بھارتی غیر قانونی تسلط کے خلاف آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری ‘یومِ سیاہ’ منا رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال

بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا کے تمام اہم ممالک میں آباد کشمیری آج، 27 اکتوبر کو ‘یومِ سیاہ’ منا رہے ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد دنیا پر یہ باور کرانا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کی منشا اور خواہشات کے برعکس ان کی سرزمین پر بزورِ طاقت غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے تقسیمِ ہند کے طے شدہ اصولوں اور ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے جموں و کشمیر میں گھس کر اس پر غیر قانونی قبضہ جمایا تھا۔

یومِ سیاہ کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور بیرونِ ملک احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے 27 اکتوبر 1947ء کے بھارتی ملٹری اقدام کے ساتھ ساتھ، 5 اگست 2019ء کو ہندو توا بی جے پی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کر کے مقبوضہ وادی کی خاص حیثیت ختم کرنے کے جابرانہ فیصلہ کی بھی شدید مذمت کی جائے گی۔

یومِ سیاہ منائے جانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس (APHC) اور دیگر حریت پسند تنظیموں کی جانب سے کی گئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حریت قیادت نے کشمیری عوام پر زور دیا ہے کہ وہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں، جيلوں میں قید رہنماؤں کے اصولی موقف کو تقویت دیں اور دنیا پر واضح کر دیں کہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی کے حصول تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسلۂ کشمیر کا حل ممکن بنانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

دوسری جانب، مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں ایسے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں عوام سے ‘یومِ سیاہ’ کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ ان پوسٹرز میں 27 اکتوبر 1947ء کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیا گیا ہے۔ یہ پوسٹرز اور پیغامات مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ایکس (ٹویٹر)، فیس بک اور واٹس ایپ پر بھی تیزی سے شیئر کیے جا رہے ہیں۔

مظفر آباد سے کنٹرول لائن کی جانب مارچ

یومِ سیاہ کی مناسبت سے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں شاہراہِ سری نگر پر ایک بڑا احتجاجی مارچ منعقد کیا جا رہا ہے جو کنٹرول لائن کی جانب پیش قدمی کرے گا۔ مارچ کے شرکا ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں جمع ہو کر بھارتی تسلط اور مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کا مشعل بردار جلوس

27 اکتوبر ‘یومِ سیاہ’ کی مناسبت سے کلُ جماعتی حریت کانفرنس (آزاد کشمیر شاخ) کے زیرِ اہتمام مظفر آباد کے تاریخی برہان شہید چوک پر ایک عظیم الشان مشعل بردار جلوس کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی جلوس میں حریت رہنماؤں، آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جلوس کے شرکا نے بھارتی تسلط کے شکار کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

جلوس میں شامل ممتاز رہنماؤں میں آزاد کشمیر کے وزیر ثاقب مجید راجہ، اے پی ایچ سی کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، راجہ خادم حسین، نذیر کرنائی، اشفاق مجید، مشتاق الاسلام، عزیر احمد غازی، پاکستان پیپلز پارٹی کے شوکت جاوید میر، تاجر رہنما عبدالرزاق اور مسلم کانفرنس کے یاسر نقوی شامل تھے۔

مشعل بردار جلوس کا مقصد کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں اور مسلسل جدوجہدِ آزادی کو اجاگر کرنا اور مسلۂ کشمیر کو عالمی ایجنڈے پر زندہ رکھنا تھا۔ اس موقع پر شرکا نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم اور بے گناہ عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مسلمہ حقِ خودارادیت کی کامل حمایت کا اعادہ کیا۔

جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 27 اکتوبر کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلۂ کشمیر کو ایک فوری نوعیت کا انسانی اور سیاسی مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس تنازع کا ایک منصفانہ اور پائیدار حل صرف کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ اور فعال کردار ادا کرے۔

حریت اور سیاسی رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی آزادی کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے بین الاقوامی فورمز پر اس مسلے کو موثر انداز میں اٹھانے کے لیے مسلسل سیاسی و سفارتی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مشعل بردار جلوس کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی تحریک مکمل طور پر زندہ و جاوید ہے اور دہائیوں پر محیط اس تنازع کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کی مسلسل توجہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

Share On Social Media

KARACHI

عوام دوست منڈی میں جانوروں کی تعداد سوالاکھ،معرکہ حق کا جشن بھی منایا

شوبز ستاروں کی پرفارمنس نے مویشی منڈی کی رونقیں بڑھادیں،محفل کو زعفران بنا دیامعروف مذہبی

Read More

کراچی: 50 سے زائد اراکین پر مشتمل اعلیٰ سطح کے چینی تجارتی وفد کا فیڈریشن ہاؤس، کراچی کا دورہ: ایف پی سی سی آئی

چائنہ میں پاکستان کے ایمبیسیڈر، جناب خلیل ہاشمی، چائنہ کے تجارتی وفد کے ہمراہ تشریف

Read More

TECHNOLOGY

روسی ہیکرز کے ہاتھوں سیکڑوں اکاؤنٹس ہیک، گمراہ کن خبروں کی تشہیر

ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روسی ہیکرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم

Read More

وکلا اور اکاؤنٹنٹس کی ملازمتیں شدید خطرے میں: مائیکروسافٹ اے آئی کے سربراہ کا انتباہ

مائیکروسافٹ اے آئی کے سربراہ مصطفیٰ سلیمان نے خبردار کیا ہے کہ کمپیوٹر اسکرین کے

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.