بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ تباہ ہونے پر پاکستانی شخصیات نے بھی اس پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے احمد آبادکے قریب ایئر انڈیا کے مسافر بردار طیارے کے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے اس حادثہ میں جانی نقصان پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دلخراش واقعہ کے تمام متاثرین کے لیے اس صدمے کو برداشت کرنے کرنے کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد آباد طیارہ حادثے کا سن کر افسوس ہوا، ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے بھی احمد آباد طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ انسانیت کا مشترکہ دکھ ہے، طیارہ حادثے کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، سابق وزیر خارجہ اور پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک حادثے کی خبر سن کر دل بہت رنجیدہ ہوا۔ ایئر انڈیا کی ایک پرواز، جس میں تقریباً 240 مسافر سوار تھے، احمد آباد، بھارت کے قریب پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ میں بھارت کے عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
خاتونِ اول اور قومی اسمبلی کی رکن آصفہ بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر کہا کہ بھارت میں طیارے کے ایک المناک حادثے کی خبر نے دل دہلا دیا ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ہماری دعائیں اور دلی ہمدردیاں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
فخر عالم نے لکھا کہ احمد آباد میں المناک طیارہ حادثے کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوا۔ اس سانحے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے بہت دعائیں ہیں۔
صحافی حامد میر نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے، نہ صرف بھارت کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی سفر اب بہت غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے۔ میری دعائیں ان تمام مسافروں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں جو جہاز میں سوار تھے۔