سپین میں مہنگائی کے خلاف عام ہڑتال، بارسلونا میں جھڑپیں، درجنوں افراد گرفتار

) سپین میں 14 برس بعد ہونے والی پہلی ملک گیر عام ہڑتال کے دوران بارسلونا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جبکہ ملک بھر میں لاکھوں کارکنوں سے وابستہ یونینوں کی اپیل پر ہزاروں افراد نے رہائش کے بڑھتے بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔

دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے مظاہرے میں شرکت کی، جبکہ بارسلونا میں 50 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکل آئے، بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں نقاب پوش افراد اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس کے دوران کئی مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی اور بعض دکانوں کے شیشے توڑے گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق کچھ مظاہرین نے پولیس پر آتش بازی کا سامان بھی پھینکا جبکہ چند دکانوں، جن میں ایک معروف کھلونوں کی دکان بھی شامل ہے، کو نقصان پہنچایا گیا، بعض افراد نے ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے سٹور میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔

بارسلونا میں احتجاج میں شریک ایک خاتون نے بتایا کہ دن کے وقت مظاہرہ زیادہ تر پُرامن اور خوشگوار تھا اور اس میں بڑی تعداد میں بچے اور بزرگ بھی شریک تھے، شام کے وقت شہر کے مختلف حصوں میں آگ لگی ہوئی تھی، ہر طرف آگ دکھائی دے رہی تھی، صورت حال بہت شدید ہو گئی تھی۔

ہڑتال کے باعث سپین بھر میں ٹرانسپورٹ اور دیگر عوامی خدمات متاثر ہوئیں جبکہ کئی بڑی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق مختلف واقعات کے سلسلے میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، بعض جائیداد کے کاروبار سے وابستہ دفاتر پر حملوں کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈرڈ میں مظاہرین میں سے ایک نے بتایا کہ ہم نے شہر کو تقریباً مفلوج کر دیا ہے، بارش کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجود ہیں۔

37 برس کی ٹیچر اولگا ڈومنگو نے کہا کہ وہ اس لیے احتجاج کر رہی ہیں کیونکہ رہائش کی صورت حال ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے، زندگی گزارنے کے اخراجات اور تنخواہوں میں اتنا فرق ہے کہ موجودہ حالات میں گزارا ممکن نہیں رہا۔

یہ ہڑتال سستے گھروں کی قلت اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے بعد سامنے آئی، اس تحریک کو اس وقت زیادہ توجہ ملی جب 87 سالہ ماری کارمین اباسکال کو میڈرڈ کے اُس فلیٹ سے بے دخل کر دیا گیا جہاں وہ سات دہائیوں سے رہ رہی تھیں، چند ہفتے بعد وہ ہسپتال میں فوت ہو گئیں۔

جائیداد کے شعبے سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے ایک فلیٹ کا اوسط ماہانہ کرایہ تقریباً 1170 یورو تک پہنچ چکا ہے، جبکہ سپین میں اوسط ماہانہ تنخواہ تقریباً 2460 یورو ہے۔

اس طرح ایک عام شہری اپنی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ صرف رہائش پر خرچ کرنے پر مجبور ہے، جو ماہرین کے تجویز کردہ قابلِ برداشت تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔

سپین میں 29 نومبر کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں، وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے گزشتہ ماہ قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جب پارلیمان ان کے مجوزہ رہائشی اصلاحات کے منصوبے کی منظوری نہ دے سکی۔

غیرمعمولی طور پر حکمران سوشلسٹ حکومت نے ہڑتال کی مخالفت کے بجائے اس کی حمایت کی ہے، وزیراعظم سانچیز نے کارکنوں کے حقِ ہڑتال کا دفاع کرتے ہوئے اسے مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کا تسلسل قرار دیا۔

دوسری جانب حزبِ اختلاف کی قدامت پسند جماعت پیپلز پارٹی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ انتخابات سے قبل سیاسی فائدے کے لیے ہڑتال کو استعمال کر رہی ہے۔

27 سالہ گونزالو الواریز، جو کرایہ داروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم سے وابستہ ہیں، کہتے ہیں کہ ماری کارمین اباسکال کی بے دخلی نے عوامی غصے کو بھڑکا دیا، خوراک، بجلی، پانی اور گیس کے اخراجات کے بعد گھر خریدنے کے لیے رقم جمع کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔

کاروباری حلقوں نے ہڑتال کو سیاسی قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے، تاہم بجلی کے استعمال کے ابتدائی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی۔

سپین کے قومی گرڈ آپریٹر کے مطابق صبح ملک میں بجلی کی طلب میں تقریباً 7.5 فیصد کمی دیکھی گئی، جو ہڑتال میں شرکت کے ایک اہم اشاریے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ہڑتال کی عوامی حمایت اور احتجاجی سرگرمیوں کی شدت 29 نومبر کے انتخابات سے قبل حکمرانوں اور اپوزیشن، دونوں کے لیے ایک اہم سیاسی اشارہ تصور کی جائے گی۔

Share On Social Media

KARACHI

عوام دوست منڈی میں رونقیں عروج پر،جانوروں کی تعداد 80 ہزار

)ناردرن بائی پاس پر قائم ’عوام دوست مویشی منڈی‘ میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ

Read More

ہزاروں ای چالان اصل مالکان تک نہیں پہنچ سکے

بھاری ای چالان کے باوجود سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کو نہ روکا جاسکا۔ٹریفک پولیس کی

Read More

TECHNOLOGY

یوٹیوب میں اے آئی سرچ فیچر متعارف

 گوگل نے اپنی مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دیتے ہوئے یوٹیوب کے لیے ایک

Read More

گوگل نے اپنے نئے ایپ آئیکونز متعارف کرا دیے

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے نئے، ری ڈیزائن کیے گئے اور کچھ حد تک منفرد نظر

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.