وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دشمن نے اندھیرے میں ماضی کی طرح چھپ کر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ بہادر افواج نے تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہے۔ اور بہادر افواج نے ہندوستان کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ اور تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ اور گزشتہ شب بھارتی حملے میں کئی پاکستانی شہید ہوئے۔ پہلگام واقعے کے الزامات ہمیشہ کی طرح جھوٹ ثابت ہوئے۔ بھارت نے دنیا کو بتانا چاہا کہ پہلگام واقعے میں پاکستان ملوث ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی دُعاؤں سے پاک فوج نے بھارت کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ بلوچستان میں ٹرین حملے میں ملوث افراد کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ جبکہ بلوچستان ٹرین واقعے پر بھارت نے مذمت تک نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کاکول میں واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان 24 گھنٹے تیار تھی کہ کب بھارتی جہازوں کو سمندر میں پھینکے۔ بھارت کو رافیل طیاروں پر بڑا ناز ہے۔ جبکہ چند دن پہلے رافیل اڑے تو جہازوں کو لاک کر دیا گیا۔ وہ جہاز واپس پلٹے اور سری نگر میں لینڈ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 80 جہاز حملے میں ملوث تھے۔ ہم 10 طیارے گرا لیتے مگر ہم نے تحمل سے کام لیا۔ ہمارے دشمن کو کل رات نیند نہیں آئی ہو گی۔
شہباز شریف نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ آج سب ایک ہوجائیں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔ میں اپوزیشن کے چیمبر میں جانے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے اچھا موقع اور کوئی نہیں ملے گا۔ اور یہ وقت یکجہتی کا ہے ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا نہیں۔