پیپلز پارٹی ، ن لیگ میں لفظی جنگ: آزاد کشمیر میں ووٹ پر ڈاکا،ریاست بتائے قومی مفاد اہم یا ن لیگ کا: بلاول، عوام رونے والوں کو نہیں کارکردگی والوں کو ووٹ دیتے ہیں : مریم

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی اور میرپور و کوٹلی کے ووٹ پر ڈاکا مارا گیا، ریاست کو فیصلہ کرنا ہے کہ قومی مفاد زیادہ اہم یا ن لیگ کا مفاد ، آزاد کشمیر کو مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے ، 30 جولائی کو مظفرآباد میں بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا، 2 اگست کوانتخابات میں کسی صورت ووٹ چوری نہیں ہونے دینگے ، پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔ وہ مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن ،تحصیل پٹہکہ میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سر دار جاوید ایوب کے انتخابی حلقہ میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور مداخلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے پولنگ کے روز ہونیوالے واقعات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں جو ہو رہا ہے کیا ہم اسے جمہوریت کا نام دے سکتے ہیں، میرپورکے عوام کا شکر گزار ہوں انہوں نے اپنے ووٹ سے پیپلز پارٹی کو اکثریت دلوائی، لیکن لگ رہا ہے ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کو ترجیح دے رہا ہے ، اس کا نقصان کشمیر، پاکستان اور اس کے عوام کا ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم قومی مفاد میں ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کے مفاد میں نہیں۔ آنکھیں کھولیں، ن لیگ کے مفاد کے نام پر پاکستان کا کیا حال ہوا، کشمیر کے ساتھ کیا کر رہے ہیں ، کیا چاہتے ہیں کہ پونچھ آزاد کشمیر کا نہیں مقبوضہ کشمیر کاعلاقہ لگے ۔انہوں نے کہا انٹرنیٹ بند کرنے سے یہ آزاد کشمیر نہیں مقبوضہ کشمیر لگے گا، کیا آپ سمجھتے ہیں تمام سیاسی پارٹیاں بیوقوف ہیں، کیا کشمیر کے عوام نہیں جانتے کہ ان کے ساتھ آپ کیا کر رہے ہیں، یہ دھاندلی کی کہانی آج سے شروع نہیں ہوئی، قومی مفاد کو دھکیل کر ن لیگ کے مفاد کو ترجیح دینا آج سے شروع نہیں ہوا، ہمیں چاہیے صاف و شفاف الیکشن کرائیں، کشمیر کاز کو بچانے کیلئے پیپلزپارٹی کی مفاہمتی پالیسی تسلیم کرنا پڑے گی۔ بلاول نے مزید کہا ہم پر امن رہنا چاہتے ہیں ، ورنہ میں زرداری کا بیٹا اورمیر مرتضیٰ کا بھانجا ہوں ، سیاست بینظیر کی کرنا چاہتا ہوں،ہم اپنے ہی ساتھیوں کی جانیں ضائع ہوتے نہیں دیکھ سکتے ، آپ نے پیپلز پارٹی کے کارکن کو مارا لیکن اس کے باوجود ان کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں، میں انہیں نہیں چھوڑوں گا، آپ کو حق دلاکر رہوں گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چودھری یاسین کی 30 یونین کونسلوں پر مخالفین نے قبضہ کیا ،ووٹرز کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا،مرحلہ وار انتخابات کا جواز سکیورٹی کی بہتری بتایا گیا لیکن سکیورٹی کے باوجود 30 پولنگ سٹیشنز پر حملے کیسے ہوئے ؟ ، آپ نے مرحلہ وار الیکشن دھاندلی کیلئے کرائے ، ان لوگوں نے وہی کام کیا جو انہوں نے پچھلے الیکشن میں کیا تھا، اب کسی کو اپنے حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے ابتدائی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن)نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں، تاہم بعض حلقوں کے نتائج عوامی توقعات سے مطابقت نہیں رکھتے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قومی اداروں کو کسی سیاسی جماعت کے بجائے پاکستان کے قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے ، آزاد کشمیر کے سیاسی مسائل کا حل آئینی، جمہوری اور پرامن طریقے سے نکالا جانا چاہیے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی حالیہ احتجاجی تحریک کا حوالہ دیتے کہا کہ مظاہرین کے مطالبات کو نظر انداز کرنے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کیا جانا چاہیے تھا ،وفاقی حکومت اور احتجاجی قیادت کیلئے تجویز ہے فوری طور پر ’’ٹروتھ اینڈ ریکنسلی ایشن کمیشن‘‘قائم کیا جائے ، جب تک کمیشن رپورٹ مکمل نہ کرے حکومت کسی قسم کی کارروائی سے گریز کرے ۔بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی قیادت اور کارکنوں کے ساتھ بھی سیاسی کھیل کھیلا گیا ہے ،تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کو اپنی ہی جماعت کے اندر اس نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ 30 جولائی کو مظفرآباد میں بڑے عوامی جلسے کا مرکزی نعرہ ’’کشمیر پر ڈاکا نامنظور‘‘ہوگا،2 اگست کے انتخابات میں اگر دوبارہ ووٹ چوری کرنے ، پولنگ سٹیشنوں پر قبضہ کرنے یا کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوری سیاست کے فلسفے پر عمل کرنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے سیاسی اختلافات کا حل آئین، قانون اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے ذریعے نکالا جائے ،یقین ہے 2 اگست کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے لیگی قیادت کی تنقید کا جواب دیتے کہا کہ دھاندلی سے حاصل کامیابی کو عوامی مینڈیٹ قرار دینا مضحکہ خیز ہے ،انتخابی عمل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں ، میرپور کی نشستیں واپس حاصل کی جائیں گی ۔ مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ مریم نواز الزامات لگانے کے بجائے انتخابی دھاندلی کا جواب دیں ، آزاد کشمیر کو ’’مقبوضہ کشمیر‘‘بنانے کی ہر سازش عوامی قوت سے ناکام بنائیں گے ۔ پی پی رہنما و سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز کی گفتگو چوری اور سینہ زوری کی مثال ہے ، الیکشن میں ن لیگ نے مظلوم کشمیریوں کے ووٹ کے حق پر ڈاکا ڈالا ،مسلم لیگ (ن)خیراتی اور فارم 47 کی حکومت پر بیٹھی ہے اور یہ بات ملک کے ہر بچے کو معلوم ہے ،آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے کارکن کو قتل کیا گیا ۔پی پی رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پریس کانفرنس سے خطاب اور بیان میں کہا کہ سسٹم ہار گیا تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ، جمہوریت کا نقصان ہوگا ،ایل اے 12 کے متنازعہ پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔ 

    لاہور ،اسلام آباد،راولپنڈی(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے کہا کہ آج کے دور میں صرف الزامات اور رونے دھونے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ، بلاول اپنے بیانیے اور کارکردگی پر مزید محنت کریں ،میرپور ڈویژن کے انتخابات میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور پارٹی کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے کہا کہ افسوس ہے انتخابی مہم کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے نامناسب زبان استعمال کی، سندھ میں گزشتہ 17 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے لیکن اس کے باوجود بلاول بھٹو عوام کو سندھ کا کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نہیں بتا سکے ،عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن)کی کامیابی اس اعتماد کا واضح ثبوت ہے ، آزاد کشمیر کے عوام ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور ناکافی صحت کی سہولیات سے نجات چاہتے ہیں اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سینئر سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن عوام نے کسان کارڈ، پکی سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کے حق میں ووٹ دیا ، جمہوریت میں عوام کے ووٹ اور فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے ،بلاول کو سمجھانا چاہتی ہوں کہ الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں عوام کرتی ہے ،گلگت بلتستان میں عوام نے آپ کے حق میں فیصلہ کیا تو ہم نے کامیابی کو تسلیم کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہی آزاد کشمیر کے حالات خراب ہوئے ،الزام آپ وفاق پر لگا رہے تھے ،بلاول سے درخواست ہے اپنی توجہ سندھ کو بہتر بنانے پر مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت، اپنے لوگوں اور اپنے وزیراعظم کے ساتھ الیکشن لڑا اور ہار گئے ، اپنی حکومت پر ہی دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں ،میرپور کی طرح باقی لوگ بھی 2 اور 10 اگست کو مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ آپ کی ترقی ہو۔ جبکہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما و مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں13نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن)نے 9 ،پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، مجموعی طور پر انتخابات مکمل شفاف اور غیر جانبدار ہوئے ، بلاول بڑی جمہوری جماعت کے سربراہ،مسلم لیگ (ن)ان کا احترام کرتی ہے۔

    جمہوریت کا تقاضا ہے کہ عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے قبول کیا جائے ،الیکشن کے روز نکیال کاافسوسناک واقعہ 2 گروپوں کے پرانے خاندانی تنازع کا نتیجہ تھا ،آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی کامیابی مؤثر حکمتِ عملی، مضبوط ٹیم ورک اور منظم انتخابی مہم کا نتیجہ ہے ۔ امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کا پرامن انعقاد ریاست اور عوام کی کامیابی ہے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں ن لیگ کے رہنما و وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طارق فضل چودھری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو شکست تسلیم کریں،ان کے بیانات ’’بچگانہ‘‘ ہیں ۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی ٰبخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ پیارے بھائی!ٹھنڈا پانی پئیں اور سر پر بھی ٹھنڈا پانی ڈالیں ، کشمیر کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ، فارم 47 کا طعنہ بے بنیادہے ، میرپور ڈویژن میں پیپلز پارٹی کو فارم 45 پر شکست ہوئی۔

    Share On Social Media

    KARACHI

    ملازمت پیشہ افراد اور طلبہ کے لیے خوشخبری؛ اگست میں چھٹیاں ہی چھٹیاں

    پاکستان میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کے لیے اگست کا مہینہ

    Read More

    مطالعے کے بدلتے انداز: مصنوعی ذہانت نے اب کتابوں سے گفتگو بھی ممکن بنادی

    مصنوعی ذہانت یا اے آئی پر مبنی نئی ٹیکنالوجی کتابیں پڑھنے کے انداز میں بڑی

    Read More

    TECHNOLOGY

    اوپن اے آئی کے بے قابو اے آئی ایجنٹ نے دوسری ٹیک کمپنی کے اکاؤنٹ تک بھی رسائی حاصل کرلی

    اوپن اے آئی کے آزمائشی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایجنٹ، جو پہلے ہی اے آئی

    Read More

    اوپن اے آئی کے تجرباتی ماڈلز خو ہی ہیکر بن گئے، حقیقت کیا ہے؟

    مصنوعی ذہانت  یا اے آئی کی دنیا میں اس ہفتے ایک ایسا واقعہ سامنے آیا

    Read More

    TRENDING VIDEOS

    LATEST

    ENTERTAINMENT

    ENTERTAINMENT

    roznama jazba

    Roznama Jazba is a news updated with multiple news

    & informative blogs holding valueablle material for all class of society.