اسرائیلی جاسوس کمپنی اسٹار لنک صارفین کی جاسوسی کر رہی ہے: ٹیک ماہرین کا انکشاف

سیٹلائٹ انٹرنیٹ نے ان علاقوں میں بھی رابطے ممکن بنائے ہیں جہاں روایتی انٹرنیٹ سروسز دستیاب نہیں یا ان پر پابندیاں عائد ہیں۔ تاہم، اس ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ صارفین کی شناخت اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اسرائیلی اشتہاری ٹیکنالوجی کمپنی مبینہ طور پر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی اسٹار لنک سروس استعمال کرنے والوں کو ہدف بنا رہی تھی تاکہ ان کے مقامات معلوم کیے جا سکیں یا ان کی نگرانی کی جا سکے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، سائبر سیکیورٹی کمپنی ٹرینڈ مائیکرو کے ذیلی ادارے ٹرینڈ اے آئی کے محققین نے ڈیجیٹل اشتہارات سے متعلق معلومات کا تجزیہ کرنے کے بعد جو نتائج اخذ کیے ان میں اس معاملے سے واقف چھ افراد کے مطابق، اسرائیلی کمپنی ڈسکور ٹیک اسٹار لنک صارفین کو دکھائے جانے والے اشتہارات کی بولی لگانے والی نمایاں کمپنیوں میں شامل تھی اور 100 سے زائد ممالک میں اسٹار لنک کے انٹرنیٹ ٹریفک پر سب سے زیادہ بولیاں لگا رہی تھی۔ ان ممالک میں بعض ایسے علاقے بھی شامل تھے جہاں اسٹار لنک کے استعمال پر پابندی عائد تھیں۔

ڈیجیٹل اشتہارات کے نظام میں مختلف کمپنیاں صارفین کے ویب براؤزرز اور ایپس میں اشتہارات دکھانے کے لیے بولیاں لگاتی ہیں۔ اس عمل کے دوران صارفین سے متعلق بعض معلومات بولی لگانے والی کمپنیوں تک پہنچ سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق، ان معلومات کو وقت کے ساتھ جمع کرکے دوسرے ڈیٹا کے ساتھ ملایا جائے تو صارفین کی شناخت ظاہر کرنے، ان کی آن لائن سرگرمیوں کا سراغ لگانے اور بعض صورتوں میں نگرانی کے سافٹ ویئر کے ذریعے انہیں ہدف بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ٹرینڈ اے آئی نے 15 اکتوبر کو اسٹار لنک صارفین کو ہدف بنانے سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کی تھی، تاہم اس میں ڈسکور ٹیک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں مشتبہ ادارے کو ’’شیڈو ارتھ 79‘‘ کا نام دیا گیا، جسے اس معاملے سے واقف افراد کے مطابق ڈسکور ٹیک کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

اسی روز کینیڈا کے سائبر سیکیورٹی تحقیقی ادارے سٹیزن لیب اور نیویارک کی اشتہاری ٹیکنالوجی کمپنی کنفیئنٹ نے بھی ڈسکور ٹیک کا نام لے کر اس کی سرگرمیوں پر سوالات اٹھائے۔ دونوں اداروں کے مطابق، کمپنی نے اشتہارات کی بولی لگانے کے نظام کا مبینہ طور پر غلط استعمال کیا، جس کے ذریعے صارفین سے متعلق معلومات اس تک پہنچ سکتی تھیں۔

ان اداروں نے بتایا کہ متعلقہ اشتہارات میڈیا اداروں، سرکاری اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درجنوں حساس نیٹ ورکس میں بھی دکھائے گئے۔ تحقیقات کے بعد گوگل، کامکاسٹ اور بعض دیگر کمپنیوں نے ڈسکور ٹیک کو اپنے اشتہاری پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا۔ اس کے علاوہ، ایک بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اور ایک بین الاقوامی تنظیم نے بھی اپنے ملازمین کو ہدف بنائے جانے کے امکان کی تحقیقات شروع کیں۔

ٹرینڈ اے آئی کی رپورٹ کے مطابق، مشتبہ ادارہ شام، لیبیا، یمن اور جنوبی سوڈان میں اشتہارات خریدنے والا سب سے بڑا ادارہ تھا، جبکہ افغانستان میں دوسرے نمبر پر تھا۔ ہنگری، اسرائیل، مصر، آذربائیجان اور وینزویلا سمیت کئی ممالک میں بھی اس کی اشتہاری بولیوں کا حصہ غیر معمولی طور پر زیادہ تھا۔ محققین نے کہا کہ تنازعات اور پابندیوں سے متاثرہ ممالک میں جائز مغربی اشتہارات کی طلب بہت کم ہوتی ہے، اس لیے ان علاقوں میں غیر معمولی سرگرمی نے شکوک پیدا کیے۔

اسٹار لنک یوکرین کی جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جہاں فوج اسے محاذوں پر رابطے برقرار رکھنے اور ڈرون حملوں کی ہدایت دینے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ یہ سروس اسپیس ایکس کے سیٹلائٹس کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے، جس سے بعض علاقوں میں مقامی انٹرنیٹ پابندیوں کے باوجود رابطہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ایسے حالات میں صارفین کے مقامات اور شناخت تک رسائی سیکیورٹی کے خدشات بڑھا سکتی ہے۔

معاملے سے واقف چھ افراد کے مطابق، ٹرینڈ اے آئی کے محققین نے رپورٹ میں ڈسکور ٹیک کا نام شامل کرنے پر غور کیا تھا، لیکن کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے قانونی خدشات اٹھائے جانے کے بعد یہ فیصلہ ترک کر دیا گیا۔ ٹرینڈ اے آئی نے کہا کہ اس کا طریقۂ کار غلط شناخت کے امکانات کم کرنے اور گمراہ کن نتائج سے بچنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ ڈسکور ٹیک، اس کے چیف ایگزیکٹو اور اسپیس ایکس نے تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ فی الحال ماہرین کی تحقیقات نے کمپنی کی اشتہاری سرگرمیوں اور ممکنہ نگرانی کے طریقوں پر سوالات اٹھائے ہیں، تاہم ان الزامات پر ڈسکور ٹیک کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

ملازمت پیشہ افراد اور طلبہ کے لیے خوشخبری؛ اگست میں چھٹیاں ہی چھٹیاں

پاکستان میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کے لیے اگست کا مہینہ

Read More

مطالعے کے بدلتے انداز: مصنوعی ذہانت نے اب کتابوں سے گفتگو بھی ممکن بنادی

مصنوعی ذہانت یا اے آئی پر مبنی نئی ٹیکنالوجی کتابیں پڑھنے کے انداز میں بڑی

Read More

TECHNOLOGY

اوپن اے آئی نے نوجوانوں کے لیے زیادہ محفوظ چیٹ جی پی ٹی متعارف کرا دیا

امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے منگل کو نوجوانوں کے لیے چیٹ جی پی ٹی

Read More

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی

معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.