جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے حکمران مفادات کے غلام بن چکے ہیں، امت مسلمہ کو حکمرانوں کی پروا کیے بغیر اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔
کراچی میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو کر سامنے آنا پڑے گا، امت مسلمہ کو سیلاب کی طرح امڈ کر آنا ہوگا، اور یہ سیلاب اسرائیل کو بہا کر لے جائےگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ جبری طور پر کسی بھی ملک میں کسی اور کو آباد نہیں کیا جا سکتا، یہ بیانیہ یورپ کی جانب سے بنایا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے اپنی زمینیں خود بیچی ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ آج کے اجتماع سے یہ پیغام گیا ہے کہ مظلوم فلسطینی تنہا نہیں، ہم خون کے آخری قطرے تک فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسرائیل کی کوئی قانونی، سیاسی اور اخلاقی حیثیت نہیں، اسرائیل کی جانب سے مقدس سرزمین پر قبضہ کیا گیا ہے۔
انہں نے کہاکہ اسرائیل ملک نہیں ایک خنجر ہے جو عرب ملک کی کمر میں گھونپا گیا، کراچی کے عوام حکمرانوں کو بیدار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ 77 سال سے عالمی طاقتیں اسرائیل کی تائید کررہی ہیں، جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، فلسطین میں بچوں اور خواتین کی شہادت بھی حکمرانوں کو نہیں جگا سکی، لیکن جے یو آئی کے کارکنان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔