فرانس کی سپر مارکیٹوں میں اچانک فریج گرم ہونے لگے، درجۂ حرارت 50 ڈگری تک کیسے پہنچا؟

فرانس میں سائبر حملے کے ذریعے سیکڑوں سپر مارکیٹوں کے ریفریجریشن سسٹم کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں فریج اور فریزر غیر معمولی طور پر گرم ہوگئے اور بڑی مقدار میں تازہ اور منجمد خوراک خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا جبکہ بعض اسٹورز میں آلات سے دھواں اٹھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کی معروف سپر مارکیٹ چینز کیریفور، مونوپری، انٹرمارشے اور کوآپریٹو یو سمیت متعدد اسٹورز کے ریفریجریٹرز کا درجۂ حرارت رات کے وقت 50 ڈگری سینٹی گریڈ (122 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا جس سے خوراک محفوظ رکھنے کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔

کوآپریٹو یو کے چیف ایگزیکٹو ڈومینیک شیلشر نے تصدیق کی کہ سائبر حملوں کے باعث متعدد اسٹورز میں ریفریجریشن کے نظام متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تازہ اشیائے خورونوش کو محفوظ رکھنے اور عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات کو نشانہ بنانا انتہائی سنگین اور ناقابل قبول اقدام ہے۔

سائبر سکیورٹی ماہر فیلکس ایمے کے مطابق اس حملے کے اثرات صرف فرانس تک محدود نہیں رہے بلکہ اسپین، پرتگال، پولینڈ، جرمنی اور بیلجیئم سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی ایسے واقعات سامنے آئے۔

یورپی کمشنر برائے زراعت و خوراک کرسٹوف ہینسن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غذائی تحفظ پر ہر سطح پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا خطرہ حقیقت بن چکا ہے۔ سپر مارکیٹ گروپ لیس موسکیٹیرز کے مطابق سائبر حملے سے اس کے تقریباً 180 اسٹورز متاثر ہوئے جبکہ مالی نقصان کئی ملین یورو تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کے ایک سروس فراہم کرنے والے ادارے کو نشانہ بنایا گیا تھا جو بعض اسٹورز کے ریفریجریشن سسٹم کا انتظام سنبھالتا ہے۔ حملے کے بعد متعدد مقامات پر تازہ اور منجمد اشیائے خورونوش رکھنے والے ڈسپلے فریج اور فریزر بند ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ صارفین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے انٹرمارشے اور نیٹو نے متاثرہ اشیائے خورونوش کو اسٹورز سے ہٹانے اور تلف کرنے کے اقدامات کیے۔ بعض اسٹورز میں آلات زیادہ گرم ہونے سے دھواں اٹھا تاہم کمپنی کے مطابق آگ لگنے کے کسی واقعے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ کمپنی اب عدالتی طور پر مقرر کردہ بیلف اور انشورنس ماہرین کی رپورٹوں کی منتظر ہے جن کی مدد سے نقصانات کی حتمی مالیت کا تعین کیا جائے گا۔

دوسری جانب اسٹاپ اینڈ شاپ کی مالک کمپنی اہولڈ ڈیلاہیز نے بھی اپنے نیٹ ورک میں سکیورٹی کے مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ احتیاطی طور پر بعض نظام بند کردیے گئے ہیں تاہم اس کے اسٹورز کھلے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دنیا بھر میں سائبر حملوں اور آن لائن جرائم میں اضافے پر تشویش بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) سائبر حملوں کو زیادہ تیز اور وسیع پیمانے پر انجام دینے میں مدد دے سکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے برطانوی آن لائن فیشن کمپنی ای سوس کو بھی سائبر سکیورٹی کی خلاف ورزی کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں بعض صارفین کی ذاتی معلومات افشا ہوئیں۔

اسی طرح برطانیہ میں ایک چھوٹا پاور پلانٹ بھی جولائی میں سائبر حملے کے بعد چار روز تک بند رہا جبکہ اس حملے میں ایران سے ممکنہ تعلق کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

انٹرپول کے چیف انفارمیشن سکیورٹی آفیسر بیورن آر واٹن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بیک وقت متعدد اہداف کو نشانہ بنانا ممکن ہو رہا ہے جس سے سائبر حملوں کی رفتار اور دائرۂ کار بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی سائبر خطرات میں ایک تدریجی تبدیلی لا رہی ہے، نہ کہ کوئی اچانک انقلاب۔

Share On Social Media

KARACHI

سندھ: پراپرٹی ٹیکس اصلاحات پروگرام کی منظوری

کابینہ نے سندھ کے پراپرٹی ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لیے عالمی بینک کے تعاون

Read More

‘میر رضا کا قتل ثابت ہوتا ہے، پولیس کوتاہیوں کا اعتراف کرے’؛ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ

میر رضا علی کی پُراسرار موت کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ

Read More

TECHNOLOGY

حساس امریکی ادارے کے 40 ہزار سے زائد ملازمین کا ڈیٹا لیک

امریکا میں سرکاری اداروں کے ڈیٹا کی سیکیورٹی ایک بار پھر سوالات کی زد میں

Read More

بچوں کے لیے ڈارک ویب ہی نہیں، عام سوشل میڈیا بھی خطرہ بننے لگا، والدین کیا احتیاط کریں؟

بچوں کے لیے انٹرنیٹ کی دنیا جہاں تعلیم، تفریح اور معلومات کے بے شمار مواقع

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.