سندھ حکومت پبلک پرائیوٹ منصوبوں سے عوام کی زندگیوں میں بہتری لارہی ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے وطن عزیز کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کی صورت میں ایک کامیاب معاشی فارمولا دیا ہے۔

کراچی میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر نے زراعت، ماہی گیری اور الیکٹرانک وہیکل چارجنگ سمیت مختلف شعبہ جات کے انفراسٹرکچر میں بہتری کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ میں زراعت کے شعبے میں انفراسٹرکچر میں بہتری کے منصوبوں سے چاولوں، آلو، کیلے، کینو، آم، امرود اور کھجور سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔

قاسم نوید قمر نے ماہی گیری کی صنعت کی برآمد بڑھانے کیلئے پیکجنگ اور پراسسنگ کے منصوبوں اور الیکٹرانک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر کے منصوبوں سے متعلق بھی بریف کیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1993 میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا وژن دیا جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں ، صحت سے انفراسٹرکچر تک سندھ حکومت پبلک پرائیوٹ منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زراعت اور ماہی گیری سمیت پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں سے ہم ملک میں معاشی انقلاب لاسکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں