پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائیگا، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دورہ آذربائیجان کے دوران دارالحکومت باکو میں میزبان صدر کے ساتھ پاکستان، آذربائیجان بزنس فورم میں شرکت کی جس کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے نارتھ ساؤتھ کوریڈور کو خطے کیلئے مستقبل کا گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی سرگرمیوں سے معیشت میں استحکام آئے گا، پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، نارتھ ساؤتھ راہداری کاروباری سرگرمیوں اور روابط میں معاون ثابت ہوگی جبکہ راہداری مستقبل میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوگیا ہے، دونوں ممالک کی تاجر برادری پُرکشش مواقع اور سہولیات سے بھرپور استفادہ کرے۔

کاراباخ کے شہدا کو خراج عقیدت

شہباز شریف نے نکور نوکارا باخ کی 44 روزہ جنگ کے ہیروز اور شہدا کی یادگار فتح کا دورہ بھی کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا جبکہ پھول بھی چڑھائے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سمیت وفد کے دیگر ارکان بھی ساتھ تھے۔

صدارتی محل

اس سے پہلے باکو میں صدارتی محل پہنچنے پر صدر الہام علیوف نے وزیر اعظم پاکستان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف اور صدرالہام علیوف کے درمیان پہلے ون آن ون اور پھر وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی۔

دونوں ممالک کے درمیان ایل این جی کی خریدو فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیم پر اتفاق کرلیا گیا اور وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے سمیت 3 مفاہمتی یادداشتتوں پر دستخط بھی کیے گئے جبکہ آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور لاہور کو جڑواں شہر بھی قرار دیدیا گیا۔

دونوں ملکوں کے قائدین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے قریبی تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عہد بھی کیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں