اسلام آباد میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے شدید تباہی، سیکڑوں گاڑیاں برباد، عمارتوں کو نقصان

وفاقی دارالحکومت میں بدھ کی سہ پہر اچانک موسم نے کروٹ لی، جہاں صبح سے گرمی کا راج تھا، وہیں شام ہوتے ہی آسمان پر کالے بادل چھا گئے اور شدید بارش کے ساتھ طوفانی ژالہ باری نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔

ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے بڑے بڑے اولے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔

مختلف علاقوں میں گیندوں کی طرح اولے برسے، جن کی شدت سے گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہو گئے اور باڈی پر گہرے ڈینٹ پڑ گئے۔ گھروں اور عمارتوں کی کھڑکیاں بھی شیشوں کی بارش سے محفوظ نہ رہ سکیں۔

سوشل میڈیا پر شہریوں نے اپنی گاڑیوں، گھروں اور دفاتر کو پہنچنے والے نقصانات کی تصاویر شیئر کیں، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ژالہ باری نے کتنا وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ کئی لوگوں نے تباہ حال سولر پینلز اور ٹوٹے شیشوں کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

شہر کی سڑکیں طوفانی ہواؤں کے باعث اکھڑے درختوں، ٹوٹی شاخوں اور بارش کے پانی سے بھر گئیں۔ کچھ علاقوں میں کچے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں اور شہریوں کو دسمبر جیسی ٹھنڈک کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ اپریل کا مہینہ چل رہا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بھی مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ تیز بارش کے باعث نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنی گاڑیوں و دیگر قیمتی اشیاء کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں