بھارت کی جانب سے حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال نے خطے کی معیشتوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہونے لگا ہے ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن کا آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا۔ 100 انڈیکس میں 6500 پوائنٹس سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس 1,07,000 پوائنٹس کی سطح تک نیچے آ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت اور ممکنہ جنگی صورتحال کے باعث مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی کی فضا قائم ہو چکی ہے۔ سرمایہ کار بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کر رہے ہیں، اور محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے مارکیٹ سے نکلنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی معیشت بھی دباؤ کا شکار ہو چکی ہے۔ بدھ کی صبح بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں نمایاں گراوٹ کا شکار ہوا، جس نے مقامی مالیاتی منڈیوں میں بھی غیر یقینی فضا پیدا کر دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو بھارتی معیشت کو بھی شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔
ادھر بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستان کے اندر بعض اہداف کو نشانہ بنایا ہے، تاہم پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کیا اور لائن آف کنٹرول پر کئی بھارتی چیک پوسٹس کو بھی نیست و نابود کر دیا۔