پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر میانوالی میں 7 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے میانوالی میں 7 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگئی، پابندی کا اطلاق منگل یکم اکتوبر سے سوموار 7 اکتوبر تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا گیا، میانوالی میں رینجرز کی 2 کمپنیاں یکم سے 3 اکتوبر تک تعینات ہوں گی، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی، پابندی کا اطلاق میانوالی میں دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا، سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے۔