سربیا میں طلبہ تحریک کی تاریخی کامیابی، 14 سال سے برسراقتدار الیگزینڈر ووچیچ کو شکست

بدعنوانی اور جمہوریت مخالف اقدامات کے خلاف 2 سالہ احتجاج کے بعد طلبہ کی حمایت یافتہ تحریک نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی۔ الیگزینڈر ووچیچ نے شکست تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کی جماعت حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں رہی۔

یورپی ملک سربیا میں طلبہ کی قیادت میں چلنے والی تحریک نے پارلیمانی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کرکے ملک کی سیاست کا رخ بدل دیا ہے۔ طویل عرصے سے اقتدار پر گرفت رکھنے والے قوم پرست رہنما الیگزینڈر ووچیچ نے اتوار کو شکست تسلیم کرلی۔ ان کی جماعت سربین پروگریسو پارٹی کے مقابلے میں طلبہ کی حمایت یافتہ تحریک ’ اسٹوڈنٹس لسٹ‘نے واضح برتری حاصل کی۔ ووچیچ کے مطابق، ان کی جماعت کو تقریباً 105 نشستیں ملنے کی توقع ہے، جبکہ مخالف تحریک 135 سے 140 نشستیں حاصل کرسکتی ہے۔ سربیا کی 250 رکنی پارلیمان کے انتخابات میں تقریباً 64 لاکھ ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

ووچیچ نے انتخابی شکست کا ذمہ دار آزاد میڈیا اور بعض یورپی ممالک کی مبینہ مداخلت کو قرار دیا، تاہم ان کے مخالفین نے اس کامیابی کو عوام کی فتح اور خوف کے خاتمے کی علامت قرار دیا۔ انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد دارالحکومت بلغراد سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔ مظاہرین نے ووچیچ کے حامیوں کے قائم کردہ خیمے اور باڑیں ہٹا دیں، جو ایک سال سے زائد عرصے سے دارالحکومت کے مرکزی علاقے میں موجود تھے۔ تاہم جشن کے دوران بعض مقامات پر کشیدگی بھی دیکھی گئی اور پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ کی اطلاعات سامنے آئیں۔

ووچیچ کی مقبولیت میں کمی کا اہم سبب نومبر 2024 میں نووی ساد کے ریلوے اسٹیشن پر کنکریٹ کی چھت گرنے کا واقعہ بنا تھا، جس میں 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ طلبہ اور شہریوں نے اس حادثے کو مبینہ بدعنوانی، اقربا پروری اور تعمیراتی کاموں میں بے ضابطگیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج شروع کردیا۔

2 سال تک جاری رہنے والی اس تحریک نے دیہی علاقوں تک رسائی حاصل کی اور ان ووٹرز کی حمایت بھی حاصل کی جو روایتی سیاست دانوں سے مایوس تھے۔ طلبہ کی حمایت یافتہ انتخابی فہرست میں یونیورسٹی کے طلبہ کے بجائے ماہرین، کھلاڑیوں، کسانوں اور فنکاروں کو شامل کیا گیا، جبکہ مہم کا بنیادی نکتہ جمہوریت کی بحالی، معیشت کی بہتری اور بدعنوانی کا خاتمہ تھا۔

سربیا کے انتخابات پر یورپی یونین سمیت عالمی برادری کی گہری نظر تھی، کیونکہ ملک یورپی یونین میں شمولیت کا امیدوار ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین نے طلبہ تحریک کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین قانون کی حکمرانی، آزاد میڈیا، بدعنوانی کے خاتمے اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے سربیا کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔

دوسری جانب انتخابی مبصرین نے ووٹروں پر دباؤ ڈالنے، ووٹ خریدنے کی کوششوں اور انتخابی مہم کے دوران کارکنوں کو ہراساں کیے جانے سمیت متعدد بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی۔ اس کے باوجود طلبہ تحریک کی کامیابی کو سربیا میں طویل عرصے سے جاری سیاسی جمود کے خاتمے اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی سیاسی طاقت کا اہم مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

کراچی سے پہلی حج پرواز 160 عازمین کے ساتھ حجازِ مقدس روانہ

ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے حج پروازوں کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا، کراچی

Read More

کراچی میں 29 ارب سے زائد ایرانی ریال اسمگل کرنے کی کوشش

کراچی میں کیماڑی پولیس نے اربوں روپے کی ایرانی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

Read More

TECHNOLOGY

جعلسازی کی نئی مہم، 30 ہزار اکاؤنٹس ہیک ہونے کا انکشاف!

تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ویتنام سے آپریٹ کی جانے والی

Read More

گوگل کروم میں سکیورٹی مسائل کو ختم کرنے کیلئے نئی اپ ڈیٹ جاری

گوگل نے کروم ویب براؤزر میں موجود متعدد سکیورٹی مسائل کو ختم کرنے کے لیے نئی

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.