سعودی عرب کی یمن میں طویل جنگ کی تیاری

سعودی عرب یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری جنگ کو آئندہ برس تک طول دینے اور اپنی عسکری مہم کو مزید تیز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

سعودی منصوبوں پر بریفنگ لینے والے دو مغربی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ سعودی حکام اب اس عسکری مہم کو مزید چھ ماہ تک جاری رہتا دیکھ رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق، اس مہم کو طول دینے کا بنیادی مقصد حوثیوں کے ساتھ کسی بھی ممکنہ مذاکرات سے قبل یمنی اتحادی افواج کے ذریعے زمینی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایران کے ساتھ وسیع تر جنگ کے خاتمے کا کوئی بھی معاہدہ یمن کے تنازع میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ ریاض کا خیال ہے اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ یمن میں سعودی کارروائیوں کے لیے جارحانہ عسکری مدد فراہم کر دے، جو اب تک روکی ہوئی ہے، تو جنگ کا پانسا پلٹ سکتا ہے اور سعودی حمایت یافتہ فورسز چند ہی ہفتوں میں اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کر سکتی ہیں۔

یمن تنازع خطے میں جاری کشیدگی کا سب سے فعال محاذ بن چکا ہے، جس کے نتیجے میں یمن میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، اور اس صورتحال نے تیل میں سرمایہ کاری اور عالمی تقریبات کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے پہلی بار 2015 میں ایک عرب اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے یمن کی جنگ میں شمولیت اختیار کی تھی تاکہ دارالحکومت صنعا اور ملک کے بیشتر حصوں پر حوثیوں کے قبضے کے بعد یمنی حکومت کو بحال کیا جا سکے۔

طویل خونریز تعطل کے بعد 2022 میں فریقین کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی جو رواں برس موسم گرما تک برقرار رہی۔

جنگ کے دوبارہ آغاز کے بعد سے حوثیوں نے سعودی حمایت یافتہ فورسز سے بحیرہ احمر کے ساحل اور اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کا کنٹرول چھین لیا ہے اور یمنی حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن کے بالائی پہاڑی علاقے میں واقع شہر تعز کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

گزشتہ ماہ یمنی سرکاری افواج نے جوابی حملہ کر کے باب المندب کے گرد کچھ علاقے واپس لیے تھے، تاہم گزشتہ ہفتے کے اختتام پر عدن کے دفاع کے لیے انہیں پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔

مغربی حکام کے مطابق سعودی اور یمنی افواج اب ازسرنو صف بندی کر رہی ہیں تاکہ عدن کو حوثیوں کی پیش قدمی سے بچایا جا سکے اور ممکنہ طور پر اپنی کارروائیوں کا رخ مشرقی محاذوں کی طرف موڑا جا سکے، جہاں انہیں کچھ کامیابیاں ملی ہیں یا کم از کم ان کی دفاعی لائنیں برقرار ہیں۔

عسکری حکمت عملی میں تبدیلی کے تحت سعودی عرب نے پیر کے روز سعودی عرب کے زیرِ قیادت اتحاد کے کمانڈر کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ منصوبوں سے آگاہ دو افراد کے مطابق یمنی حکومت کی جانب سے بھی اپنی عسکری قیادت میں ردوبدل متوقع ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے ابتدا میں اس تنازع کو خالصتاً ایک یمنی مسئلہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی تھی جس میں مملکت اپنے اتحادیوں کی مدد اور سرحد پار حملوں سے اپنا دفاع کر رہی ہے، تاہم سعودی شہروں پر مسلسل بڑے حملوں کے بعد اس مؤقف کو برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے اور اب سرکاری سطح پر جنگ کے اثرات کا اعتراف بڑھتا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے حوثیوں کے ایک حملے میں ریاض میں سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے بلند و بالا ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں بڑا شگاف پڑ گیا تھا، جبکہ اکتوبر سے ریاض کے ہوائی اڈے پر ہونے والے مہلک حملوں کے سلسلے کے باعث بیشتر پروازیں معطل ہیں۔

ان حالات کے پیش نظر فلیگ شپ سرمایہ کاری کانفرنس سمیت کئی اہم عالمی تقریبات منسوخ یا ملتوی کر دی گئی ہیں، جبکہ عالمی کھیلوں کا مرکز بننے کی سعودی مہم کا اہم حصہ سمجھا جانے والا اے ایف سی ایشین کپ فٹبال ٹورنامنٹ بھی جنوری 2027 سے ملتوی کر کے دسمبر 2027 تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔

سعودی حکام نے گزشتہ ماہ ہونے والے حملوں سے قبل باقاعدہ انتباہ اور بعد ازاں تفصیلی بیانات جاری کرنا شروع کیے ہیں، جو ماضی میں محدود معلومات فراہم کرنے کی پالیسی سے واضح تبدیلی ہے۔

اگرچہ حملوں کے بعد کی تصاویر پھیلانے پر قانونی پابندیاں عائد ہیں، تاہم ریاض کے نائب گورنر نے حملے کے دو روز بعد آرامکو ٹاور کا دورہ کیا اور سرکاری میڈیا نے عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی تصاویر بھی نشر کیں۔

جنگ کے حوالے سے عوامی بیانیہ اب مساجد تک بھی پھیل گیا ہے، جہاں گزشتہ جمعے کو ریاض کی ایک بڑی مسجد کے خطبے میں امام نے جنوبی سرحد پر تعینات سعودی فوجیوں کے لیے دعا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے التجا کی کہ وہ ان کے نشانے درست کرے، ان کے قدم جمائے رکھے اور دشمنی رکھنے والوں کے خلاف انہیں فتح عطا فرمائے۔

Share On Social Media

KARACHI

TECHNOLOGY

موبائل فون مرمت کے لیے دینے سے پہلے یہ احتیاط یقینی بنائیں

موبائل فون دکان یا سروس سینٹر پرمرمت کے لیے دیتے وقت آپ کی پرائیویسی اور

Read More

اے آئی پاور روبوٹس کیا کیا کام کرسکتے ہیں؟ حیرت انگیز رپورٹ

اے آئی پاور روبوٹس زمینی اور فضائی سفر کے طریقوں کو بدل سکتے ہیں، یہ

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.