بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے قریب زوردار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال کوئی علم نہیں ہے۔
سول اسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر نور اللہ کے مطابق دھماکے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور طبی امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ طلب کرلیا گیا۔
ریلوے حکام اور پولیس کے مطابق پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس نے 9 بجے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب دھماکا ہوا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکے ہیں، واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے
شاہد رند کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور نقصانات کا تعین کیا جارہا ہے۔