آزاد کشمیر: تیسرے مرحلے کے انتخابات میں بڑے اپ سیٹ، 2 سابق وزرائے اعظم کو شکست

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کی 4 نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں، جہاں بڑے سیاسی اپ سیٹ سامنے آئے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ سابق وزرائے اعظم سمیت نمایاں سیاسی شخصیات کو اپنے حلقوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

باغ میں بڑا اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان شکست کھا گئے

ایل اے 14 غربی باغ سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کو عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے شکست دے دی۔

حلقے کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ لے سکے۔

سردار عتیق احمد خان کی شکست کو آزاد کشمیر کے انتخابات کا اہم ترین اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ یہ حلقہ طویل عرصے سے مسلم کانفرنس کا مضبوط سیاسی مرکز سمجھا جاتا رہا ہے۔

انتخابی تاریخ کے مطابق 1985 سے یہ نشست مسلم کانفرنس کے پاس رہی ہے۔ سردار عتیق احمد خان کے والد مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان بھی اسی حلقے سے متعدد بار کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

ماضی میں سردار عتیق احمد کے مقابلے میں مختلف سیاسی اتحاد بھی تشکیل پاتے رہے، تاہم وہ کئی مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ حالیہ انتخاب میں سردار ساجد اقبال نے مختلف انتخابی حکمت عملی کے ذریعے مسلم کانفرنس کے سربراہ کو ان کے روایتی مضبوط حلقے میں شکست دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار ساجد اقبال متحدہ عرب امارات میں کاروبار کرتے ہیں اور گزشتہ چند برسوں کے دوران حلقے میں اپنی ذاتی وسائل سے سڑکوں، اسکولوں اور پانی کی اسکیموں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کرتے رہے، جس کے باعث انہیں مقامی سطح پر پذیرائی ملی۔

سردار عتیق احمد خان کی شکست کے نتیجے میں مسلم کانفرنس کو بھی بڑا سیاسی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ گزشتہ آزاد کشمیر اسمبلی میں جماعت کی نمائندگی صرف سردار عتیق احمد خان کر رہے تھے، تاہم ان کی شکست کے بعد مسلم کانفرنس اسمبلی میں نمائندگی سے محروم ہوگئی ہے۔

وسطی باغ میں پیپلز پارٹی کی واپسی، مشتاق منہاس کو شکست

ایل اے 15 وسطی باغ کے تمام 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیا قمر کامیاب قرار پائے ہیں۔

ضیا قمر نے 16 ہزار 637 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار بریگیڈیئر راجا محمد خان 12 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور آئی پی پی کے صدر سردار تنویر الیاس بھی انتخاب لڑ رہے تھے، تاہم انہیں کامیابی نہ مل سکی۔

گزشتہ انتخابات میں سردار تنویر الیاس نے اسی حلقے سے 19 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

بعد ازاں ان کی نااہلی کے نتیجے میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے ضیا قمر کامیاب ہوئے تھے۔ حالیہ انتخاب میں دوبارہ کامیابی کے بعد ضیا قمر نے حلقے میں اپنی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔

شرقی باغ کا نتیجہ ابھی مکمل نہیں

ایل اے 16 شرقی باغ میں بھی مقابلہ دلچسپ مرحلے میں ہے۔ 186 میں سے 174 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

تاہم اس حلقے کا حتمی نتیجہ ابھی سامنے نہیں، کیونکہ 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق بعض پولنگ اسٹیشنز پر تصادم اور کچھ مقامات پر ووٹرز کے بائیکاٹ کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہوا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔

دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک ایل اے 16 کا حتمی نتیجہ روک دیا گیا ہے، اس لیے باقی پولنگ کے بعد انتخابی پوزیشن تبدیل ہونے کا امکان برقرار ہے۔

حویلی میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کامیاب

ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور نے کامیابی حاصل کرلی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے 31 ہزار 839 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز 28 ہزار 975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید نے 8 ہزار 295 ووٹ حاصل کیے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

نتائج کے مطابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے قریب ترین حریف چوہدری محسن عزیز کو 2 ہزار 864 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا ہے، اور حالات کشیدہ ہیں۔

Share On Social Media

KARACHI

سانحہ گل پلازہ: ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار، جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہوگئی

کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں

Read More

تاجروں کا سانحہ گل پلازہ پر سوگ کا اعلان

سانحہ گل پلازہ پر کراچی تاجر اتحاد نے پیر کو یوم سوگ اور کراچی موبائل

Read More

TECHNOLOGY

واٹس ایپ بدلنے جارہا ہے، صارفین کے لیے پریمیم فیچرز کا اعلان

واٹس ایپ ایک نئے اختیاری پریمیم سبسکرپشن پلان پر کام کررہا ہے، جس کے تحت

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.