چین کے شہر شینزن میں بگ 3 کانفرنس: کیا دنیا نئے ’یالٹا‘ کی طرف بڑھ رہی ہے؟

چین کے شہر شینزن میں جمعرات کو دنیا کی 3 بڑی طاقتوں کے سربراہان کی ملاقات ہوئی جو دنیا کے امن اور خوشحالی کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے بیچ یہ ملاقات تاریخی نوعیت کی ہے جو عالمی طاقتوں کے توازن، جوہری ہتھیاروں، ایران، یوکرین اور نئے عالمی نظام کے مستقبل پر مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔

بہت سے مبصرین شینزن میں ہونے والی اس ملاقات کو سنہ 1945 کی یالٹا کانفرنس کے مماثل قرار دے رہے ہیں جس میں دوسری جنگ عظیم کے بعد طے کیا گیا کہ دنیا کا نیا نقشہ اور نظام کیا ہو گا۔

ہم آپ چل کر آپ کو بتائیں گے کہ یالٹا کانفرنس کے ساتھ مماثلت کیوں بتائی جا رہی ہے لیکن اس سے یہ پہلے دیکھتے ہیں کہ بین الاقوامی امور کے ماہرین اس کانفرنس کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔

مشاہد حسین سید

بین الاقوامی امور کے ماہر اور سابق وفاقی وزیر مشاہد حسین سید نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بدلتا ہوا عالمی نظام جس میں روس، چین اور امریکہ کی اجارہ داری ہے اس میں درمیانے درجے کی طاقتیں جیسا کہ کینیڈا اور ساؤتھ ایشیا میں پاکستان جیسے ممالک کو اپنے مفادات جن میں کریٹیکل منرلز بھی شامل ہیں  کے تحفظ کے لیے تزویراتی خود اختیاری (اسٹریٹجک اٹانومی) کی ضرورت ہے‘۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ بگ تھری سربراہی اجلاس اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جس میں امریکا نے ایک نئے ملٹی پولر عالمی نظام کو تسلیم کر لیا ہے۔ یقیناً یہ کوئی نیا یالٹا معاہدہ نہیں ہے کیونکہ آج تینوں میں سے کوئی بھی طاقت اس پوزیشن میں نہیں کہ دوسرے ممالک یا خطوں کی قسمت کا فیصلہ کر سکے۔

ڈاکٹر ہما بقائی

بین الاقوامی امور کی ماہر ڈاکٹر ہما بقائی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لکھا کہ کیا چین کے شہر شینزن میں عصر حاضر کی 3 بڑی عالمی طاقتوں کے رہنماؤں کی ملاقات سے عالمی نظام کی ازسر نو تشکیل (گلوبل ری سیٹ ) کا آغاز ہونے جا رہا ہے؟ کئی مبصرین اس اجلاس کو ’یالٹا 2.0‘ کا نام دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد امریکا، سوویت یونین اور برطانیہ کے رہنماؤں نے یالٹا میں ملاقات کرکے جنگ کے بعد یورپ کے مستقبل اور نئی عالمی ترتیب کے خدوخال طے کیے تھے۔ تاہم موجودہ اجلاس کے داؤ پر لگی ہوئی صورتحال کہیں زیادہ سنگین ہے۔

دنیا میں جنگیں ابھی ختم نہیں ہوئیں جبکہ عالمی طاقتوں کا جھکاؤ اور توجہ اب تیزی سے عالمی جنوب (گلوبل ساؤتھ) کی جانب منتقل ہو رہی ہے۔

موجودہ بِگ تھری اجلاس کی کیا اہمیت ہے؟

یہ تاریخی سہ فریقی ملاقات عالمی سیاست کا مرکز نگاہ بن گئی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی یہ پہلی باضابطہ مشترکہ سربراہی ملاقات ہے۔

یہ اجلاس ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس کے موقعے پر منعقد ہو رہا ہے۔ اس کی غیرمعمولی اہمیت اس حقیقت میں پوشیدہ ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ امریکا، روس اور چین کے موجودہ سربراہان ایک ہی مذاکراتی میز پر عالمی امن، جوہری ہتھیاروں اور بین الاقوامی سلامتی جیسے معاملات پر براہ راست تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

اس ملاقات کو محض 3 عالمی رہنماؤں کی سفارتی سرگرمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ درحقیقت یہ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب یوکرین کی جنگ، ایران سے متعلق کشیدگی، مشرق وسطیٰ کا بحران، امریکا اور چین کی تجارتی و ٹیکنالوجی رقابت اور عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی محاذ آرائی نے موجودہ عالمی نظام کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا ہوا ہے۔

امریکا، روس اور چین تینوں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور ویٹو پاور کے حامل ممالک ہیں۔ ان کے پاس دنیا کے بڑے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر، جدید ترین عسکری صلاحیتیں اور عالمی معیشت پر غیرمعمولی اثرورسوخ موجود ہے۔ امریکا اب بھی دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور عسکری طاقت ہے جبکہ چین معاشی اور تکنیکی اعتبار سے امریکا کا سب سے بڑا حریف بن چکا ہے جبکہ روس اپنی جوہری صلاحیت، توانائی کے وسائل اور عسکری طاقت کے باعث عالمی سیاست میں اہم مقام رکھتا ہے۔

تینوں ممالک کے درمیان اختلافات بھی غیرمعمولی نوعیت کے ہیں۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ، سیمی کنڈکٹرز، مصنوعی ذہانت، تائیوان اور بحیرہ جنوبی چین کے معاملات پر کشیدگی موجود ہے۔

دوسری جانب امریکا اور روس کے تعلقات یوکرین جنگ اور یورپی سلامتی کے معاملات کے باعث شدید تناؤ کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں تینوں سربراہان کا ایک میز پر بیٹھنا اس بات کا اشارہ ہے کہ عالمی طاقتیں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود براہ راست رابطے اور مذاکرات کی ضرورت محسوس کر رہی ہیں۔

اس اجلاس کو یالٹا کانفرنس سے مماثل کیوں قرار دیا جا رہا ہے؟

سنہ 1945 میں بگ تھری کا سب سے اہم اجلاس 4 سے 11 فروری تک سوویت یونین کے زیرانتظام جزیرہ نما کریمیا کے شہر یالٹا میں منعقد ہوا۔ یہ اجلاس یالٹا کانفرنس کے نام سے تاریخ میں محفوظ ہے۔ اس میں امریکی صدر روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن شریک ہوئے تھے۔ اس وقت جرمنی کی شکست تقریباً یقینی ہو چکی تھی۔ سوویت فوج مشرقی یورپ سے جرمنی کی جانب پیش قدمی کر رہی تھی جبکہ امریکا اور برطانیہ مغربی محاذ سے جرمن فوجوں کو پسپا کر رہے تھے۔

تینوں رہنماؤں کے سامنے بنیادی سوال یہ تھا کہ نازی جرمنی کی شکست کے بعد یورپ کا سیاسی اور جغرافیائی مستقبل کیا ہوگا اور عالمی امن کو کس طرح برقرار رکھا جائے گا۔

یالٹا کانفرنس کا ایک انتہائی اہم فیصلہ نئی عالمی تنظیم، اقوام متحدہ، کے قیام کے عمل کو آگے بڑھانا تھا۔ تینوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ 25 اپریل 1945 کو سان فرانسسکو میں عالمی کانفرنس بلائی جائے گی جہاں اقوام متحدہ کے منشور کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے لیے ویٹو پاور کا اصول بھی اسی مذاکراتی عمل میں طے ہوا تھا۔

پاکستان کے لیے اس کانفرنس کی کیا اہمیت ہے؟

پاکستان کے لیے شینزن کانفرنس غیرمعمولی سفارتی اور تزویراتی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس کے تینوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے مختلف نوعیت کے تعلقات ہیں۔

چین پاکستان کا قریبی تزویراتی اور معاشی شراکت دار ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، دفاعی تعاون اور علاقائی رابطوں کے منصوبے دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد ہیں۔

امریکا پاکستان کا اہم تجارتی اور سفارتی شراکت دار ہے جبکہ روس کے ساتھ بھی پاکستان توانائی، دفاع اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس تناظر میں پاکستان کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ امریکا، چین اور روس کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے اور عالمی سیاست نئے بلاکس میں تقسیم ہونے کے بجائے تعاون کی طرف بڑھے۔

پاکستان مشرق وسطیٰ اور ایران کی صورتحال میں بھی براہ راست دلچسپی رکھتا ہے۔ اگر تینوں بڑی طاقتیں ایران سے متعلق کشیدگی کم کرنے اور خلیج فارس میں امن برقرار رکھنے کے لیے کسی مشترکہ لائحہ عمل پر متفق ہوتی ہیں تو اس کے اثرات پاکستان کی توانائی کی ضروریات، علاقائی تجارت اور معاشی استحکام پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

اسی طرح افغانستان، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کے معاملات پر امریکہ، چین اور روس کے درمیان بہتر رابطہ پاکستان کے لیے سفارتی امکانات پیدا کر سکتا ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

TECHNOLOGY

چینی کمپنی گی اسپیِس اور پاک سیٹ کے درمیان سیٹلائٹ کنیکٹیوٹی کے فروغ کا معاہدہ

چین کی کمرشل اسپیس کمپنی گی اسپیِس نے پاکستان کی سیٹلائٹ کمیونیکیشن آپریٹر پاک سیٹ

Read More

پی ٹی اے نے 6 ماہ سے غیر فعال موبائل سمز کی بندش کے بارے میں خبردار کردیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 6 ماہ سے غیر فعال موبائل سمز

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.