ابوظہبی کے ولی عہد پرنس خالد بن محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہ پاکستان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچادیا۔
ولی عہد پرنس خالد بن محمد بن زاید النہیان کا ایک روزہ سرکاری دورہ کئی اہم سنگ میل عبور کرنے کا باعث بنا جس میں دوطرفہ تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شامل تھیں۔
دورے کی مصروفیات
ولی عہد کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا گیا اور خراب موسم کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر معزز مہمان کا چھتریوں کے سائے میں خیر مقدم کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو نے ایوان صدر میں ان کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم سے ملاقات
وزیراعظم ہاؤس میں پرنس خالد بن محمد کی شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔
اس ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
فریقین نے دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس موقع پر بینکنگ، انفراسٹرکچر، ریلوے، اور کان کنی کے شعبوں میں 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
معزز مہمان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
صدر مملکت سے ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ولی عہد شہزادہ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کاروبار، انفراسٹرکچر، ثقافت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تین نسلوں پر محیط گہرے عوامی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں۔
انہوں نے اس تاریخی رشتے کی میراث کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آصف زرداری نے متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی کی تعریف کی اور پاکستان کے لیے اس کی غیر متزلزل حمایت اور مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
ولی عہد خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مفاہمت کی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور پائیدار تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے اس دورے کو دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کھولنے کا ذریعہ قرار دیا۔
اعزازات
ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرنس خالد بن محمد کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز “نشان پاکستان” سے نوازا جو دونوں برادر ممالک کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہوئیں۔
دورے کا اختتام
رخصتی سے قبل ولی عہد نے پاکستانی قیادت کے ساتھ گرمجوشی اور خلوص کا تبادلہ کیا جو پاکستان اور یو اے ای کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے