وزیراعظم شہباز شریف کا 2 روزہ سرکاری دورہ ترکیہ، استنبول میں پرتپاک استقبال

وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو ترکیہ کے شہر استنبول پہنچے جہاں ترک وزیر دفاع یشار گلر، گورنر استنبول اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور معان خصوصی طارق فاطمی بھی استنبول پہنچے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات شیڈول ہے۔

اس دورے کا بنیادی مقصد ترک عوام اور بالخصوص صدر ایردوان کا شکریہ ادا کرنا ہے جنہوں نے حالیہ پاک، بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے اصولی موقف کی بھرپور حمایت کی۔

ملاقات میں دونوں رہنما دفاع، معیشت، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ دورہ پاک،ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں