطابق چند آسان تبدیلیوں اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے نہ صرف ان مسائل سے بچا جا سکتا ہے بلکہ خاندان کے افراد کو آن لائن فراڈ اور ڈیجیٹل سکیورٹی کے خطرات سے بھی محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ٹی وی کی غیر ضروری موشن اسموتھنگ بند کریں
جدید ٹیلی ویژن میں عموماً موشن اسموتھنگ کا فیچر پہلے سے فعال ہوتا ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت اور دیگر تصویری تکنیکوں کی مدد سے تیزی سے حرکت کرنے والی اشیا کی دھندلاہٹ کم کرتا ہے۔ کھیلوں کی نشریات دیکھنے میں یہ سہولت مفید ہو سکتی ہے تاہم فلموں اور ڈراموں میں بعض اوقات مناظر غیر فطری اور مصنوعی دکھائی دینے لگتے ہیں۔
بہتر تصویر کے لیے ٹی وی کی ڈسپلے سیٹنگز میں جا کر موشن، بلر یا اسموتھنگ سے متعلق آپشن بند کیا جا سکتا ہے۔ مختلف کمپنیوں کے ٹی وی میں اس فیچر کا نام مختلف ہو سکتا ہے۔
وائی فائی کے کمزور سگنلز کا مسئلہ حل کریں
اگر گھر کے بعض کمروں میں وائی فائی سگنل کمزور ہوں تو اس کا ایک آسان حل روٹر کی جگہ تبدیل کرنا ہے۔ راؤٹر کو فرش پر رکھنے کے بجائے کسی اونچی اور گھر کے نسبتاً مرکزی مقام پر رکھیں تاکہ سگنل زیادہ بہتر انداز میں مختلف کمروں تک پہنچ سکیں۔
اسے دیواروں، دروازوں اور بڑے فرنیچر سے دور رکھنا بھی مفید ہے۔ آئینے، دھات کی سطحیں اور مچھلیوں کے ایکویریم بھی بعض اوقات وائی فائی سگنلز کی ترسیل میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ اگر ان اقدامات کے باوجود مسئلہ برقرار رہے تو میش راؤٹر یا وائی فائی ایکسٹینڈر استعمال کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
وائی فائی کا پاس ورڈ کیو آر کوڈ میں تبدیل کریں
گھر آنے والے مہمانوں کو وائی فائی کا طویل پاس ورڈ حروف بہ حروف بتانے کے بجائے کیو آر کوڈ کے ذریعے انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کی سہولت دی جا سکتی ہے۔
آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں میں یہ سہولت موجود ہے جس کے ذریعے مہمان اپنے فون کے کیمرے سے کوڈ اسکین کرکے وائی فائی سے منسلک ہو سکتے ہیں۔
آئی فون میں پاس ورڈز ایپ کے اندر وائی فائی نیٹ ورک منتخب کرکے اس کا کیو آر کوڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
سام سنگ فونز میں سیٹنگز کے کنیکشنز اور وائی فائی والے حصے میں یہ آپشن دستیاب ہوتا ہے جبکہ دیگر اینڈرائیڈ فونز میں نیٹ ورک کی سیٹنگز کے اندر شیئر کا آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کے ساتھ وائی فائی کا نام اور پاس ورڈ بھی ایسا رکھنا بہتر ہے جسے یاد رکھنا آسان ہو۔ روٹر کا ڈیفالٹ پاس ورڈ تبدیل کرنا سیکیورٹی کے لیے اہم ہے۔ اس مقصد کے لیے راؤٹر کی ایڈمن سیٹنگز یا متعلقہ موبائل ایپ استعمال کی جا سکتی ہے۔
خاندان کے لیے خفیہ کوڈ ورڈ طے کریں
آن لائن فراڈ اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی آوازوں اور ویڈیوز (ڈیپ فیکس) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث کسی قریبی شخص کی نقل کرکے رقم مانگنے جیسے واقعات کا خطرہ بھی موجود ہے۔

اس سے بچنے کے لیے خاندان کے افراد باہمی اتفاق سے ایک خفیہ لفظ یا کوڈ ورڈ طے کر سکتے ہیں۔ اگر کسی غیر معمولی صورت حال میں فون کرکے کوئی شخص فوری رقم یا مدد طلب کرے تو اس کی شناخت کی تصدیق کے لیے یہ خفیہ لفظ پوچھا جا سکتا ہے۔
یہ احتیاط خاص طور پر بزرگ افراد کے لیے مفید ہو سکتی ہے، تاہم ڈیپ فیکس کے باعث ہر عمر کے افراد کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
ٹی وی پر مکالموں کی آواز واضح بنائیں
بعض افراد خصوصاً سماعت میں کمی کا سامنا کرنے والوں کے لیے فلموں اور ڈراموں کے مکالمے سمجھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے بعض ٹی وی اور اسٹریمنگ سروسز میں کلیئر وائس، ڈائیلاگ انہینسر یا اسپیچ موڈ جیسے فیچرز موجود ہوتے ہیں۔
اس کے برعکس باس بوسٹ، ورچوئل سراؤنڈ اور سنیما موڈ جیسی بعض صوتی ترتیبات آواز کو پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔ ایسی صورت میں اسٹینڈرڈ یا وائس موڈ منتخب کرنے سے مکالمے زیادہ واضح سنائی دے سکتے ہیں۔
موبائل فون اور دیگر آلات گم ہونے سے بچائیں
موبائل فون، ٹیبلیٹ یا دیگر ڈیجیٹل آلات گم ہونے کی صورت میں انہیں تلاش کرنے کے لیے پہلے سے ٹریکنگ فیچر فعال رکھنا ضروری ہے۔
ایپل کے آلات میں ’فائنڈ مائی‘ اور اینڈرائیڈ میں ’فائنڈ ہب‘ کی سہولت موجود ہے جس کے ذریعے متعلقہ آلات کی آخری دستیاب یا موجودہ لوکیشن نقشے پر دیکھی جا سکتی ہے۔ بعض صورتوں میں ان سے آواز بھی نکلوائی جا سکتی ہے تاکہ انہیں قریب موجود ہونے کی صورت میں تلاش کرنا آسان ہو۔
اسی طرح چھوٹے ٹریکرز کو چابیوں، بٹوے اور دیگر ضروری اشیا کے ساتھ منسلک کرکے انہیں گم ہونے سے بچانے میں مدد لی جا سکتی ہے۔
ویب سائٹس کی مشکوک نوٹیفکیشنز بند کریں
انٹرنیٹ پر متعدد ویب سائٹس صارفین سے براؤزر نوٹیفکیشنز بھیجنے کی اجازت مانگتی ہیں۔ بظاہر یہ سہولت مفید معلوم ہوتی ہے لیکن بعض غیر معتبر ویب سائٹس اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی وائرس الرٹس اور دیگر گمراہ کن پیغامات کے ذریعے صارفین کو دھوکا دینے کی کوشش کرتی ہیں۔
اس لیے غیر ضروری ویب سائٹس کی نوٹیفکیشنز بند کرنا بہتر ہے۔ سفاری براؤزر میں سیٹنگز کے اندر ویب سائٹس اور نوٹیفکیشنز کے حصے میں جا کر ایسی ویب سائٹس کی اجازت ختم کی جا سکتی ہے جن پر اعتماد نہ ہو۔
پاس ورڈ بھولنے اور بار بار تبدیل کرنے کی پریشانی ختم کریں
مختلف ویب سائٹس اور ایپس کے لیے الگ الگ پاس ورڈ یاد رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے پاس ورڈ مینیجر استعمال کیے جا سکتے ہیں جو مختلف اکاؤنٹس کے پاس ورڈ محفوظ رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر خودکار طور پر درج بھی کر دیتے ہیں۔
سائبر سکیورٹی کمپنی ڈسکنیکٹ کے چیف ایگزیکٹو کیسی اوپن ہائیم کے مطابق فون اور انٹرنیٹ براؤزر میں پہلے سے موجود پاس ورڈ مینیجرز بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
ابتدا میں ای میل، بینکنگ اور صحت سے متعلق اکاؤنٹس جیسے اہم اور حساس اکاؤنٹس کے پاس ورڈ محفوظ کرنا بہتر ہے۔ بعض ویب سائٹس پاس کیز کی سہولت بھی فراہم کرتی ہیں جن کے ذریعے روایتی پاس ورڈ درج کیے بغیر اکاؤنٹ میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔
موبائل فون کی اسٹوریج خالی کریں
اگر موبائل فون میں بار بار اسٹوریج ختم ہونے کی وارننگ آتی ہے تو ضروری نہیں کہ اضافی کلاؤڈ اسٹوریج خریدی جائے۔ اکثر فون میں ایسی غیر ضروری فائلیں، ڈاؤن لوڈ شدہ مواد اور ایپس موجود ہوتی ہیں جنہیں حذف کرکے کافی جگہ خالی کی جا سکتی ہے۔
آئی فون میں سیٹنگز کے جنرل سیکشن کے اندر آئی فون اسٹوریج کا آپشن کھول کر غیر استعمال شدہ ایپس کو آف لوڈ کرنے اور ڈاؤن لوڈ شدہ مواد ہٹانے کی سہولت استعمال کی جا سکتی ہے۔
اینڈرائیڈ فونز میں سیٹنگز کے اسٹوریج سیکشن میں فری اپ اسپیس کے ذریعے بڑی فائلیں، غیر ضروری ڈاؤن لوڈز اور طویل عرصے سے استعمال نہ ہونے والی ایپس حذف کی جا سکتی ہیں۔
بعض فونز میں اسمارٹ اسٹوریج کا فیچر بھی موجود ہوتا ہے جو بیک اپ ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز کو خودکار طور پر ہٹا کر جگہ خالی کر سکتا ہے۔
ان آسان اقدامات سے نہ صرف روزمرہ کے ڈیجیٹل مسائل کم کیے جا سکتے ہیں بلکہ خاندان کے دیگر افراد کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال زیادہ محفوظ اور سہل بھی بنایا جا سکتا ہے۔



































