عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی، آئندہ تاریخ کا اعلان کردیا گیا

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا جس کے بارے میں پہلے سے نوٹیفائی ہوچکا ہے۔

اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8 ستمبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماع منعقد کرسکتی ہے۔

قبل ازیں، جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون کو سیل جبکہ اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج (22 اگست) تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریڈ زون سیل۔۔ اسلام آباد کے سرکاری و نجی سکولوں میں آج 22 اگست کو تعطیل کا اعلان
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں