پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، امام مسجد نبوی ؐکے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے ،امام مسجد نبوی ؐکے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے ۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے ملاقات کی اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
وزیر اعظم نے امام مسجد نبوی ؐسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے ، آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ ملاقات کے دوران امام مسجد نبویؐ،نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت اور درازی عمر کی بھی دعا کی۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے انتہا عزت و احترام ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے، ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب پر گامزن ہیں۔
امام مسجد نبوی نے پاکستان میں پر تپاک میزبانی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ امام مسجد نبوی ؐنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے ستارے ہیں جو کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے ۔ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین،علمائے کرام ، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعیداور دیگر سعودی حکام موجود تھے۔ملاقات کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امام مسجد نبوی ؐاور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں