صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں اغوا کیے گئے پاکستانیوں کے اہل خانہ نے وزارت خارجہ کے کراچی دفتر کے باہر اتوار کی شب احتجاج کیا۔
مظاہرین نے اپنے پیاروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مغویوں کے اہل خانہ وزارت خارجہ کراچی کے دفتر کے باہر جمع ہوئے، جہاں مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم پرامن احتجاج کر رہے ہیں، ہمارے پاکستانی اغوا ہیں۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صومالیہ میں قید پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے فوری سفارتی اقدامات کیے جائیں۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران پولیس نے انہیں فوری طور پر جگہ خالی کرنے کا کہا۔ مظاہرین کے مطابق پولیس انہیں گرفتار کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے اور ان کی لائٹیں بھی بند کی گئی ہیں۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات نہیں مان لیتی، وہ احتجاج ختم نہیں کریں گے۔ اہل خانہ نے صومالیہ میں قید پاکستانیوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ دہرایا۔





































