دنیا بھر میں 50 فیصد سے زائد بالغ افراد صبح کے وقت الارم کی گھنٹی بجنے پر اسے اسنوز کردیتے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں اپنے پہلے الارم سے جاگنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
یہ عادت کچھ لوگوں کی فطرت کا حصہ ہوتی ہے جو ”رات کے پرندے“ ہوتے ہیں، یا پھر ان کی نیند میں کسی نہ کسی وجہ سے خلل پڑتا ہے۔ تاہم، اگر آپ بھی ان مسائل کا سامنا کرتے ہیں تو آپ رات کے وقت چند سادہ عادات اپنا کر جلد جاگنے والے بن سکتے ہیں اور اپنے دن کا آغاز زیادہ توانائی سے کر سکتے ہیں۔
سونے سے پہلے اسکرین سے دور رہیں
ہم سب کی عادت ہوتی ہے کہ ہم سونے سے پہلے اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس یا لیپ ٹاپ پر سوشل میڈیا دیکھتے ہیں۔ یہ نیلی روشنی دماغ کو جاگنے پر مجبور کرتی ہے، جس سے نیند میں خلل آتا ہے۔ نیند میں مداخلت سے بچنے کے لیے، سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے اسکرین سے دور رہیں اور نیلی روشنی سے بچیں۔
الارم کو 6-8 قدم دور رکھیں
اگر آپ سوتے ہوئے اپنے الارم کو بند کر دیتے ہیں اور پھر جاگنے پر پچھتاتے ہیں تو یہ ایک اہم مشورہ ہے۔ اپنے الارم کو بستر سے چند فٹ دور رکھیں تاکہ آپ اسے بند کرنے کے لیے اٹھیں اور بستر سے باہر قدم رکھیں۔ اس طرح آپ کا دماغ بیدار ہو گا اور واپس سو نہیں پائیں گے۔
نیند کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کتاب پڑھیں
سونے سے پہلے کتاب پڑھنا آپ کی نیند کے معیار میں بہتری لا سکتا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) کی ایک تحقیق کے مطابق، سونے سے پہلے بستر پر کتاب پڑھنے سے نیند کی بہتر کیفیت حاصل ہوتی ہے۔ اسمارٹ فونز کے بجائے، پرانی کتاب یا میگزین کا انتخاب کریں تاکہ آپ کی نیند میں اضافہ ہو۔
آرام پہنچانے والے مشروبات کا استعمال کریں
کچھ آرام دہ مشروبات جیسے کیمومائل چائے، گلاب کی چائے، جیرا اور اجوائن کا پانی، یا کشمیری قہوہ آپ کے دماغ کو سکون فراہم کرتے ہیں اور نیند کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ مشروبات سونے سے پہلے پینے سے آپ کا دماغ سست ہو گا اور نیند میں مدد ملے گی۔
الکحل اور کیفین کا استعمال کم کریں
سونے سے چھ گھنٹے پہلے کیفین کا استعمال نیند میں خلل ڈال سکتا ہے، اور الکحل بھی نیند میں مداخلت کرتا ہے۔ لہذا، یہ بہتر ہے کہ آپ سونے سے پہلے ان دونوں کا استعمال کم کریں یا مکمل طور پر بچیں، تاکہ آپ کی نیند میں خلل نہ آئے۔
سونے کا ماحول بہتر بنائیں
آپ کے سونے کا کمرہ سکون دہ اور ٹھنڈا ہونا چاہیے۔ کمرے میں زیادہ روشنی یا شور نہ ہو، اور بستر آرام دہ ہو۔ آپ کی نیند کے معیار پر یہ عوامل بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ ان آسان عادات کو اپنائیں گے تو نہ صرف آپ کی نیند کا معیار بہتر ہوگا بلکہ آپ صبح جلد اٹھ کر ایک توانائی سے بھرپور دن کا آغاز کر سکیں گے۔