خوشگوار ازدواجی زندگی کے دعوے، پھر گھر میں قتل! ربیعہ احسن کی موت کے پیچھے کیا کہانی ہے؟

راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا معاملہ کئی سوالات اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، جن کے جوابات تاحال سامنے آنا باقی ہیں۔

شوہر پر قتل کا الزام، اہل خانہ خاموش، بھائی بات کرنے سے گریزاں، چچا لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ بھی سامنے آگیا۔ یوٹیوب ویڈیو میں واٹس ایپ ہیک ہونے کا انکشاف؛ کیا ان تمام واقعات کی کڑیاں آپس میں ملتی ہیں؟

ایک عورت جس گھر کو اپنا محفوظ ٹھکانہ سمجھتی ہے، اگر اسی گھر میں اس کی زندگی ختم ہو جائے تو یہ محض قتل کا ایک واقعہ نہیں بلکہ ہمارے معاشرے، گھریلو تحفظ اور نظامِ انصاف پر کئی سوالات کھڑے کر دیتا ہے۔

پولیس کے پاس درج ایف آئی آر کے مطابق، اس واقعے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 اور اسلحہ آرڈیننس کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں، ابتدائی رپورٹ میں شوہر پر قتل کا الزام سامنے آیا ہے، تاہم واقعے کے اصل محرکات اور تمام حقائق کا تعین پولیس کی تفتیش اور عدالتی کارروائی کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

اہل خانہ خاموش کیوں؟

وی نیوز نے اس افسوس ناک واقعے کے حوالے سے مقتولہ کے بھائی خرم سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر کچھ نہیں بولنا چاہتے اور معاملے کو دبانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب مقتولہ کے چچا شجاع سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں تھا اور میاں بیوی بظاہر بہت خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔

یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر ازدواجی زندگی واقعی اتنی خوشگوار تھی تو پھر ایسا کیا ہوا کہ معاملہ قتل تک جا پہنچا؟

کیا میاں بیوی کے درمیان کوئی ایسا تنازع موجود تھا جس سے خاندان کے افراد لاعلم تھے؟ کیا ربیعہ احسن نے کبھی کسی کو اپنی پریشانی، خوف یا کسی ممکنہ خطرے کے بارے میں بتایا تھا؟ یا پھر اس کہانی کے کچھ ایسے پہلو ہیں جو ابھی تک سامنے نہیں آئے؟

واٹس ایپ ہیک ہونے کا انکشاف

اس کیس کا ایک اور اہم پہلو ربیعہ احسن کی جانب سے اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو ہے، جس میں انہوں نے اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ہیک ہونے کے حوالے سے بات کی تھی، یہ انکشاف کئی نئے سوالات کو جنم دیتا ہے۔

کیا واقعی ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا؟ اگر ایسا ہوا تھا تو کس نے اور کیوں کیا؟ کیا ان کے ذاتی پیغامات، رابطوں یا معلومات تک کسی غیر متعلقہ شخص کی رسائی ہوئی تھی؟ کیا انہوں نے اس حوالے سے کبھی کسی کو شکایت کی یا کسی متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا تھا؟

سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا واٹس ایپ ہیک ہونے کا معاملہ ان کی موت سے پہلے پیش آنے والے کسی تنازع سے جڑا ہوا تھا یا یہ ایک الگ واقعہ تھا؟

کیا پولیس اس ویڈیو اور واٹس ایپ ہیکنگ کے دعوے کو بھی اپنی تفتیش کا حصہ بنائے گی؟ کیا ڈیجیٹل فرانزک کے ذریعے یہ معلوم ہو سکے گا کہ ان کا اکاؤنٹ کب، کہاں اور کس طرح ہیک ہوا تھا؟

فی الحال ان دونوں واقعات کے درمیان کسی تعلق کا ثبوت سامنے نہیں آیا، تاہم اس پہلو کی تحقیقات ضروری ہیں۔

پولیس کا مؤقف

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ فرانزک شواہد، پوسٹ مارٹم رپورٹ، جائے وقوعہ سے ملنے والے خول، مبینہ آلۂ قتل اور دیگر تفتیشی پہلو اس کیس کی حقیقت سامنے لانے میں کس حد تک مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

مقدمہ واپس لینے کا معاملہ

اس معاملے میں مقدمہ واپس لینے کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ اہل خانہ کی جانب سے کھل کر بات نہ کرنے کا رویہ بھی کئی سوالات پیدا کر رہا ہے۔

کیا خاندان کی خاموشی سے قتل کے محرکات پر پردہ پڑا رہے گا؟ کیا مقدمہ واپس لینے سے تفتیش کے تمام سوالات ختم ہو سکتے ہیں؟

یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ واقعے میں استعمال ہونے والا مبینہ پستول کس کا تھا؟ اسلحہ کہاں سے آیا؟ کیا جائے وقوعہ سے تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں؟ اور کیا ڈیجیٹل فرانزک سمیت جدید تفتیشی طریقوں سے اس کیس کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کیا جا سکے گا؟

ربیعہ احسن کی موت صرف ایک ایف آئی آر یا ایک خاندان کا معاملہ نہیں بلکہ ایک انسانی جان کے ضیاع اور انصاف کا سوال ہے۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن اقصیٰ کنول نے ربیعہ احسن کیس کو ایک منظم طریقہ کار کے تحت کیا گیا قتل قرار دیتے ہوئے نظامِ انصاف پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب باپ، بھائی یا شوہر کے ہاتھوں خواتین کے قتل کے بعد ورثا معاف کرکے مقدمات ختم کروا دیتے ہیں تو انصاف کا نظام ناکام ہو جاتا ہے۔

’آخر کب تک خواتین کے قتل خاندانی صلح کی نذر ہوتے رہیں گے، کیا ریاست صرف ورثا کی معافی کا انتظار کرے گی، کیا واٹس ایپ ہیکنگ اور قتل سے پہلے کے حالات کی تحقیقات ہوں گی؟‘

اقصیٰ کنول نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت خود مدعی بنے، اس کیس کی آزادانہ تحقیقات کرائے اور ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائے۔

ایک عورت اپنے گھر میں بھی محفوظ نہ ہو تو پھر اس کے تحفظ کی ضمانت کون دے گا؟

اگر ازدواجی زندگی خوشگوار تھی تو قتل کیوں ہوا؟ اگر خاندان کو کسی تنازع کا علم نہیں تھا تو پھر اس المناک واقعے کے پیچھے محرکات کیا تھے؟ واٹس ایپ ہیک ہونے کا دعویٰ کس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے؟ اور کیا ان تمام سوالات کے جوابات ایک ہی کہانی کے مختلف حصے ہیں؟

وی نیوز نے مقتولہ کے بھائی خرم، چچا شجاع اور پولیس سے گفتگو کرکے ان کے مؤقف جاننے کی کوشش کی، لیکن تاحال کئی بنیادی سوالات جواب طلب ہیں۔

اب اصل ذمہ داری پولیس کی ہے کہ وہ صرف جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد تک محدود نہ رہے بلکہ مقتولہ کی ڈیجیٹل سرگرمیوں، یوٹیوب ویڈیو میں کیے گئے انکشاف، واٹس ایپ ہیکنگ کے دعوے اور واقعے سے قبل پیش آنیوالے حالات کا بھی جائزہ لے۔

ربیعہ احسن کو انصاف ملے گا؟ کیا اس قتل کے اصل محرکات سامنے آسکیں گے؟ کیا اس کیس کی تمام کڑیاں جوڑی جا سکیں گی؟ یا پھر ان کی المناک موت کے ساتھ ان کی زندگی سے جڑے کئی اہم سوالات بھی ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائیں گے؟

Share On Social Media

KARACHI

عوام کے لیے اچھی خبر: حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی کردی

حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز پر لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی

Read More

TECHNOLOGY

ایپل کے نئے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس آخری مرحلے میں داخل

ایپل نے اپنے آئندہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے ریلیز کینڈیڈیٹ ورژن جاری کر دیے

Read More

اینٹی بائیوٹکس کو طاقت دینے والا نیا فارمولا دریافت

دنیا بھر میں بیماریاں پھیلانے والے جراثیم روز بروز زیادہ طاقتور ہو رہے ہیں اور

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.