ملک کے مختلف شہروں میں مختلف ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوگئے۔
ٹیکسلا کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں تیز رفتاری کے باعث ریت سے بھرا ڈمپر موٹرسائیکل پر الٹ گیا، جس سے 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
افسوسناک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ ڈمپر کے نیچے سے دونوں افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جن کی شناخت 41 سالہ تنویر اور 44 سالہ سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔
دونوں کنٹونمنٹ بورڈ واہ کینٹ کے ملازم تھے جو ڈیوٹی کرنے کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔
عارف والا میں بہاولنگر روڈ پر شدید دھند کے باعث بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
سرگودھا میں دریائے جہلم پل پر مرغیوں سے لدی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور ریحان جاں بحق اور ساتھی عدیل احمد شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے زخمی کو طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے ٹرک کو پل سے ہٹا کر ٹریفک بحال کردی۔
خیرپور میں ٹھیڑھی کے قریب مسافر وین الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 18 مسافر زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر وین سکھر سے ٹھری میرواہ جارہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔
گھوٹکی میں بھی افسوسناک حادثے پیش آیا جہاں خان پور مہر میں گریڈ اسٹیشن روڈ پر تیز رفتاری کے باعث رکشہ الٹ گیا، حادثے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب مردان میں ساڑوشاہ روڈ پر کار کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ لاش اور زخمیوں کو تخت بھائی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پشین میں بٹے زئی کے قریب گاڑی کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ لاش اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔