آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ: معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے

معرکہ حق آپریشن “ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ“ میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور بھارت کے خلاف عظیم فتح کے اعتراف میں ملک بھر میں آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، اس کے دوران فضا ”اللہ اکبر“ اور ”پاکستان زندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھی۔

لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، صوبائی دارلحکومت پشاور کے کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں بھی 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومت گلگت میں پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

ملک بھر میں دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد افواج پاکستان کی کامیابی و کامرانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے قرآن خوانی کی گئی، مساجد میں علما، عوام اور پاک فوج کے جوانوں نے اس عہد کو دہرایا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہرگزکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کی جائیں گی۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، تقریب میں تمام مکاتب فِکرسے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

شہریوں نے بھی ملک کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ یوم تشکر کی تقریبات کا مقصد قوم کو دشمن کے خلاف حوصلہ، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ نہ صرف ایک بڑی عسکری کامیابی ہے بلکہ اس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا ہے۔

ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں آج یوم تشکر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد جائے گا جبکہ مساجد میں شکرانے کے نوافل اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں