پوٹاشیم ملا نمک دنیا بھر میں لاکھوں اموات روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تحقیق

کھانے میں استعمال ہونے والا عام نمک اگر ایک خاص حد تک پوٹاشیم ملے نمک سے تبدیل کردیا جائے تو دنیا بھر میں ہر سال دل اور گردوں کی بیماریوں سے ہونے والی تقریباً 30 لاکھ اموات کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔

ایک نئی تحقیق میں یہ بھی اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس تبدیلی سے ان بیماریوں کے ایک کروڑ سے زیادہ نئے کیسز سے بچا جاسکتا ہے۔

آسٹریلیا کے جارج انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کے محققین کی جانب سے کی گئی یہ تحقیق سائنسی جریدے ’نیچر ہیلتھ‘ میں شائع ہوئی ہے۔ اس میں 193 ممالک کے اعداد و شمار کا جائزہ لے کر یہ اندازہ لگایا گیا کہ اگر عام کھانے کے نمک کی جگہ پوٹاشیم سے افزودہ نمک استعمال کیا جائے تو دل اور گردوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

محققین کے مطابق اگر گھروں میں کھانا پکانے کے ساتھ ساتھ بازار میں دستیاب تیار کھانوں اور ریستورانوں میں بھی عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کیا جائے تو ہر سال دل اور گردوں کی بیماریوں کے تقریباً 10.17 ملین نئے کیسز اور 29 لاکھ 60 ہزار اموات روکی جاسکتی ہیں۔

تاہم یہ اعداد و شمار کسی عملی عالمی تبدیلی کے بعد سامنے آنے والے نتائج نہیں بلکہ مختلف ممکنہ صورت حال کی بنیاد پر تیار کیے گئے تخمینے ہیں۔

عام نمک اور پوٹاشیم والے نمک میں کیا فرق ہے؟

عام کھانے کا نمک بنیادی طور پر سوڈیم کلورائیڈ پر مشتمل ہوتا ہے۔ پوٹاشیم ملا نمک تیار کرنے کے لیے اس میں موجود سوڈیم کلورائیڈ کا کچھ حصہ پوٹاشیم کلورائیڈ سے تبدیل کردیا جاتا ہے۔

سوڈیم اور پوٹاشیم دونوں ایسے معدنی اجزا ہیں جو جسم کے معمول کے افعال کے لیے ضروری ہیں، لیکن ان کی مقدار میں توازن برقرار رکھنا اہم ہے۔ سوڈیم کا زیادہ استعمال اور پوٹاشیم کی کم مقدار بلڈ پریشر بڑھانے میں کردار ادا کرسکتی ہے، جبکہ بلند فشارِ خون دل اور گردوں کی بیماریوں کا ایک بڑا خطرہ ہے۔

جارج انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کے شعبہ غذائی پالیسی سے وابستہ اور تحقیق کی مرکزی مصنفہ ڈاکٹر لی پنگ (پولی) ہوانگ کے مطابق جدید دور کی غذا میں عموماً سوڈیم کی مقدار زیادہ اور پوٹاشیم کی مقدار کم ہوتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں سے صحتِ عامہ کے ادارے لوگوں کو نمک کم استعمال کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، لیکن اس کوشش میں کامیابی محدود رہی ہے کیونکہ لوگوں کو نمک کا ذائقہ پسند ہے اور کھانے میں اس کی مقدار کم کرنا آسان نہیں۔

ان کے مطابق اسی وجہ سے محققین ایسے متبادل تلاش کررہے ہیں جن کے ذریعے لوگوں کو اپنی کھانے کی عادات میں بڑی تبدیلی کیے بغیر صحت مند غذا کی طرف راغب کیا جاسکے۔ پوٹاشیم سے افزودہ نمک اسی سلسلے میں ایک امید افزا متبادل کے طور پر سامنے آیا ہے۔

کیا اس نمک کا ذائقہ بھی مختلف ہوتا ہے؟

پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے کا ایک اہم فائدہ یہ بتایا جاتا ہے کہ اس سے کھانے کا ذائقہ نمایاں طور پر تبدیل نہیں ہوتا۔ اس لیے عام نمک کے عادی افراد کے لیے اسے اپنی غذا میں شامل کرنا نسبتاً آسان ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر ہوانگ کے مطابق متعدد طبی آزمائشوں میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ پوٹاشیم سے افزودہ نمک بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

وہ چین کے دیہی علاقوں میں 2013 سے 2020 کے دوران ہونے والی ایک بڑی تحقیق ’سالٹ سبسٹی ٹیوٹ اینڈ اسٹروک اسٹڈی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتاتی ہیں کہ اس میں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے والے افراد میں فالج کا خطرہ 14 فیصد، دل کی بڑی بیماریوں کا خطرہ 13 فیصد اور تمام وجوہات سے موت کا خطرہ 12 فیصد کم پایا گیا تھا۔

مزید پڑھیے: دانتوں کی صحت کا راز صرف برش نہیں، آپ کی خوراک بھی اہم ہے

ان کے مطابق پوٹاشیم ملا نمک عام نمک کے مقابلے میں کچھ مہنگا ضرور ہے، لیکن روزمرہ استعمال کے لیے اب بھی نسبتاً قابلِ برداشت قیمت پر دستیاب ہوسکتا ہے۔

دنیا بھر میں کتنی اموات روکی جاسکتی ہیں؟

محققین نے مختلف صورتوں کا جائزہ لیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اگر پوٹاشیم ملے نمک کا استعمال صرف گھروں میں ہو، صرف بازار میں تیار ہونے والی غذاؤں میں کیا جائے یا دونوں جگہ اس کا استعمال شروع کردیا جائے تو صحت پر کیا اثر پڑسکتا ہے۔

صرف گھروں میں استعمال

اگر گھروں میں کھانا پکانے اور کھانے میں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کیا جائے تو ہر سال دل اور گردوں کی بیماریوں کے 61 لاکھ 90 ہزار نئے کیسز اور 18 لاکھ 50 ہزار اموات روکی جاسکتی ہیں۔

بازار اور ریستورانوں میں استعمال

اگر صرف ریستورانوں اور بازار میں دستیاب تیار کھانوں میں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کیا جائے تو سالانہ 54 لاکھ 60 ہزار نئے کیسز اور 15 لاکھ 60 ہزار اموات کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔

گھروں اور بازار دونوں میں استعمال

اگر گھریلو کھانوں کے ساتھ تیار اور ریستورانوں کے کھانوں میں بھی یہ تبدیلی کردی جائے تو ہر سال دل اور گردوں کی بیماریوں کے ایک کروڑ 17 ہزار نئے کیسز اور 29 لاکھ 60 ہزار اموات روکی جاسکتی ہیں۔

محققین نے بلند فشار خون کے تشخیص شدہ مریضوں کے لیے بھی الگ تخمینے تیار کیے۔ ان کے مطابق ایسے افراد، چاہے ان کا علاج جاری ہو یا نہ ہو، اگر عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کریں تو دنیا بھر میں ہر سال دل اور گردوں کی بیماریوں کے 17 لاکھ 20 ہزار نئے کیسز اور پانچ لاکھ سے زیادہ اموات روکی جاسکتی ہیں۔

جبکہ صرف ان افراد میں جو بلند فشارِ خون کا علاج کروا رہے ہیں اس تبدیلی سے تقریباً 14 لاکھ 10 ہزار نئے کیسز اور لگ بھگ 5 لاکھ اموات کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔ یہ تمام تخمینے بالغ آبادی سے متعلق ہیں۔

کن افراد کو اس تبدیلی سے زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے؟

ڈاکٹر ہوانگ کے مطابق بلند فشارِ خون کے مریضوں اور زیادہ نمک استعمال کرنے والے افراد کو پوٹاشیم ملے نمک سے زیادہ فائدہ پہنچنے کا امکان ہے کیونکہ اس کے ذریعے سوڈیم کی مقدار کم اور پوٹاشیم کی مقدار بڑھائی جاسکتی ہے، جس سے بلڈ پریشر قابو میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کے فوائد صرف بلند فشارِ خون کے مریضوں تک محدود نہیں۔ عمر بڑھنے کے ساتھ قدرتی طور پر بلڈ پریشر میں اضافہ ہونے کا رجحان پایا جاتا ہے اور زیادہ نمک کا استعمال اس کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔

ان کے مطابق زندگی کے ابتدائی حصے ہی سے سوڈیم کی مقدار کم اور پوٹاشیم کا استعمال مناسب حد تک بڑھانے سے مستقبل میں بلڈ پریشر کے اضافے کی رفتار کم کرنے اور دل و گردوں کی طویل مدتی صحت بہتر رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

امریکا سے وابستہ ماہرِ غذائیت اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے غذا کی منصوبہ بندی کرنے والی مشیل روتھنسٹائن، جو اس تحقیق میں شامل نہیں تھیں، بھی کہتی ہیں کہ بلند فشارِ خون کے ایسے مریض جن کی غذا میں سوڈیم زیادہ اور پوٹاشیم کم ہوتا ہے، اس تبدیلی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں بشرطیکہ ان کے گردے صحت مند ہوں۔

ان کے مطابق جو لوگ کھانا پکاتے وقت یا کھانے کی میز پر اضافی نمک استعمال کرتے ہیں انہیں بھی اس تبدیلی سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ تاہم پیک شدہ غذاؤں اور ریستورانوں کے کھانوں میں موجود اضافی سوڈیم کم کرنا بھی ضروری ہے۔

گردوں کے مریضوں کے لیے پوٹاشیم والا نمک خطرناک بھی ہوسکتا ہے

پوٹاشیم ملا نمک اگرچہ دل اور بلڈ پریشر کی صحت کے لیے مفید ہوسکتا ہے لیکن یہ ہر شخص کے لیے محفوظ نہیں۔

ماہرین کے مطابق گردوں کا ایک اہم کام جسم میں موجود اضافی پوٹاشیم کو خارج کرنا ہے۔ اگر گردوں کی کارکردگی شدید متاثر ہو تو پوٹاشیم خون میں جمع ہونا شروع ہوسکتا ہے، جس سے دل کی دھڑکن میں خطرناک بے ترتیبی پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر ہوانگ کے مطابق گردوں کی شدید بیماری میں مبتلا افراد یا ایسی ادویات استعمال کرنے والے مریض جو خون میں پوٹاشیم کی سطح بڑھا سکتی ہیں انہیں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔

ماہرِ غذائیت مشیل روتھنسٹائن نے بھی خبردار کیا ہے کہ بعض ادویات خون میں پوٹاشیم کی مقدار بڑھا سکتی ہیں۔ ان میں لیزینوپریل، لوسارٹن، اسپائرونولیکٹون اور اینٹریسٹو شامل ہیں۔

ان ادویات کے ساتھ پوٹاشیم ملا نمک استعمال کرنے سے خون میں پوٹاشیم خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے جس سے دل کے برقی نظام اور دھڑکن میں سنگین خرابی پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ یہ خطرہ خصوصاً ان افراد میں زیادہ ہوسکتا ہے جن کے گردے پہلے ہی کمزور ہوں۔ اس لیے ایسی ادویات استعمال کرنے والے افراد، بالخصوص گردوں کے مریض، ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اس نمک کی طرف منتقل نہ ہوں۔

کیا پوٹاشیم والا نمک استعمال کرنے سے نمک کی مقدار کی فکر ختم ہوجاتی ہے؟

ماہرین واضح کرتے ہیں کہ پوٹاشیم سے افزودہ نمک میں بھی سوڈیم موجود ہوتا ہے، اس لیے اسے استعمال کرتے ہوئے مقدار کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اسے صحت مند متبادل سمجھ کر ضرورت سے زیادہ استعمال کرنا درست نہیں۔

اس کے علاوہ روزمرہ غذا میں سوڈیم کا بڑا حصہ صرف کھانے پر چھڑکے جانے والے نمک سے نہیں آتا بلکہ پیک شدہ غذاؤں، تیار کھانوں، ریستورانوں کے کھانوں اور مختلف چٹنیوں میں بھی اس کی خاصی مقدار موجود ہوسکتی ہے۔

مشیل روتھنسٹائن کے مطابق لوگوں کو اپنی غذا میں دالیں، خربوزہ، ایڈامامے یعنی سبز سویابین اور کیوی جیسے پوٹاشیم سے بھرپور پھل اور غذائیں بھی شامل کرنی چاہئیں، جبکہ پیک شدہ غذاؤں، ریستورانوں کے کھانوں اور چٹنیوں میں سوڈیم کی مقدار کم کرنے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

عالمی سطح پر اس تبدیلی کو اپنانا کتنا آسان ہوگا؟

محققین کا کہنا ہے کہ پوٹاشیم ملے نمک کے استعمال کو دنیا بھر میں عام کرنا صحت عامہ کی پالیسیوں کے لیے ایک اہم قدم ہوسکتا ہے لیکن اس پر عمل درآمد آسان نہیں ہوگا۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ یہ نمک عام بازاروں میں دستیاب ہو، اس کی قیمت عام نمک کے مقابلے میں زیادہ نہ ہو اور غذائی مصنوعات تیار کرنے والی صنعتیں بھی اسے اپنے استعمال میں شامل کریں۔ اس کے ساتھ ڈاکٹروں، صحت کے اداروں اور صارفین میں اس کے فوائد اور ممکنہ خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا بھی اہم ہوگا۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس تبدیلی کے فوائد سب سے زیادہ چین اور بھارت جیسے گنجان آبادی والے ممالک میں متوقع ہیں، جہاں نمک کا استعمال اور دل و گردوں کی بیماریوں کا بوجھ بھی زیادہ ہے۔

تاہم محققین کے مطابق پوٹاشیم ملے نمک کا عالمی سطح پر استعمال شروع ہونے میں کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں۔ اس کے لیے حکومتوں، طبی اداروں اور غذائی صنعت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس تحقیق کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ صحت مند غذا کے لیے صرف نمک کی مقدار کم کرنا ہی نہیں بلکہ اس کی نوعیت اور اس میں موجود اجزا پر توجہ دینا بھی اہم ہوسکتا ہے۔ تاہم پوٹاشیم ملے نمک کو ہر شخص کے لیے یکساں محفوظ یا ضروری سمجھنا درست نہیں خصوصاً گردوں کے مریضوں اور مخصوص ادویات استعمال کرنے والوں کے لیے طبی مشورہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

Share On Social Media

KARACHI

ایم کیو ایم پاکستان نے کارکنان کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی

خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اہم

Read More

یہ کیسا انصاف ہے؟ 170 سیٹیں لینے والا جیل میں اور 80 والا حکومت میں ہے، خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد محمود

Read More

TECHNOLOGY

آن لائن پرائیویسی کی حفاظت: والدین کو بچوں کو ‘انجانے خطرے’ کی طرح محتاط رہنے کی ہدایت

 برطانیہ کے انفارمیشن کمشنر آفس (آئی سی او) نے والدین پر زور دیا ہے کہ

Read More

کیا ایف آئی اے کی جدید اے آئی ٹیکنالوجی مجرموں کو پکڑنے میں مدد دے گی؟

پاکستان کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سب سے زیادہ مطلوبہ مجرموں

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.