یورپی یونین کی نمائندہ برائے امور خارجہ کاجاکالاس نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطے میں بھارتی جارحیت سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔
دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نمائندہ کاجاکالاس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے مشکل گھڑی میں پاکستان کی حمایت اور یک جہتی پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا اور نائب وزیراعظم نے بھارت کی جنگی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حملوں سے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی اور علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہوا، بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے بھارتی دعووں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ پہلگام حملے سے پاکستان کو جوڑنے کا کوئی قابل اعتبار ثبوت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کاجا کالاس نے شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور بھارتی جارحیت سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔
نمائندہ یورپی یونین نے کہا کہ دونوں فریق کو مکمل تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بات چیت اور سفارت کاری کو آگے بڑھانا چاہیے۔