بھارتی ہٹ دھرمی برقرار، جے شنکر کا سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر اصرار

بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے حوالے سے کہا ہے کہ جب تک پاکستان سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کا کوئی حل تلاش نہیں کر لیتا تب تک یہ معاہدہ معطل رہے گا۔

نئی دہلی میں ہونڈوراس کے سفارتخانے کے افتتاحی پروگرام میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ بھارت کو آپریشن سندھ کے دوران بہت زیادہ بین الاقوامی حمایت حاصل ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں حقیقت میں بہت زیادہ بین الاقوامی حمایت ملی، ہمارے پاس UNSC کی قرارداد تھی کہ مجرموں کا احتساب ہونا چاہیے، اور 7 مئی کو آپریشن سندھ کے ذریعے ان کا احتساب کیا گیا۔

جے شنکر نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان سے متعلق معاملات میں تیسرے فریق کی مداخلت کے حوالے سے بھارت کی پالیسی برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اور معاملات دوطرفہ ہوں گے۔ یہ برسوں سے قومی اتفاق رائے ہے، اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سے ہزیمت آمیز شکست کے بعد بی جے پی کی حکومت اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کی زد میں ہے، خاص طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 10 مئی کو متحارب فریقین کے مابین جنگ بندی کے اعلان نے بی جے پی حکومت کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں