الزائمر کی بیماری کی علامات ظاہر ہونے سے 10 سال پہلے دماغ میں تبدیلیوں کا انکشاف

امریکی سائنس دانوں نے دماغ کے 2 ایسے حصوں کی نشاندہی کی ہے جہاں الزائمر کی بیماری کے باعث یادداشت متاثر ہونے سے کئی سال پہلے ہی خرابی شروع ہوجاتی ہے، جس سے مستقبل میں مرض کی ابتدائی تشخیص ممکن ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے محققین نے اپنی تازہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ الزائمر کی بیماری دماغ میں ایسی تبدیلیاں پیدا کرسکتی ہے جن کا سراغ یادداشت کی خرابی یا دیگر واضح علامات سامنے آنے سے تقریباً ایک دہائی قبل لگایا جاسکتا ہے۔

سائنسی جریدے نیورو امیج رپورٹس میں شائع شدہ اس تحقیق کے محققین نے دماغ کے 2 حصوں، اینٹورائنل کورٹیکس اور امیگڈالا، میں بیماری کے ابتدائی آثار کی نشاندہی کی ہے، ان دونوں حصوں میں بافتوں (ٹشوز) کی کمی ہپوکیمپس کے مقابلے میں پہلے شروع ہوتی ہے۔

ہپوکیمپس دماغ کا وہ حصہ ہے جو یادداشت کے عمل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور عموماً الزائمر کی تشخیص کے لیے اس کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اینٹورائنل کورٹیکس پہلے سے محفوظ یادوں تک رسائی میں مدد دیتا ہے، جبکہ امیگڈالا جذباتی یادداشت اور جذبات سے وابستہ تجربات کو محفوظ رکھنے اور یاد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ان دونوں حصوں میں ابتدائی تبدیلیاں اس بات کا اشارہ ہوسکتی ہیں کہ بیماری کے آثار روایتی طور پر زیرِ نگرانی رکھے جانے والے ہپوکیمپس میں نمایاں ہونے سے پہلے ہی سامنے آنا شروع ہوجاتے ہیں۔

تحقیق کے سینئر مصنف اور بایومیڈیکل انجینئر مائیکل ملر کے مطابق دماغ میں سکڑاؤ کی ایسی تبدیلیاں طبی علامات ظاہر ہونے سے تقریباً 10 سال پہلے دیکھی جاسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دماغ میں بیماری سے متعلق تبدیلیوں کا عمل علامات ظاہر ہونے سے 5 سے 10 سال پہلے شروع ہوسکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر بیماری کے ابتدائی مراحل میں ہی ان تبدیلیوں کی شناخت ممکن ہوگئی تو علاج اس وقت شروع کیا جاسکے گا جب دماغ کو نقصان سے بچانے کے امکانات زیادہ ہوں گے، بجائے اس کے کہ یادداشت متاثر ہونے اور دیگر علامات نمایاں ہونے کے بعد علاج شروع کیا جائے۔

محققین نے اس مقصد کے لیے الزائمر سے متعلق 2 الگ تحقیقی منصوبوں کے تحت جمع کیے گئے سینکڑوں دماغی اسکینز کا جائزہ لیا۔

ان میں میگنیٹک ریزوننس امیجنگ اور پوزیٹرون ایمیشن ٹوموگرافی اسکین شامل تھے، تحقیق میں ایسے افراد کا ڈیٹا بھی شامل تھا جن میں بیماری کی علامات موجود نہیں تھیں، جبکہ بعض افراد ذہنی صلاحیتوں میں کمی کا شکار تھے اور کچھ مریض بعد ازاں الزائمر کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

دونوں تحقیقی گروپس کے نتائج میں یکساں رجحان سامنے آیا اور ابتدائی مراحل میں اینٹورائنل کورٹیکس اور امیگڈالا میں ہپوکیمپس کی نسبت زیادہ بافتی کمی دیکھی گئی۔

تاہم سائنس دانوں نے واضح کیا ہے کہ نتائج حوصلہ افزا ہونے کے باوجود مزید تحقیق ضروری ہے۔

فی الحال یہ دریافت ممکنہ ابتدائی حیاتیاتی علامات کی نشاندہی کرتی ہے، لیکن ابھی ایسا قابلِ اعتماد طبی ٹیسٹ تیار نہیں ہوا جو کئی سال پہلے الزائمر کی یقینی پیشگوئی کرسکے۔

Share On Social Media

KARACHI

جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ ملتان پہنچ گیا، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کا سُپر ٹرین لانگ مارچ امیر جماعت اسلامی

Read More

TECHNOLOGY

مصنوعی ذہانت کی کمپنی کو انسانی مصنف کی تلاش، سالانہ تنخواہ 3 کروڑ 25 لاکھ روپے تک

مصنوعی ذہانت کے معروف نظام کلاڈ (Claude) کی خالق کمپنی انتھروپک نے اعلیٰ تنخواہ پر

Read More

مصنوعی ذہانت سے مستقبل کی پیش گوئی ممکن بنانے کی کوششیں تیز

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے مستقبل کے ممکنہ واقعات کی پیش گوئی کرنے کا

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.