کیا شوہر کے قتل کی سازش میں چیٹ جی پی ٹی بھی شریک تھا؟ بیوی کی چیٹ ہسٹری سے چونکا دینے والے انکشافات

امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک شہری نے اپنی اہلیہ کی جانب سے مبینہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اسے زہر دے کر قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی اور اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سیم آلٹ مین کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جیمز گیٹس نامی شہری، جو گزشتہ سال زہر دیے جانے کے مبینہ واقعے میں زندہ بچ گئے تھے، نے سان فرانسسکو کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں مقدمہ دائر کیا۔ اس کیس میں ان کی اہلیہ چیرل گیٹس پر شوہر کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

جیمز گیٹس نے اپنے وکلا کے ذریعے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ان کی اہلیہ بظاہر کسی کمزور یا غیر محفوظ صارف کی روایتی تعریف پر پوری نہیں اترتی تھیں، تاہم وہ بھی ذہنی طور پر ایک کمزور کیفیت سے گزر رہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلیہ کا رویہ اس قدر تبدیل ہوگیا تھا کہ وہ انہیں پہچاننے سے قاصر تھے جبکہ وہ خود ان کی مبینہ طور پر قتل کی کوشش کا نشانہ بن گئے۔ جیمز کے مطابق، تقریباً ایک سال تک وہ اہلیہ کے رویے کی وجوہات سمجھنے سے قاصر رہے، تاہم ان کی چیٹ ہسٹری پڑھنے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ اس مبینہ منصوبہ بندی میں چیٹ جی پی ٹی کا کردار بھی تھا۔

مقدمے کے مطابق چیرل گیٹس نے 2025 کے موسم گرما اور خزاں کے دوران چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ سینکڑوں مرتبہ گفتگو کی اور رفتہ رفتہ اسے اپنا قریبی رازدار سمجھنے لگیں۔

مبینہ طور پر وہ ملازمت، بچوں کی سرگرمیوں، ادویات کی خوراک اور ازدواجی مسائل سمیت زندگی کے مختلف معاملات پر چیٹ جی پی ٹی سے مشورے لیتی تھیں۔

جیمز کے وکلا کا الزام ہے کہ ازدواجی معاملات سے متعلق گفتگو بعد ازاں شوہر کو زہر دینے کی تفصیلی منصوبہ بندی میں تبدیل ہوگئی۔ مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے چیرل کے شکوک و شبہات کو تقویت دی، ان کے خدشات کی توثیق کی اور مبینہ طور پر انہیں عملی منصوبہ بندی میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کی۔

قانونی درخواست میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ چیٹ بوٹ نے مبینہ طور پر زہریلے مادوں، ان کی مقدار، استعمال کے طریقوں اور شواہد چھپانے سے متعلق معلومات فراہم کیں۔

جیمز گیٹس کے وکلا کے مطابق، 2025 کے موسم گرما کے آغاز میں انہیں گھر میں موجود مختلف مشروبات، جن میں سوڈا اور انرجی ڈرنکس شامل تھے، کا ذائقہ غیر معمولی طور پر کڑوا محسوس ہونے لگا تھا۔

10 جولائی 2025 کو ان کی طبیعت اچانک شدید خراب ہوگئی اور وہ تقریباً 72 گھنٹے تک مختلف طبی مسائل کا شکار رہے۔ ان علامات میں دل کی تکالیف، شدید بے چینی، پیٹ میں درد، جسمانی کمزوری اور ذہنی الجھن شامل تھیں۔ واقعے کے تقریباً 2 ماہ بعد جیمز کو شبہ ہوا کہ انہیں زہر دیا گیا تھا۔ ان کا شبہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب انہیں اہلیہ کا ہاتھ سے لکھا ہوا ایک مبینہ نوٹ ملا۔

مقدمے کے مطابق، اس نوٹ میں زہریلے پودے اولیئنڈر (Oleander)، مختلف تجویز کردہ ادویات اور چند ہدایات درج تھیں، جن میں تمام چیٹ گفتگو حذف کرنے اور چیٹ جی پی ٹی سے لاگ آؤٹ کرنے کے الفاظ بھی شامل تھے۔

جیمز گیٹس نے اوپن اے آئی اور سیم آلٹ مین کے خلاف مجموعی طور پر 9 قانونی بنیادوں پر دعوے دائر کیے ہیں جن میں غیر محفوظ پروڈکٹ ڈیزائن، ممکنہ خطرات سے خبردار کرنے میں ناکامی اور دانستہ طور پر شدید ذہنی اذیت پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔

دوسری جانب اوپن اے آئی کے ترجمان نے بتایا کہ صارفین کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان کے مطابق، کمپنی نے متعلقہ صارف کا اکاؤنٹ بند کردیا ہے اور کیس کی تحقیقات کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات فراہم کی ہیں۔

اوپن اے آئی کو چیٹ جی پی ٹی کے مبینہ نقصان دہ جوابات سے متعلق دیگر قانونی مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ ایک مقدمے میں ریاست واشنگٹن کے ایک شہری نے الزام عائد کیا کہ چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے بغیر لائسنس طبی مشورے فراہم کیے گئے جن کے نتیجے میں وہ ذہنی صحت کے بحران سے دوچار ہوئے۔

اسی طرح فلوریڈا کے ایک شہری نے دعویٰ کیا کہ چیٹ جی پی ٹی کے طبی مشوروں نے انہیں ایسی علامات کے باوجود علاج کروانے سے روکنے میں کردار ادا کیا جو بعد میں جان لیوا پلمونری ایمبولزم (پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا پھنسنے) سے منسلک ثابت ہوئیں۔

ان مقدمات نے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز کی ذمہ داری، صارفین کے تحفظ اور حساس معاملات میں فراہم کیے جانے والے مشوروں کی حدود سے متعلق بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

TECHNOLOGY

یوٹیوب نے فری صارفین کے لیے بیک گراؤنڈ ویڈیو چلانے کا راستہ بند کر دیا

اگر آپ موبائل پر براؤزر کو منی مائز کر کے یا اسکرین لاک کر کے

Read More

یوٹیوب نے ایک کروڑ ڈالر آمدن والے 16 اے آئی چینلز ڈیلیٹ کر دیے

 یوٹیوب نے رواں سال مصنوعی ذہانت والے چینلز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اے آئی

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.