ویکسین خریداری کے معاملے پر وزارت صحت کو اعتماد میں لیے بغیر کارروائی ہوئی، وزیر صحت مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ویکسین کی خریداری کے معاملے میں متعلقہ حکام نے وزارت صحت کو اعتماد میں لیے بغیر کارروائی کی، جس پر وزیراعظم کی قائم کردہ اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی۔

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں سرکاری خزانے کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا اور ویکسین کی مد میں جمع ہونے والی 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے کی رقم نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہے۔

ویکسین کے معاملے میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور وزارت کو بائی پاس کرنے کے شواہد سامنے آئے ہیں، وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات پر تین افراد گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ دیگر ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی ہو سکتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ ان کے ماتحت ادارے بارڈر ہیلتھ سروسز نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ویکسین کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا تھا، کیونکہ بعض افریقی ممالک سمیت مختلف ملکوں کا سفر کرنے کے لیے مخصوص ویکسین لگوانا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں کہ بعض مسافروں کو جعلی ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ ٹریول ایجنٹس پیسے لے کر ویکسین لگائے بغیر کارڈ بنا دیتے تھے اور جب مسافر بیرون ملک سے واپس آتے تو ایئرپورٹ پر پکڑے جاتے اور انہیں پانچ روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جاتا تھا۔

وفاقی وزیر کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے ویکسین کی فراہمی کا منصوبہ سامنے آیا اور خریداری کے لیے 9 مئی کو وزارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ تاہم یہ معاملہ ان کے پاس نہیں آیا بلکہ ڈپٹی سیکریٹری کی سطح پر اس پر کارروائی کی گئی۔

ان کے مطابق کمیٹی میں وزارت کا ایک نمائندہ بھی شامل کیا گیا، جبکہ شکایات کے ازالے کے لیے الگ گریوینس کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور بارڈر ہیلتھ سروسز کے نمائندے شامل تھے۔

مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کے حکام نے تقریباً ایک ماہ بعد، 10 جون کو، اپنی سطح پر ایک اور کمیٹی تشکیل دے دی۔ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے خود کو مجاز اتھارٹی قرار دیتے ہوئے پروکیورمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بنا لیا اور اپنے لوگوں کو اس میں شامل کر لیا۔

’اسی طرح شکایات کے ازالے کے لیے قائم کمیٹی میں بھی بارڈر ہیلتھ سروسز کے حکام کو شامل کر دیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ تمام کارروائی وزارت کے علم میں لائے بغیر کی گئی اور بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک کمپنی کو کام دے کر ویکسین کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر 3 گرفتاریاں

وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً ڈیڑھ ماہ، یعنی 40 روز تک کام ہوتا رہا، جس کے بعد مقابلے میں شامل دوسری کمپنیوں نے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران جب یہ معاملہ سامنے آیا تو وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی۔

ان کے مطابق کمیٹی میں سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، ڈائریکٹر جنرل پیپرا، سی ای او ڈریپ اور آئی بی کے ڈائریکٹر سمیت متعلقہ حکام شامل تھے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ متعلقہ حکام نے وزارت صحت کو بائی پاس کرکے کارروائی کی اور وزارت کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی، جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے ایف آئی اے کو متعلقہ افراد کی گرفتاری کے لیے خط جاری کیا گیا اور اب تک تین افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پروکیورمنٹ کمیٹی میں شامل بعض دیگر افراد کے خلاف بھی سنجیدہ سوالات موجود ہیں اور پانچ رکنی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق مزید کارروائی آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں بنیادی نکتہ یہی ہے کہ متعلقہ حکام نے وزارت کو اعتماد میں نہیں لیا، جب وزارت کو ہی اس کارروائی سے آگاہ نہیں کیا گیا تو وزیر اور وزارت کے دیگر حکام کو اس کا علم کیسے ہو سکتا تھا؟

18 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہیں

ویکسین اسکینڈل میں 10 ارب روپے کی کرپشن اور مبینہ طور پر پیڈ مہم چلانے کے الزامات پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ویکسین کی مد میں مجموعی طور پر 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے نادرا کے ایک اکاؤنٹ میں جمع ہیں، جبکہ وزارت صحت کے کسی اکاؤنٹ میں یہ رقم موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا بلکہ تمام رقم سپلائر کی جانب سے فراہم کی گئی ہے اور تاحال کوئی رقم اکاؤنٹ سے نہیں نکالی گئی۔

ان کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ کام اپنی نوعیت کے اعتبار سے اچھا تھا، تاہم اس کے لیے درست قواعد و ضوابط اختیار نہیں کیے گئے۔

مصطفیٰ کمال نے وضاحت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے پی تھری اے کے قواعد لاگو ہوتے ہیں، جبکہ براہ راست خریداری کی صورت میں پیپرا کے قواعد لاگو ہوتے ہیں۔ متعلقہ حکام نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا منصوبہ بنایا، لیکن پیپرا کے قواعد کے تحت کارروائی کی، جو قواعد کی خلاف ورزی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے اس منصوبے میں کرپشن کا منصوبہ بنایا بھی تھا تو تاحال کوئی رقم چوری نہیں ہوئی اور تمام رقم نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہے۔

وزارت مذہبی امور نے ویکسین مہنگے داموں خریدی، ڈریپ کی مقررہ قیمت 1300 روپے تھی

وفاقی وزیر صحت نے ویکسین کی قیمتوں کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کی خریداری کا معاملہ بھی اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران بار بار وزارت مذہبی امور کا حوالہ دیا گیا کہ اس نے ویکسین کتنی قیمت میں خریدی۔ ابتدائی طور پر یہ تاثر دیا گیا کہ وزارت مذہبی امور نے 300 روپے مہنگی ویکسین خریدی، تاہم جب ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ وزارت مذہبی امور نے 2025 میں ویکسین 2 ہزار 555 روپے میں خریدی تھی۔

ان کے مطابق 2024 میں بھی ویکسین تقریباً 2 ہزار 400 روپے، جبکہ 2022 اور 2023 میں تقریباً 2 ہزار 560 روپے میں خریدی گئی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزارت مذہبی امور کی پروکیورمنٹ کمیٹی میں ڈریپ کا نمائندہ بھی شامل تھا، جس کی ذمہ داری ادویات کی قیمتوں کا جائزہ لینا ہے۔

ان کے مطابق ڈریپ سے دریافت کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس نے ویکسین کی قیمت 1300 روپے مقرر کر رکھی تھی۔ اس کے باوجود وزارت مذہبی امور نے مختلف برسوں میں 2400 سے 2555 روپے تک کی قیمت پر ویکسین خریدی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے دو ویکسین 2290 روپے میں خریدیں اور دونوں ویکسینوں کے لیے مجموعی طور پر 4500 روپے وصول کیے گئے۔ اس کے علاوہ نادرا کے چارجز بھی ادا کیے جا رہے تھے، کیونکہ ویکسین لگانے کے بعد سرٹیفکیشن نادرا کے اہلکار کرتے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے میں کسی چیز کو درست یا غلط قرار دینے کے بجائے تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق بیان کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف چلائی جانے والی مہم پیپلز پارٹی اور اس کے لوگوں کی جانب سے چلائی گئی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے پمز کے افسوسناک واقعے کے بعد بھی اسی نوعیت کی مہم چلائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور اس کے لوگ ان پر تنقید کر رہے ہیں تو وہ اسے اس بات کی علامت سمجھتے ہیں کہ وہ درست راستے پر ہیں۔ ان کے بقول انہیں اس وقت تشویش ہوگی جب پیپلز پارٹی ان کی تعریف کرنا شروع کر دے گی۔

پمز میں 8 افراد کے خلاف فوجداری کارروائی کی سفارش، انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

وفاقی وزیر صحت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے حوالے سے بتایا کہ اس معاملے پر دو الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔

ان کے مطابق پہلی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات، ذمہ داریوں کے تعین اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی سفارشات تیار کیں، جبکہ دوسری 20 رکنی کمیٹی میں ملک بھر کے ماہرین شامل تھے، جنہیں پمز کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے اور اصلاحات کے حوالے سے تجاویز دینا تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کمیٹیوں کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہیں۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق پہلی کمیٹی نے مجموعی طور پر آٹھ افراد کے خلاف فوجداری کارروائی کی سفارش کی تھی۔ وزارت صحت کو ہدایت کی گئی کہ ان آٹھوں افراد کو ان کے عہدوں سے معطل کیا جائے اور معاملہ وزارت داخلہ کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صحت نے تمام آٹھ افراد کو معطل کرکے معاملہ وزارت داخلہ کے حوالے کر دیا ہے۔ اب وزارت داخلہ اور پولیس ان سے تفتیش کر رہی ہیں اور اس مرحلے پر وزارت صحت کا مزید کوئی کردار نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد حفاظتی آلات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے سمیت اصلاحات پر بھی کام کیا گیا ہے اور اب تک کیے گئے اقدامات کی مکمل فہرست فراہم کی جا سکتی ہے۔

پمز کو خودمختار ادارہ بنانے اور باہر سے سی ای او لانے کی تجویز

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ دوسری کمیٹی نے پمز کے مستقبل کے انتظامی ماڈل کے حوالے سے سفارشات پیش کی ہیں۔

ان کے مطابق موجودہ قانون کے تحت پمز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارے کے اندر سے ہی تعینات ہوتا ہے، تاہم کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ مارکیٹ سے کسی اہل اور تجربہ کار شخص کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا جائے اور اسے ضروری اختیارات اور وسائل فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پمز کے مختلف شعبوں کے سربراہان کو بھی مالی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں، انہیں جواب دہ بنایا جائے اور ادارے کو وزارت کے اثر و رسوخ سے نکال کر خودمختار حیثیت میں چلایا جائے

ان کے مطابق ماضی میں بھی عمران خان کے دور حکومت میں پمز کو خودمختار بنانے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن اس وقت موجودہ ملازمین نے عدالت سے رجوع کر لیا تھا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان کی ملازمتوں کی شرائط اور پنشن کے حقوق تبدیل ہو جائیں گے۔ عدالت نے اس معاملے پر حکم امتناع جاری کر دیا تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس مرتبہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ ملازمین کی ملازمتوں کی شرائط تبدیل نہیں ہوں گی اور جن شرائط پر انہیں بھرتی کیا گیا تھا، ان کے حقوق اور مراعات کا تحفظ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:

تاہم آئندہ بھرتیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہوں گی اور نئے ملازمین کی شرائط موجودہ ملازمین سے مختلف ہوں گی، ادارے کو چلانے کے لیے باہر سے ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر یا سی ای او لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں وزارت قانون اور وزارت صحت مل کر کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پمز کو ایک کامیاب ماڈل بنایا جائے گا تاکہ اسلام آباد کے دیگر اداروں میں بھی اسی طرز کی اصلاحات متعارف کرائی جا سکیں۔

Share On Social Media

KARACHI

جامعہ کراچی کے پروفیسر پر تشدد کرنے والا بااثر شخص کون ہے؟ متاثرہ عارف ساقی کا انکشاف

جامعہ کراچی کے شعبہ اسلامک لرننگ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عارف خان ساقی نے دعویٰ

Read More

TECHNOLOGY

اے آئی ماڈلز خود کی نقل بنا کر انٹرنیٹ پر تباہی پھیلانے کے قریب پہنچ گئے: انتھروپک کی وارننگ

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی اینتھروپک نے خبردار کیا

Read More

گوگل میسجز کا نیا فیچر، لائیو لوکیشن کے ساتھ ٹریفک جام دیکھنا بھی ممکن

گوگل میسجز میں لائیو لوکیشن شیئر کرنے کے فیچر میں اہم تبدیلی متوقع ہے، جس

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.