میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں گاڑیوں میں سوار افراد آپس میں دوست تھے اور ایبٹ آباد سے کھانا کھا کر ہری پور واپس آرہے تھے۔ سرائے صالح کے قریب پہلے ایک کار آئل ٹینکر سے ٹکرائی، جس کے بعد دوسری کار بھی بے قابو ہوکر ٹینکر سے جا ٹکرائی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ چاروں نوجوانوں کا تعلق ہری پور کے درویش محلہ کھجوراں والے سے تھا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ ایک ہی محلے کے چار نوجوانوں کی ہلاکت پر اہل خانہ اور اہل علاقہ غم سے نڈھال ہیں۔



































