پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ‘جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو’ کا ٹریلر جاری

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ‘جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو’ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احمد علی اکبر، احد رضا میر، اقرا عزیز، ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی سمیت معروف فنکار مختلف کرداروں میں دکھائی دے رہے ہیں۔ سیریز 4 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔

سیریز کے ٹریلر کی رونمائی گزشتہ رات کراچی کے موہٹہ پیلس میں ایک خصوصی تقریب کے دوران ہوئی، جس میں پاکستان کی شوبز اور فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں ریڈ کارپٹ، موسیقی کی پرفارمنسز اور فنکاروں کے اظہار خیال نے تقریب کو یادگار بنایا۔

تقریب کے دوران جاری کیے گئے تقریباً تین منٹ کے ٹریلر میں چھ محبت کی کہانیوں کی جھلک پیش کی گئی ہے، جو مختلف نسلوں اور جغرافیائی مقامات سے تعلق رکھتی ہیں۔ سیریز کے مناظر پاکستان کے شمالی علاقوں، کراچی، بہاولپور، روم، ٹسکنی اور لندن سمیت مختلف مقامات پر فلمائے گئے ہیں۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ہر کردار ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے گا، مومنہ درید

ٹریلر لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیریز کی ڈائریکٹر مومنہ درید نے مصنفہ فرحت اشتیاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی حد نہیں۔ ان کے لکھے ہوئے کرداروں کو پڑھ کر ان کی نفسیات اور شخصیت کو سمجھنے کا دل کرتا ہے۔ وہ اپنے کرداروں کو اس خوبصورتی سے لکھتی ہیں کہ پڑھنے والے ان سے جڑ جاتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ہر کردار بھی دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے گا۔ مومنہ درید نے فرحت اشتیاق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں نہ صرف ایک بہترین دوست اور باصلاحیت مصنفہ بلکہ ملک کا قیمتی اثاثہ بھی قرار دیا۔

سیریز کی مصنفہ فرحت اشتیاق (دائیں) اور ڈائریکٹر مومنہ درید (بائیں)۔ فوٹو: ہم ٹی وی

اداکارہ ماہرہ خان کی غیر موجودگی پر انہیں یاد کرتے ہوئے مومنہ درید نے کہا کہ ماہرہ میری بیٹی جیسی ہیں اور ان کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیریز میں ان کے بیٹے شایان نے بھی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا ہے۔ تاہم وہ اس وقت کینیڈا کے ایک بورڈنگ اسکول میں زیرِ تعلیم ہونے کی وجہ سے تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔

انہوں نے سیریز میں کام کرنے والے اداکاروں کے نام الگ الگ نہ لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان فنکاروں کو سب جانتے ہیں۔ ایک ایک چہرہ ملک کا معروف چہرہ ہے، ہر کوئی ایک دوسرے سے بڑا اسٹار ہے۔ اس سیریز میں اتنے بڑے ستاروں کی موجودگی ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ ان سب کی شکر گزار ہیں جن کے تعاون کے بغیر یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا تھا۔

سیریز کے تمام فنکاروں نے بہترین کام کیا ہے، فواد خان

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیریز کے مرکزی کردار فواد خان نے کہا کہ سیریز میں تمام فن کاروں نے بہترین کام کیا ہے اور وہ انہیں دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔ ان کے بقول ٹریلر دیکھنے کے بعد ناظرین سمجھ جائیں گے کہ وہ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں

سیریز میں اپنے کردار سے متعلق سوال پر فواد خان نے کہا کہ ان کے کردار میں تین گرین فلیگز اور تین ریڈ فلیگز ہیں۔ تاہم اگر انہوں نے ابھی سب کچھ بتا دیا تو کہانی کا سسپنس ختم ہو جائے گا اور ڈائریکٹر مومنہ درید اُن سے ناراض ہو جائیں گی۔

پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، ماہرہ خان

اداکارہ ماہرہ خان نے ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف سیریز سے وابستہ فنکاروں اور ٹیم کے لیے جذباتی موقع نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنے تمام ساتھی فنکاروں، ٹیم اور عملے کے ہمراہ اس خاص موقع پر موجود ہونا چاہتی تھیں۔ اس سیریز کے لیے سب نے بہت محنت کی ہے اور یہ ان سب کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے۔

ماہرہ خان نے سیریز میں کام کرنے والے تمام فنکاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب نے پیچیدہ اور خوبصورت کرداروں کو بہترین انداز میں نبھایا۔

اداکارہ نے مصنفہ فرحت اشتیاق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لکھے ہوئے کردار ان کے اداکاری کے سفر کا اہم حصہ رہے ہیں۔

ماہرہ خان نے ہدایت کارہ مومنہ درید کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُن کے لیے ہمیشہ سے ایک خاص پروڈیوسر اور اہم شخصیت رہی ہیں۔

میرا کردار کافی پیچیدہ ہے، احد رضا میر

کاسٹ میں شامل مشہور اداکار احد رضا میر نے سیریز کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں توقعات سے بڑھ کر بہت کچھ ہے اور جاننے کے لیے بہت سے پہلو موجود ہیں۔

احد رضا کے مطابق اُن کا کردار کافی پیچیدہ ہے، اس لیے اس میں بہت سے ریڈ اور گرین فلیگز ہیں۔

فوٹو: ہم ٹی وی

ان کے بقول، وہ خود کو نہیں بلکہ سیریز کی پوری کاسٹ کو نمایاں سمجھتے ہیں، جس میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، اقرا عزیز، خوشحال خان اور ہانیہ عامر جیسے انڈسٹری کے بہترین فنکار شامل ہیں۔

احد رضا میر نے کہا کہ ناظرین کو سیریز میں کئی حیرت انگیز چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔

اطالوی لہجہ کام آگیا، صنم سعید

صنم سعید نے بتایا کہ سیریز میں اُن کے کردار کے انتخاب کے حوالے سے مومنہ درید تذبذب کا شکار تھیں لیکن انہوں نے جب میرا ایک پرانا انٹرویو دیکھا جس میں اطالوی لہجے میں گفتگو شامل تھی، جس کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ اس کردار کے لیے میں ہی بہترین انتخاب ہوں۔

صنم سعید نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اس موقع پر دکھائی گئی صلاحیت ان کے کام آئی۔ ان کے بقول، بعد میں محسوس ہوا کہ اس کردار کو ان کے علاوہ شاید کوئی اور اس انداز میں نہیں نبھا سکتا تھا۔

ناظرین کو لیزا کو اسی نظر سے دیکھنا چاہیے، اقرا عزیز

سیریز میں لیزا کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے کہا کہ ان کے کردار میں کوئی ریڈ فلیگ نہیں بلکہ وہ بھی ایک عام انسان ہیں اور ناظرین کو لیزا کو اسی نظر سے دیکھنا چاہیے۔

اقرا عزیز نے سیریز کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے لیے اطالوی زبان میں مکالموں کی ادائیگی قدرے مشکل مرحلہ تھا، جس کے لیے انہوں نے تقریباً دو ماہ تک آن لائن اطالوی زبان کا کورس کیا اور باقاعدگی سے مشق بھی کی۔

فوٹو: ہم ٹی وی

ان کے مطابق وہ لہجے اور تلفظ کے معاملے میں خود کو صنم سعید جتنا اچھا نہیں سمجھتیں۔ تاہم اپنے چند مکالموں کو حتیٰ الامکان فطری انداز میں ادا کرنا چاہتی تھیں جس کے لیے انہیں کافی محنت کرنا پڑی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی میں شوٹنگ کے دوران مناہل اور وہاں موجود پوری ٹیم نے ان کی بھرپور مدد کی جس پر وہ ان سب کی شکر گزار ہیں۔

پاکستان کے لیے ایک راہ کھلی ہے، سلطانہ صدیقی

ٹریلر لانچ کی تقریب کے موقع پر بانی و چیئرپرسن ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے کہا کہ ہمارے ڈرامے بہت اچھے رہے ہیں، پوری دنیا دیکھتی رہی ہے اور اسی کی وجہ سے نیٹ فلکس نے ہمیں منتخب کیا۔ انہیں اس پر خوشی ہے لیکن اس سے زیادہ وہ سمجھتی ہیں کہ پاکستان اور اس کے لیے ایک راہ کھلی ہے۔

سلطانہ صدیقی نے کہا کہ جب یہ سیریز 190 ممالک میں جائے گی تو ہمارا کلچر، ہماری چیزیں، ہماری کہانیاں لوگ سنیں گے، دیکھیں گے۔ لوگوں نے پہلے بھی سراہا ہے اور آگے بھی سراہیں گے۔

چیئرپرسن کا مزید کہنا تھا کہ نئے فنکار جیسے شاہ زین اور شایان درید آرہے ہیں۔ وہ بھی بڑے فنکار بنیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ نیٹ فلکس پر اس سیریل کے چلنے پر پُرجوش ہوں۔ اس کے علاوہ دنیا میں یہ دیکھا جائے گا اور پاکستان کا نام ہوگا اس کے لیے پُرجوش ہوں۔

سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ اس سے ہماری راہیں کھلیں گے۔ ہمارا ڈرامہ اچھا ہوتا ہے لیکن ہم مزید بہتر بنانے پر کام کرتے رہیں گے۔

سیریز 191 ممالک میں پیش کی جائے گی، درید قریشی

اس سے قبل سی ای او ہم نیٹ ورک درید قریشی کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر اس سیریز کو 80 ممالک میں لانچ کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن اب یہ 191 ممالک میں پیش کی جائے گی۔

پاکستان کے لیے عالمی سطح پر نئے مواقع کھلیں گے، مرینا خان

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستان اور پاکستانی ڈراموں کے لیے عالمی سطح پر نئے مواقع کھلیں گے۔ مرینا خان کے مطابق یہ دن تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ وہ سیریز کے تمام فنکاروں کو دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں، کیونکہ یہ مختلف نسلوں کی کہانی ہے۔

مرینا خان کا کہنا تھا کہ وہ سیریز کے تمام فنکاروں، پروڈیوسرز اور پردے کے پیچھے کام کرنے والی ٹیم کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔

پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ایچ ایس وائی

معروف فیشن ڈیزائنر، میزبان اور اداکار حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور کئی دہائیوں سے ان کے کام کو ٹیلی وژن پر دیکھا جاتا رہا ہے، تاہم اب پہلی بار ان کے فن کو عالمی سطح پر پہچان ملنے جا رہی ہے۔

ایچ ایس وائی نے کہا کہ سیریز میں شامل تمام فنکار غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہیں، تاہم وہ ماہرہ خان اور صنم سعید کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے خاص طور پر پُرجوش ہیں۔ ان کے بقول دونوں اداکارائیں اپنے کرداروں میں منفرد انداز لے کر آتی ہیں اور پردے پر ان کا امتزاج دیکھنا خاص تجربہ ہوگا۔

سیریز سے نئی نسل کے فلم سازوں کو حوصلہ ملے گا، زارا پیرزادہ

تقریب میں موجود ماڈل و اداکارہ زارا پیرزادہ نے اسے اب تک کی سب سے دلچسپ اور بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تخلیق کاروں، مصنفوں اور فلم سازوں کی نئی نسل کو حوصلہ ملے گا اور زیادہ مخصوص موضوعات پر مبنی کہانیاں بھی سامنے آ سکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس حوالے سے بعض اوقات مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے وہ یہ دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں کہ اس پیش رفت سے ملک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

زارا پیرزادہ نے کہا کہ وہ ثمینہ ممتاز، صنم سعید اور ماہرہ خان سمیت تمام فنکاروں کو نیٹ فلکس کی پاکستانی سیریز میں دیکھنے کی منتظر ہیں۔

Share On Social Media

KARACHI

حکومت کا پیک آورز کے دوران 2 کمپنیوں کیلیے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

وزارت توانائی نے بجلی کے زیادہ طلب والے وقت میں جیسکو اور کے الیکٹرک کیلیے روزانہ

Read More

میٹرک امتحانات کے تیسرے روز بھی بد نظمی ، فرنیچر کی عدم دستیابی ، بجلی کی بندش برقرار

میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات کا تیسرا روز بھی بدنظمی کا شکار رہا بعض امتحانی

Read More

TECHNOLOGY

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.