امریکا کے ایران پر دوبارہ فضائی حملے، 3 افراد جاں بحق، بحری ناکہ بندی سخت

ایران کے جزیرے قشم میں ایک رہائشی عمارت پر ہونے والے امریکی حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں ملبے سے ایک اور بچے کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ حملے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق قشم جزیرے میں امریکی حملے کا نشانہ بننے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے تیسرے بچے کو بھی زندہ نکال لیا گیا ہے۔

امدادی ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں اور باقی دو افراد کی تلاش جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد رہائش پذیر تھے۔ امدادی اہلکار مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد تک جلد از جلد پہنچا جا سکے۔

فارس نیوز کے مطابق زخمی ہونے والے دو دیگر بچے، جن کی عمریں 7 اور 9 سال ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے ہرمزگان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک میاں بیوی اور ان کا دو سالہ بچہ شامل ہے۔

امریکا نے ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے فضائی حملوں کے ساتھ بحری ناکہ بندی بھی سخت کر دی ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مزید بڑے حملوں کی دھمکی دے دی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکی افواج پر حملوں کے جواب میں ایران کے اندر موجود اہداف کے خلاف کارروائی امریکی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع کی گئی۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا نے بتایا تھا کہ ایران کے جنوبی علاقوں اور قشم جزیرے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر احمد نفیسی کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ قشم جزیرے کے چاہ تنگو محلے میں ایک رہائشی مکان امریکی حملے کی زد میں آیا، جہاں ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم اور پریس ٹی وی نے بھی رہائشی علاقے پر حملے کی اطلاع دی، جبکہ تسنیم کے مطابق قشم شہر میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ادھر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کے خلاف آئندہ حکمتِ عملی پر امریکی فوجی قیادت میں اختلافات موجود ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر دو ہفتوں تک شدید بمباری کے حامی ہیں، جبکہ جنرل کین اور وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ فضائی دفاعی وسائل اور ایئر ڈیفنس اسٹاک محفوظ رکھنے کے حق میں ہیں۔

اُدھر امریکا نے ایران کی بحری ناکہ بندی بھی مزید سخت کر دی ہے۔ امریکی فوج کے مطابق اب تک 20 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا جا چکا ہے۔ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ اس ماہ بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ ہونے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو جہاز واپس بھیجے گئے اور دو تجارتی جہازوں کی تلاشی بھی لی گئی۔

امریکی حملوں سے قبل برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ایمبرے نے دعویٰ کیا تھا کہ مصر کی بحیرہ روم کی بندرگاہ دمیاط میں امریکی ملکیت کے گیس ذخیرہ کرنے والے ایک ٹینکر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم مصر کی وزارتِ پیٹرولیم نے صرف بندرگاہ پر آگ لگنے کی تصدیق کی اور ڈرون حملے کا کوئی ذکر نہیں کیا، جبکہ واقعے کی ذمہ داری بھی فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔

اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا، ”ہم ان پر بھرپور حملہ کریں گے، انہیں بری طرح مار پڑے گی۔“ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے تمام میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے اور کارروائی عراقی حکومت سے اہم آہنگی کے تحت کی گئی۔ انہوں نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کو دنیا کے لیے ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ ان گروہوں کے خلاف مزید اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے۔

دوسری جانب ایران نے تصدیق کی ہے کہ اس نے اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور آبنائے ہرمز میں جہازوں کو نشانہ بنایا، جبکہ عمان کی جانب سے آبنائے ہرمز کا مشترکہ انتظام سنبھالنے کی تجویز بھی مسترد کر دی۔ آبنائے ہرمز دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔

امریکا کی تازہ فضائی کارروائیوں، بحری ناکہ بندی میں سختی، ایران کے جوابی اقدامات اور صدر ٹرمپ کے بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ دونوں ممالک کی آئندہ حکمتِ عملی پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔

Share On Social Media

KARACHI

کارگو طیارے کا ملبہ مل گیا، عملے کی تلاش، تحقیقات تیز، کے ٹو ایئر ویز کا آفس سیل

نجی کارگو ایئرلائن کے ٹو ایئرویز کے شارجہ سے کراچی آنے والے کارگو طیارے کے

Read More

واٹس ایپ کے ذریعے تاجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب، انکار پر دھمکیاں

کراچی:  شہر قائد میں بھتہ خوری کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سولجر

Read More

TECHNOLOGY

واٹس ایپ پر آن لائن صارفین کی شناخت آسان، ’گرین ڈاٹ‘ فیچر کی آزمائش شروع

میٹا کی زیرِ ملکیت مقبول پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے آن

Read More

راستوں کی تلاش کے بعد گوگل میپس میں کھانا منگوانے کا فیچر متعارف کرائے جانے کی تیاریاں

گوگل میپس، جو اب تک دنیا بھر میں راستوں کی رہنمائی اور منزل تک رسائی

Read More

TRENDING VIDEOS

LATEST

ENTERTAINMENT

ENTERTAINMENT

roznama jazba

Roznama Jazba is a news updated with multiple news

& informative blogs holding valueablle material for all class of society.