یومِ تشکر، پنجاب پولیس کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، ملکی سلامتی کے عزم کا اعادہ

آپریشن ” بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” میں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے شکست دینے اور تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر ملک بھر میں یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر پنجاب پولیس نے بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہدائے بنیان مرصوص کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے ان شاہینوں کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا کر عظیم فتح ممکن بنائی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس یومِ تشکر کے موقع پر ملک کے اندرونی امن و امان، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سرحدوں کے دفاع میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، جو اپنی سرحدوں، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، افواجِ پاکستان کی یہ شاندار فتح امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، حوصلے اور قیادت کا پیغام ہے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت جاری کی کہ یومِ تشکر کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں منعقدہ تقریبات، ریلیوں اور دیگر عوامی سرگرمیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ شہری بھرپور انداز میں قومی کامیابی کا جشن منا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں