کرم صورتحال پر جرگے میں آج معاہدے کا امکان، کراچی میں دھرنوں سے سڑکیں بند

ایک طرف ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت متعدد راستے 82 ویں روز بھی آمد و رفت کیلئے بند ہیں تو دوسری جانب کرم کی صورتحال پر فریقین کے درمیان جرگے میں آج معاہدے کا امکان ہے۔ ڈیڈ لاک ختم ہوچکا ہے اور مشران نے دستخط کر لیے ہیں، ایک فریق کے چند افراد آج دستخط کریں گے، کمشنر کوہاٹ آفس میں آج جرگہ اختتام پذیر ہوگا۔

جمعہ کو کوہاٹ میں منعقدہ جرگہ کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا تھا۔ ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق جرگے میں آج مزید افراد شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار ثالث کا ہے، ٹاسک فورس بھی بنائی ہے، ایک فریق نے وقت مانگا تھا وہ دوبارہ واپس آگیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ جرگے کا بنیادی مقصد اسلحہ اور بھاری ہتھیار واپس کرنا تھا، معاہدے کے بعد سڑک کھول دی جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت متعدد راستے 82 ویں روز بھی آمد و رفت کیلئے بند ہیں، جس سے پاراچنار شہر سمیت اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اشیائے ضروریہ نہ ملنے کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، شہری فاقوں پر مجبور ہیں، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کاروباری مراکز پچھلے تین ہفتوں سے بند ہیں۔

مردہ خانہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اموات کے باعث پاراچنار میں کفن ختم ہوگئے ہیں۔

بارڈر سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان خرلاچی بارڈر بھی ہر قسم تجارت و آمد و رفت کیلئے بند ہے۔

راستوں کی بندش کے خلاف خلاف کرم پریس کلب کے باہر دھرنا آج نویں روز بھی جاری ہے، دھرنے میں ہزاروں افرادشریک ہیں، جن میں بوڑھے، بچے اور جوان شامل ہیں۔

ضلع کے چار مزید مقامات پر دھرنا جاری ہے جو پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاراچنار نہیں جا سکتے۔

شرکا کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ ماننے تک دھرنا جاری رہے گا۔

کراچی میں دھرنے
دوسری جانب کراچی کے مخلتلف علاقوں میں کرم اور پارا چنار کی صورتحال پر دھرنے جاری ہیں۔

دھرنوں کی وجہ سے شارع فیصل سے ائیرپورٹ جانے والی شاہراہ دونوں اطراف سے بند ہے، جس سے مسافر پریشان ہیں، نمائش سے گرومندر آنے والی سڑک بھی احتجاجی کمیپ کی وجہ سے بند ہے، جبکہ گولیمار پر دھرنے کے باعث لسبیلہ سے گولیمار کی جانب جانے والا روڈ بند کیا گیا ہے۔

ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے، ایم اے جناح روڈ ، نوائے وقت چورنگی، نمائش چورنگی اور شاہراہ قائدین سے ایم اے جناح روڈ جانے والی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگئی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں